الخدمت سندھ: خدمت کا ایک اور سال ،

413

سال 2021-22 کی کارکردگی رپورٹ

الخدمت فاؤنڈیشن ملک کا سب سے بڑا رجسٹرڈ فلاحی ادارہ ہے جو گزشتہ تین دہائیوں سے مخیر حضرات کے تعاون سے خدمت میں مصروف ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن قدرتی آفات سے بچاؤ، صحت، تعلیم، کفالت یتامیٰ، صاف پانی اور مواخات پروگرام سمیت دیگر سماجی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ پاکستان کے علاوہ الخدمت نے فلسطین و افغانستان کے جنگ زدہ علاقوں اور ترکیہ وشام کے حالیہ زلزلے میں بھی بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں سرانجام دی ہیں

گزشتہ برس طوفانی بارشیں اور سیلاب سندھ سمیت ملک بھر میں شدید تباہی کا باعث بنا، جس کے نتیجے میں نہ صرف سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں بلکہ صرف سندھ میں 12 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں کہ جب لاکھوں سیلاب متاثرین اپنے گھر، فصلوں اور مال مویشی سے محروم ہوچکے تھے، الخدمت فاؤنڈیشن کے 2 ہزار سے زا ئد رضاکار خدمت کے جذبوں سے سرشار متاثرین کی داد رسی کے لیے آگے بڑھے اور بے سہاروں کا سہارا بنے۔ یہی وجہ ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں الخدمت کی کاوشوں کو سراہاگیا۔

سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں:
حالیہ سیلاب کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے کشتیوں کے ذریعے اندرون سندھ کے 10 ہزار سے زائد افرادکو ریسکیو کیا۔ کٹھن حالات میں کہ جب متاثرین کو ایک وقت کا کھانا بھی میسر نہیں تھا، الخدمت کی جانب سے خشک راشن اور دیگر امدادی سامان پر مشتمل750 سے زائد ٹرک متاثرہ علاقوں میں پہنچائے گئے۔

خیمہ بستیاں:
کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار متاثرین کو الخدمت کی جانب سے نہ صرف 36 ہزار سے زائد خیمے اور ترپال فراہم کیے گئے بلکہ سندھ کے 40 سے زائد مقامات پر عارضی خیمہ بستیاں بھی قائم کی گئیں جن میں ہزاروں خاندانوں کو بسایاگیا اور انہیں 2 ماہ سے زائد عرصہ تک تیار کھانا، طبی سہولیات اور صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں۔

الخدمت کچن سینٹر:
ہزاروں خاندانوں کے گھر بار اور قیمتی سامان سیلاب کی نذر ہو چکے تھے، الخدمت فاؤنڈیشن نے سندھ بھر کے 12سے زائد مختلف مقامات پر ’’الخدمت کچن‘‘ بنائے، جہاں سے10 ہزار سے زائد متاثرین کو روزانہ کی بنیادپر دو وقت کا کھانا فراہم کیا جاتا رہا۔

طبی سہولیات:
طوفانی بارشیں اورسیلابی پانی متاثرین میں وبائی امراض پھیلنے کا باعث بن رہا تھا، ہزاروں متاثرین ملیریا، ڈائریا، ڈینگی اور ٹائیفائیڈ سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے تھے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے صورت حال کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے مخیر حضرات کے تعاون سے فوری طور پر 40 ایمبولینسز اور 5 موبائل میڈیکل یونٹس متاثرہ علاقوں میں روانہ کیے جن میں ماہر ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، ادویات اور الٹرا ساؤنڈ سمیت بنیادی ضروری ٹیسٹ کی سہولیات موجود تھیں۔ ہر متاثرہ شخص کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا جذبہ لیے الخدمت فاؤنڈیشن نے ’’پیما‘‘(پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن) کے تعاون سے سندھ کے دور دراز متاثرہ علاقوں میں ساڑھے9 سو سے زائد میڈیکل کیمپس لگائے جہاں مریضوں کا معائنہ کر کے مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ ان میڈیکل کیمپس سے 3 لاکھ 21 ہزار سے زائد مریض مستفید ہوئے۔ اس کے علاوہ سندھ کے 6 سیلاب متاثرہ اضلاع میں 100 بیڈز پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بھی قائم کیے جہاں حاملہ خواتین کے لیے ماہر خواتین ڈاکٹروں کا بھی انتظام تھا۔ متاثرہ خاندانوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے8 ہزار سے زائد ہائجین کٹس فراہم کی گئیں، بڑے پیمانے پر مچھر مار اسپرے کیے گئے اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد افرادکو مچھر دانیاں فراہم کی گئیں۔

الخدمت خیمہ اسکول:
قدرتی آفات کے باعث جہاں معمولات زندگی متاثرہوتے ہیں وہیں بچوں کا تعلیمی سلسلہ بھی منقطع ہو جاتا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے متاثرہ علاقوں میں علم کی شمع کو روشن رکھا۔ سندھ کے 40 سے زائد متاثرہ مقامات پر ’’الخدمت خیمہ اسکول‘‘ قائم کر کے علم سے محبت کا عملی ثبوت پیش کیا۔ ان خیمہ اسکولوں میں ہزاروں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔

