علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں پروجیکٹ ایگزی بیشن2024 کا انعقاد

155

علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (AIT)، کراچی میں قائم فنی و تکنیکی تعلیم کا ایک نمایاں ادارہ ہے۔ اس ادارے کو 1989ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طالب علموں کی تنظیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کراچی نے قائم کیا۔ اس ادارے کا سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی اور سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کراچی سے الحاق ہے۔

علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کمیونٹی اور صنعت کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ادارے کی کوشش ہے کہ طلبہ کو عملی زندگی کے تجربات سے روشناس کروایا جائے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے مختلف ورکشاپس، سیمینارز اور انٹرن شپ پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں مختلف شعبوں میں جدید فنی و تکنیکی تعلیم دی جاتی ہے۔ یہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹرونکس، الیکٹریکل اور بائیو میڈیکل کے شعبوں میں تین سالہ ڈپلوما آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ کے پروگرام پیش کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر سائنس اور بائیو انفارمیٹکس کے شعبوں میں بی ایس اور مختلف شعبوں میں ایم ایس کی ڈگریاں بھی دی جاتی ہیں۔

AIT میں ہر سال پروجیکٹ ایگزی بیشن کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں طلبہ و طالبات اپنی تکنیکی مہارتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہ ایگزی بیشن ان کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جہاں وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں اور صنعتی ماہرین سے رہنمائی حاصل کرسکیں۔ اسی پس منظر میں بدھ 12 جون 2024ء کو علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں ’’پروجیکٹ ایگزی بیشن (DAE) 2024 ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی چیئرمین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن قاضی عارف، ایم ڈی واٹر بورڈ سید صلاح الدین، ایم ڈی STEVTA منور علی مٹھانی، کنوینر FPCCI ماہین سلمان، شان ہارون، یوسف بلوچ STEVTA، پریزیڈنٹ سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن شاہین الیاس سروانہ، ممبر گورننگ باڈی AIT فرخ احمد نظامی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

نمائش میں ڈپلوما آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ پروگرام کے 9 مختلف شعبہ جات کے 950 طلبہ و طالبات نے اپنی جدید تکنیکی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے 250 پراجیکٹس پیش کیے۔ افتتاحی تقریب کا آغاز چیئرمین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر قاضی عارف علی نے کیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ کے پروجیکٹس کو منفرد اور متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے آئی ٹی کے طلبہ کے خیالات جدید تکنیکی صلاحیتوں سے لیس ہیں جو ان کے پراجیکٹس میں نمایاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اس طرح کی نمائشیں منعقد کرنا بے حد ضروری ہے۔

اس نمائش میں مختلف صنعتی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور طلبہ کی مہارت اور کارکردگی کی تعریف کی۔ اس موقع پر پرنسپل شاہد جمیل نے کہا کہ اے آئی ٹی پچھلے 18 سال سے یہ ایگزی بیشن منعقد کررہا ہے اور آج کی یہ تقریب نہایت کامیاب رہی۔ انہوں نے اس کامیاب ایگزی بیشن کے انعقاد پر AIT کی موجودہ انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی۔

ایم ڈی STEVTA منور علی مٹھانی نے نمائش میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے کئی پروجیکٹس صنعتی لحاظ سے اہم ہیں اور ان کو تجارتی بنیادوں پر تیار کیا جا سکتا ہے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ سید صلاح الدین نے طلبہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جامعات اور صنعتی شعبوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہونے چاہئیں۔

منصوبوں کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے منصفین کی تقرری کی گئی۔ پوزیشن حاصل کرنے والے 78 طلبہ اور 26 بہترین پروجیکٹ ایڈوائزرز میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس نمائش میں 40 سے زائد کمپنیاں موجود تھیں جو طلبہ کی کارکردگی کا جائزہ لے رہی تھیں۔

یہ نمائش طلبہ کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوئی جہاں انہوں نے اپنی تکنیکی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور صنعتی شعبے کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کی۔ اس طرح کے ایونٹس نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ انہیں عملی زندگی کے تجربات سے بھی روشناس کرواتے ہیں۔

علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے فنی و تکنیکی تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ادارے کی کوشش ہے کہ طلبہ کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جائے۔ اے آئی ٹی کی خدمات اور کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ ادارہ فنی و تکنیکی تعلیم کے میدان میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔

حصہ