کمشنر کراچی کا الخدمت راشن سینٹر کا دورہ،خراج تحسین پیش کیا

کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے انجمن کمپلیکس نارتھ ناظم آباد میں قائم الخدمت راشن سینٹر کا دورہ کیااور راشن سینٹر میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان،الخدمت کے قاضی صدر الدین اور رضا کاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ منعم ظفر خان نے کمشنر کراچی کو الخدمت کی امدادی سرگرمیوں،جراثیم کش اسپرے مہم،طبی عملے کو حفاظتی لباس کی فراہمی،سستی روٹی پروجیکٹ،غریبوں میں پکے پکائے کھانے سمیت راشن کی تقسیم کے حوالے سے بریفنگ دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ الخدمت عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے لاک ڈائون کے دوران متاثرہ افراد،غریبوں اور ضرو رت مندوں کی داد رسی پر الخدمت کی کوششوں اور امدادی سرگرمیوں پر الخدمت کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ الخدمت کے ذمہ داران کا مشکور ہوں کہ انہوں نےہمیشہ کی طرح اس کڑے وقت میں بھی اپنی گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