صاف پانی:
متاثرین سیلاب پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے تھے، الخدمت فاؤنڈیشن نے 15 سے زائد موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹ متاثرہ علاقوں میں بھجوائے جب کہ مختلف اضلاع میں قائم7 واٹر فلٹریشن پلانٹ اور 20 سے زائد واٹر ٹینکرز روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں پیاسوں کی پیاس بجھانے میں مصروف رہے۔ تین ماہ تک متاثرین کو صاف پانی کی فراہمی کاعمل جاری رہا، اندازاً ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد متاثرین کو صاف پانی فراہم کیاگیا۔

ونٹرپیکج:
موسم کی تبدیلی کے باعث متاثرین سیلابی پانی میں گھرے ہونے کی وجہ سے سخت سردی سے دوچارہوئے تو الخدمت فاؤنڈیشن نے 20ہزار سے زائد خاندانوں کو ونٹر پیکج فراہم کیا، جس میں رضائیاں، تکیے، گرم کپڑے اور جوتے وغیرہ شامل تھے۔

’’تعمیروطن پروگرام‘‘:
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ سیلاب سے 17 لاکھ سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 80 لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔ متاثرین کو ریسکیواورامدادفراہم کرنے کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن کو متاثرین کی مکمل بحالی اور ان کے اپنے گھروں کو واپسی چیلنج درپیش تھا۔ الخدمت نے محنت لگن اور مخیرحضرات کے تعاون سے ’’تعمیر وطن پروگرام‘‘ کا آغاز کیا اورسروے کی بنیاد پر300 مستحق خاندانوں کو گھرتعمیر کرکے دیئے جب کہ 1400سے زائد خاندانوں کو گھروں کی مرمت کے لیے رقم مہیاکی گئی۔ اسی طرح 180سے زائد مساجد کی مرمت کی گئی جبکہ 50سے زائد سیلاب متاثرہ اسکولوں کی تعمیر میں مددفراہم کی گئی۔

’’کسان بحالی پروجیکٹ‘‘:
سیلاب کے باعث ہزاروں ایکڑ پر محیط تیارفصلیں بھی تباہ ہوئیں،اس سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن نے متاثرین کی صرف امداد ہی نہیں کی بلکہ انہیں دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑاکرنے کے لیے ’’کسان بحالی پروگرام‘‘ شروع کیا۔ اس پروگرام کے تحت 1 تا 5 ایکڑ زرعی زمین کی ملکیت رکھنے والے 3 ہزار سے زائد مستحق کسانوں کو سروے کی بنیاد پر فی کس ایک لاکھ روپے مالیت کی کھاد، بیج اور زرعی ادویات فراہم کی گئیں۔ الحمدللہ متاثرہ کسان اپنی زمین دوبارہ سے سرسبز وشاداب ہونے پر بے حد مسرور ہیں۔

2021-22 کی کارکردگی پر ایک نظر:
الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف قدرتی آفات کے موقع پرمتاثرین کی مدد کے لیے کوشاں رہتی ہے بلکہ پورا سال نادار و مستحق افرادکی مشکلات کو دور کرنے میں الخدمت کے رضاکار ہمہ تن مصروف رہتے ہیں۔ سال 2021-22 کے دوران الخدمت کے تمام شعبہ جات میں ہونے والی سرگرمیاں اوراخراجات کی تفصیل درج ذیل ہے۔

شعبہ ہیلتھ:
الخدمت فاؤنڈیشن کا شعبہ صحت سندھ بھرمیں ایک وسیع نیٹ ورک کے ساتھ خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس وقت مختلف شہروں میں ہمارے4 بڑے ہسپتال، 5 میڈیکل سینٹرز،13 لیبارٹریز اور کلیکشن سینٹرز، 5 موبائل ہیلتھ یونٹس اور 49 ایمبولینسز خدمات پیش کر رہی ہیں۔ گزشتہ سال 1,328,502 مریض مستفید ہوئے جس پر 343,471,759 روپے کے اخراجات ہوئے۔

’’محفوظ ماں ،محفوظ خاندان‘‘:
اندرون سندھ اور مضافاتی علاقوں میں حاملہ خواتین شدید مشکلات سے دوچار رہتی ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن نے زچہ وبچہ کی قیمتی زندگیوں کو بچانے کے لیے ’’محفوظ ماں، محفوظ خاندان‘‘ کے نام سے پروگرام شروع کیا اور سندھ کے 6 اضلاع میں میٹرنٹی ہومز قائم کیے۔ اس پروگرام کے تحت3 ماہ کے دوران 600 سے زائد مستحق خواتین کی مفت ڈیلیوری کی گئیں۔

