چالاک چوہے نے نمرا کو دوڑا دیا

333

نمرہ ایک پیاری لڑکی ہے پر غصے میں گلابی گرل ! اپنے چھوٹے چھوٹے بہن بھائی معاذ ، سعد ، کعب ، ارحا اور زینب کے ساتھ کھیلتی بھی رہتی ہیں۔ غصہ برداشت سے باہر ہو جاتا ہے۔ خوب بڑ بڑاتی بھی رہتی ہے ۔
ایک دن شام کے وقت نمرہ بیٹھی ہوئی تھی نمرہ کے پاؤں کے ساتھ ایک چوہا ٹچ کر کے بھاگا۔ اب نمرہ کو آیا غصہ۔ اس نے چوہے کو پکڑنے کی ہر ممکن کوشش کی پر ناکام رہی۔ تین دن تک نمرہ چوہے کے پیچھے بھاگتے رہی لیکن چوہا تو بہت ہی چالاک نکلا، نمرہ کے ہاتھ نہ آیا۔ نمرہ نے یہ دن بہت بے چینی میں گزارے۔
چوہا بھی نمرہ سے بدلا لینا چاہتا تھا۔ وہ بھی اتنے دنوں سے بھاگ بھاگ کے تھک چکا تھا، اس لئے وہ نمرہ کی الماری میں جا کر چھپ گیا۔اگلے دن جب نمرہ نے کپڑے نکالنے کے لئے الماری کھولی تو ایک زوردار چیخ ماری کیونکہ چوہا الماری میں بیٹھا اسے گھور رہا تھا۔ چیخ سن کر سب بچے بھاگتے ہوئے آگئے۔
کعب: “نمرہ آپی کیا ہوا؟ میں تو ڈر گیا”۔
نمرہ: “دیکھو! میری الماری میں چوہا گھس آیا ہے، سعد، معاذ! پلیز تم لوگ اسے میری الماری سے نکال دو تو میں تمہیں انعام دوں گی”۔ارحا کہنے لگی “آپ اتنی بڑی ہو کر اتنے چھوٹے چوہے سے ڈرتی ہیں!!!
ہا ہا ہا ہا!سب یہ سن کر ہنسنے لگے۔ تو سب سے چھوٹی زینب نے کہا، آپی آپ پریشان مت ہوں، میں ابو سے کہہ کر پنجرہ منگواتی ہوں، ہم اسے مل کے پالیں گے۔ سب بچے زینب کی بات پر ہنس کر تالیاں بجانے لگے اور بولے، “واہ! واہ! نمرہ آپی پھر تو بڑا مزا آئے گا”
“اچھا بچو اڑاو میرا مذاق، اب میں بھی تم لوگوں سے بات نہیں کروں گی” یہ کہہ کر نمرہ رونے لگی۔ سمیع بھائی نے نمرہ کو روتے ہوئے دیکھا تو پوچھنے لگے “کیا ہوا نمرہ؟ مجھے بتاو، تم سب مل کر میری بہن کو تنگ کر رہے ہو ہاں!!یہ کہہ کر بچوں کو ڈانٹنے لگے۔ بچے بولے، “نہیں بھائی جان! ہم نے تو کچھ نہیں کیا وہ چوہا۔۔۔۔چوہا۔۔۔!! “یہ کیا مذاق ہے؟” سمیع بھائی غصے سے بولے۔ پھر سعد نے بتایا کہ نمرہ آپی کی الماری میں چوہا گھس گیا ہے۔
“ارے نمرہ، اتنی سی بات!!! میں تمہیں ایک بہت اچھی دوائی لا کر دوں گا، اب چپ ہو جاو شاباش”۔ اگلے دن سمیع بھائی نے دوا لا کر نمرہ کو دی۔جسے نمرہ نے ایک گتے پر لگا کر رات کے وقت رکھ دیا۔ صبح اٹھ کر دیکھا تو چوہے صاحب گتے پر چپک چکے تھے۔
“ہائے!!!! سب ادھر آکر دیکھو” نمرہ خوشی اور جوش میں چلائی۔ سب بھاگ کر آگئے۔ نمرہ نے گتے کو اٹھایا اور چوہے کو دیکھ کر بولی: “اب بتاؤ بچو! آئندہ کرو گے میرے ساتھ مذاق!!!۔ چوہا نمرہ کو غصےسے دیکھ رہا تھا مگر بیچارہ چوہا کچھ کر نہیں سکتا تھا۔ نمرہ نے سعد اور معاذ سے کہا کہ اس چوہے کو کہیں پھینک آو۔ سعد بولا “آپ اس کی ایک تصویر تو لے لیں، یادگار رہے گی”۔ سب نے کہا مل کر کہا: “جی،بالکل”۔ پھر طلحہ بھائی سے کہہ کر چوہے کے ساتھ سب نے تصویر کھینچوائی، چوہا بھی حیران ہو کر دیکھ رہا تھا۔ بعد میں سعد اور معاذ چوہے کو چھت پر رکھ آئے، فورا ہی ایک چیل اسے گتے سمیت اٹھا کر لے گئی۔ اللہ تعالٰی نے اس چوہے کو چیل کا لقمہ بنایا۔ واہ اللہ کی شان! کہاں سے کہاں رزق پہنچا دیا۔

حصہ