الخدمت کا کراچی میں پینے کے صاف پانی کا عظیم الشان منصوبہ

306

صاف پانی کے شعبے میں خدمت کا آغاز :
’’ پانی‘‘ انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے ،اس کے بغیر انسانی زندگی کا تصور بھی محال ہے ،مگر صاف پانی صحت مند زندگی کے لیے اس سے بھی زیادہ ضروری ہے ۔الخدمت لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے اور صحت مندمعاشرہ کی تشکیل میں گزشتہ کئی دہا ئیوں سے اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔الخدمت جہاں ملک بھر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے ’’ واش ‘‘ کے نام سے کام کررہی ہے، وہیں کراچی میں بھی اس کا وسیع نیٹ ورک لاکھوں لوگوں کوفائدہ پہنچانے کا ذریعہ بن رہا ہے۔

تھرپاکرمیں زم زم پراجیکٹ :
الخدمت کی جانب سے کراچی اور مضافاتی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام جاری تھا کہ سابق ناظم کراچی ،وسابق صد ر الخدمت نعمت اللہ خان نے 997 1میںسندھ کے صحرائی ضلع تھرپار کر میں ’’ زم زم پراجیکٹ کے ذریعے اس منصوبے کو مزید تقویت دی ۔ ایک روز امیر جماعت سندھ جان محمد عباسی مرحوم نے نعت اللہ خان کو بلایا اوران سے کہا ایک صاحب نے 70ہزارروپے کا عطیہ دیا ہے اوروہ اس رقم سے تھرپارکر میں کنواں کھدوانا چاہتے ہیں ۔بھوک ،غربت و افلاس ،غذائی قلت اورقحط سالی سے اس ضلع تھرپارکر کی پہچان تھا، لہٰذانعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے جب یہ بات سنی تو بخوشی اس اہم ترین مقصد کی ذمہ داری قبول کرلی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نعمت اللہ خان صاحب کو تھر سے متعلق معلومات ضرور تھیں مگر انہیں تھر پارکر جانے کا اتفاق نہیں ہوا تھا ۔نعمت اللہ خان نے جان محمد عباسی کی ہدایت پر اس منصوبے کو انتہا ئی احسن طریقے پر کامیابی سے مکمل کیا ۔یہی وہ سنہری دور تھا جب الخدمت کے تحت صاف پانی کے منصوبوں کو تقویت ملی اور الخدمت کا کام منفرد انداز میں دنیا کے سامنے آیا ۔ نعمت اللہ خان کی نگرانی میں تھر پارکر میں ’’زم زم پروجیکٹ ‘‘ کے تحت سیکڑوں کنویں کھدوائے گئے جبکہ وہاں ،ہینڈ پمپس ،سمر سیبل پمپس اور سولر سے پانی کی فراہمی کے منصوبے بھی شروع کیے گئے ۔آج یہ منصوبہ وسعت اختیار کررہا ہے ۔

کراچی میں صاف پانی کی ضرورت :
یوں تو صاف پا نی کی دستیابی پورے ملک کا مسئلہ ہے ،مگر کراچی سال ہا سال سے پانی کے بحران سے دوچار ہے ۔عام استعمال کا پانی تو کجا پینے کا صاف پانی کا حصول بھی مشکل ہوچکا ہے جو پانی لوگوں کے گھروں میں آتا ہے ،وہ بھی غیرمعیاری اور پینے کے قابل نہیں ہوتا ۔آلودہ پانی سے اسہال اور پیٹ کے امراض پیدا ہوتے ہیں اور ان امراض سے اموات بھی ہوتی ہیں ۔کراچی کے لوگوں کی اس ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے الخدمت نے صاف پانی کے شعبے اپنے دائرے کو بڑھا یا اور شہر کے ان علاقوں میں کام کیا جہاں پینے کے صاف پانی کی اشد ضرورت تھی ۔

پانی کی فراہمی کا خود کار نظام :
الخدمت نے شہریوں کو پینے کے پانی کی24 گھنٹے فراہمی کا خود کار نظام ADMسسٹم ( واٹر ڈسپنسنگ مشین ) کے ذریعے پانی کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنا دیا ہے جس سے لوگ براہ راست ریچارج ایبل کارڈ کو اسکین کرکے مطلوبہ پانی حاصل کر سکتے ہیں ۔الخدمت واحد این جی او ہے جس کے پاس پانی کی فراہمی کا یہ خود کار نظام موجود ہے ۔اس وقت الخدمت کے تحت شہر میں تین مقامات پر یہ ADMمشینیں آپریشنل ہیں ۔ان ADMمشینوں سے سالانہ 50ہزار افراد مستفید ہو رہے ہیں ،الخدمت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ان مشینوں کی تنصیب کا عزم رکھتی ہے ۔