ایجوکیشن:
سندھ بھرکے غریب اور مستحق طلبا وطالبات کے لیے تعلیمی سہولیات کی فراہمی الخدمت فاؤنڈیشن کا عزم ہے۔ الخدمت کے شعبہ تعلیم کے تحت مستحق مگر باصلاحیت طلبا و طالبات کو الفلاح وظائف مہیا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ غریب اور نادار طلبا و طالبات اور اسٹریٹ چلڈرنز میں اسٹیشنریز، اسکول بیگ اور یونیفارم تقسیم کیے جاتے ہیں۔ اس وقت الخدمت سندھ کے تحت 4 چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز، 23 چونرا اسکولز اور1 یوتھ ہاسٹل قائم ہے۔340 مستحق اور باصلاحیت طالب علموں کو الفلاح اسکالر شپ دی گئی، گزشتہ سال 1170 طالب علموں نے الخدمت شعبہ تعلیم سے فائدہ اٹھایا جس پر 16,980,000 روپے کے اخراجات آئے۔

شعبہ صاف پانی:
پاکستان کا شمار ایسے ملکوں میں ہوتا ہے جہاں لوگوں کی اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن سندھ بھر میں پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی کو یقینی بنانے لیے کوشاں ہے۔ الخدمت شہروں کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں میں بھی صاف پانی کے متعدد پراجیکٹس کے لیے کام کرتی ہے۔ الخدمت کے تحت سندھ بھرمیں 49 واٹر فلٹریشن پلانٹس، 200 ہینڈ پمپ، 50 سبمر سیبل مع واٹر ٹینک اور 12 سولر سبمر سیبل پمپ لگائے گئے جن سے روزانہ ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ اس پروجیکٹ پر62,700,000 روپے اخراجات ہوئے۔

کفالت یتامیٰ پروگرام/آغوش ہومز:
الخدمت فاؤنڈیشن ایک مربوط نظام کے تحت ملک بھر میں21 ہزار سے زائد یتیم بچوں اور بچیوں کی کفالت کر رہی ہے۔ رہائش، خوراک، صحت و تعلیم سمیت بچوں اور ان کی ماؤں کی تربیت اورکردار سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ ’’آغوش ہومز‘‘ کے نام سے ملک بھر میں اقامتی ادارے بھی قائم کیے ہیں جہاں یتیم بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھرکے مختلف مقامات پر 20 آغوش ہومز قائم ہیں۔ اس وقت سندھ کے ضلع مٹیاری کی تحصیل ہالہ میں جب کہ ٹنڈوالہیار کے علاقے راشد آباد میں آغوش ہومز قائم ہیں جہاں 400 بچوں کی رہائش کا معیاری انتظام موجود ہے۔ الخدمت سندھ مجموعی طوپر 1717 آرفن بچوں کی کفالت کر رہی ہے، گزشتہ برس اس شعبہ پر 131,718,000 روپے اخراجات ہوئے۔ سیلا ب سے متاثرہ اضلاع میں 5 سے 10 سال کی عمر کے 3000 بچوں کو الخدمت آرفن کیئر پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

مواخات پروگرام:
غربت کی چکی میں پسے صوبہ سندھ کے نادار لوگوں کو معاشی مسائل کی دلدل سے نکالنے اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن نے گزشتہ کئی برسوں سے مواخات پروگرام شروع کیا ہوا ہے، جس کے تحت غربت کے شکار لوگوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جاتے ہیں۔ گزشتہ سال 2,098 افراد کو 2,977,000 کے قرضے فراہم کیے گئے۔

شعبہ سماجی خدمات:
الخدمت فاؤنڈیشن کا شعبہ سماجی خدمات سندھ بھر میں بسنے والے لاکھوں غریب اور بے سہارا افراد کے لیے امید کی کرن ہے۔ رمضان المبارک میں راشن کی تقسیم کے علاوہ عیدالفطر، دیوالی اور کرسمس کے مواقع پر ضرورت مندوں میں تحائف بھی تقسیم کیے جاتے ہیں۔ عید قرباں پرگوشت کی تقسیم، موسمِ سرما میں لحاف، کمبل اورگرم کپڑوں کی فراہمی، مساجدکی تعمیر و مرمت، شادی باکس کی فراہمی اور جیلوں میں قیدیوں کی بہبود کا کام سارا سال جاری رہتا ہے جب کہ معذوروں کو وہیل چیئرز بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ گزشتہ سال اس شعبہ سے 143,444 افراد مستفید ہوئے اور 170, 416,241روپے کے اخراجات آئے۔

سال2021-22 میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تمام شعبہ جات سے مجموعی طوپر4,381,000 افراد مستفید ہوئے جس پر 1,580,937,000 روپے کے اخراجات کیے۔یہ تمام سرگرمیاں اللہ کی رضا اور مخیرحضرات کے بھرپورتعاون سے سرانجام دی گئیں۔ اللہ تعالیٰ ان کاوشوں کو قبول فرمائے اورتمام پریشان حال ناداروں اور مستحقین کی مدد فرمائے‘ آمین۔

حصہ