واٹر ٹیسٹنگ لیب :
الخدمت کے پلانٹس سے فراہم کیے جانے والے پانی معیار کی جانچ کا بھی منظم ومربوط نظام موجود ہے ۔الخدمت کے پلانٹس پر ہر ماہ باقاعدگی سے پلانٹس کے پانی کے نمونے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں اور اس میں موجودکمی کو فوری دورکیا جاتا ہے تاکہ پانی کے مجوزہ معیار کر برقرار رکھا جا سکے۔ اس کام کے لیے الخدمت نے پی آئی بی میں ایک واٹر ٹیسٹنگ لیب بھی قائم کی ہوئی ہے ،جس میں اس اہم ترین کام کو انجام دیا جاتا ہے ،الخدمت کی اس واٹر ٹیسٹنگ لیب سے کوئی بھی فرد پانی ٹیسٹ کروانے کی سروس حاصل کرسکتا ہے ۔ لیبارٹری کو تربیت یافتہ عملہ آپریٹ کرتا ہے ۔

جاپان کے تعاون سے واٹرپلانٹس کی تنصیب :
نعت اللہ خان کی محنت ،لگن اور ایمانداری کی وجہ سے الخدمت کو حکومت جاپان کا تعاون ملا ،حکومت جاپان نے بھرپور تعاون کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں7 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے۔ یہ وہ وقت تھا جب الخدمت کو اس منصوبے کو تقویت ملی ۔الخدمت پر لوگوں کا اعتماد بڑھا اور اس کے بعد پانی کے نئے منصوبوں کی جانب پیش رفت ہوئی ۔

56واٹر فلٹریشن پلانٹ خدمت میں مصروف :
الخدمت اس وقت تک شہر میں 56واٹر فلٹریشن پلانٹس قائم کرچکی ہے، یہ پلانٹس ان علاقوں میں نصب کیے گئے ہیں ،جہاں لوگوں کو پینے صاف پانی کی اشدضرورت تھی ۔اس وقت الخدمت کے یہ پلانٹس ظفر ٹاؤن لانڈھی ،شاہ فیصل کالونی، گلشن حدیدفیزون اور تھری،کوئٹہ ٹاؤن ،اللہ والاٹاؤن کورنگی کراسنگ، لیاری ،کورنگی ڈھائی نمبر ،کورنگی بن قاسم ،لیاری ،اورنگی ،نیو کراچی ،منظور کالونی، اخترکالونی ،بلدیہ ٹاؤن ،اورنگی 4نمبر ،لسبیلہ ، لیاقت آباد ،بہادرآباد ،پنجاب چورنگی ،گولی مار ،لیاری کلاکوٹ ،موسیٰ لین ،اگرہ تاج ،گلستان کالونی، دستگیر، ضیاکالونی گلشن اقبال بلاک ون ،مدینہ کالونی ،بفرزون ،طاہر ولا چورنگی ایف بی ایریا ،کھوکھرا پار ،محمود آباد لیاری نیا آباد ودیگر علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں۔ یہاں لوگوں کو عالمی معیار کا پانی محض ڈیڑھ روپے لٹر میں فراہم کیا جا رہا ہے۔ الخدمت کے ان پلانٹس سے سالانہ 40لاکھ افراد استفادہ کر رہے ہیں ۔

مختلف اداروں کو سہولت کی فراہمی :
الخدمت جہاں شہری آبادی والے علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی سہولت فراہم کر رہی ہے وہیں جیلوں، تھانوں، سرکاری جامعات ،اسپتالوں میں بھی واٹر فلٹریشن پلانٹس اور واٹرچلرز لگائے گئے ہیں، جہاں سے سارا سال طلبہ وطالبات، قیدی اور عام افراد کے لیے پینے کا صاف پانی دستیاب ہوتا ہے ۔

واٹر وین سروس :
الخدمت کے ’’واش‘‘ پروگرام کے تحت ’’واٹر وینز‘‘ شہریوں کو پینے کا پانی مفت فراہم کرتی ہیں ۔یہ کراچی کے اسپتالوں، ایکسپو سینٹر، موسم گرما میں بازاروں، شاہراہوں، نادرا سینٹرز، ہنگامی حالات میں، ہندو اور کرسچن کمیونٹی کے تہواروں کے موقع پر سروسز فراہم کر تی ہیں۔ واٹر وین سروس سے سالانہ 6لاکھ افراد استفادہ کر رہے ہیں۔

فی سبیل اللہ واٹر پلانٹس :
الخدمت کے تحت مخیر حضرات کے تعاون سے 10ایسے واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی قائم ہیں، جہاں لوگوں کو فی سبیل اللہ پانی فراہم کیا جاتا ہے اور اس سے بڑی تعداد میں لوگ استفادہ کررہے ہیں۔

پانی کے دیگر منصوبے :
الخدمت جہاں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے لوگو ں کو صاف پانی فراہم کررہی ہے وہیں کراچی کے تمام اضلاع میں اس کے دیگر پراجیکٹس سبمر سیبل پمپس، ہینڈ پمپس، سولر سبمر سیبل پمپس اور ڈیپ ویل پمپس نصب کیے گئے ہیں، ہینڈ پمپس اور دیگر منصوبے قائم کرنے کے لیے الخدمت نے ایک نظام وضع کیا گیا ہے، جس کے تحت الخدمت یہ منصوبے ان مقامات پر لگائے جاتے ہیں جہاں ان کی ضرورت ہوتی ہے، اس کے لیے مجوزہ جگہ کا سروے کیا جاتا ہے اور مکمل اطمینان کے بعد وہاں پراجیکٹ قائم کیا جاتا ہے ۔

پلانٹس کی بحالی ومرمت کا منظم نظام :
الخدمت ’’شعبہ واش‘‘ کے پاس تمام پلانٹس کو چلانے کے لیے تربیت یافتہ پلانٹ آپریٹر موجود ہیں، جو پلانٹس کو روز انہ 12 گھنٹے باقاعدگی سے نہ صرف چلاتے ہیں بلکہ ان کی دیکھ بھال اور پلانٹ کے اندرصفائی اور ماحول کا بھی خیال رکھتے ہیں جب کہ پلانٹس میں ہونے والی فنی خرابی کی صورت میں پلانٹس کی فوری مرمت کے لیے ایک ماہر ٹیکنیکل ٹیم ہر وقت موجود ہوتی ہے جوپلانٹس آپریٹرز کی جانب سے ملنے والی کسی بھی شکایات کا ازالہ کرتی ہے ۔

این جی اوز بھی الخدمت کی معاون :
حکومت جاپان ،ترک سماجی تنظیم ٹکا اور ایچ ایچ آر ڈی اور مخیر حضرات اس منصوبے میں الخد مت کے معاون ہیں جو نہ صرف پلانٹس کی تنصیب میں معاونت کرتے ہیں بلکہ اس شعبے میں ڈونیشن بھی دیتے ہیں ۔ان این جی اوز اور مخیر حضرات کی جانب سے الخدمت کے اس پراجیکٹ کو خوب سراہا گیا ہے ۔

سیلاب زدگان کے لیے خدمات :
2022میں جب ملک بھر میں سیلاب آیا تو سندھ کے لوگ بھی سیلاب سے بے حد متاثر ہوئے ۔الخدمت کراچی کے’’ واش‘‘ پروگرام نے بھی اس منصوبے کے تحت اپنے حصے کامثالی کردار ادا کیا ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میںپینے کے پانی کی قلت کو مد نظر رکھتے ہوئے الخدمت واش پروگرام کی ٹیکنیکل ٹیم نے 22واٹر فلٹریشن پلانٹ تیار کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اندرون سندھ بھیجے، 10 پلانٹس مخیر حضرات نے عطیہ کیے۔ الخدمت کی جانب سے تیار کردہ پلا نٹس کی خصوصیت یہ تھی کہ وہ سیلابی پانی کو ان پلانٹس کے ذریعے قابل استعمال بناتے تھے۔ یہی نہیں الخدمت نے سیلاب کے ابتدائی دنوں میں دیگر اشیا کے ساتھ پینے کا نہ صرف صاف پانی فراہم کیا ،بلکہ انہیں 15لٹر پانی کی سیکڑوں خالی بولتیں بھی فراہم کیں ۔

موبائل ٹوائلٹ :
الخدمت کی جانب سے مختلف عوامی مقامات پر موبائل ٹوائلٹ کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے جس میں ’’واش پروگرام‘‘ کے ذریعے پانی کی فراہمی کے عمل کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

آگاہی پروگرامز :
الخدمت کے’’ واش ‘‘پروگرام کے تحت آگاہی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں ۔پلانٹس آپریٹرز اور سپر وائزرز کے لیے تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ وہ پیشہ ورانہ مہارت سے آراستہ ہوسکیں۔پانی کے عالمی دن پر واک اور سیمینار زکے ساتھ ساتھ مختلف جامعات میں آگاہی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ معاشرے میں صاف پانی کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے ۔

نوید علی بیگ چیف ایگزیکٹو الخدمت
الخدمت کئی دہائیوں سے صاف پانی کے پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے اور اس شعبے کا دائرہ دن بہ دن وسیع ہو رہا ہے، شہر ی آباد کے لحاظ سے سے اس کا دائرہ مزید بڑھایا جا نا ضروری ہے، الخدمت کو اس پراجیکٹ میں مخیر حضرات اور این جی اوز کا تعاون حاصل رہتے جو الخدمت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ الخدمت شہریوں کو عالمی معیار کا پانی صرف ڈیرھ روپے لیٹر میں فراہم کر رہی ہے۔ ایک پلانٹ پر 18سے 20 لاکھ روپے کے اخراجات آتے ہیں۔ اہل خیر اس منصوبے میں الخدمت سے تعاون کریں ۔

حصہ