میں ایک ورکنگ ویمن ہوں اور ایک بڑی ملٹی نیشنل کمپنی کے ایک اہم شعبے میں کام کرتی ہوں۔ ہمارے شعبے میں زیادہ تر خواتین ہی کام کرتی ہیں، شاذ و نادر ہی مرد پائے جاتے ہیں۔ یہاں کام کا بہت دباؤ بھی رہتا ہے۔ دن رات کی پروا کیے بغیر کام کرنا پڑتا ہے۔ کبھی تو دن بھر ہاتھ نہیں رکتے اور کبھی رات کی شفٹ میں بھی کام کرنا پڑتا ہے۔
ہمارے شعبے کی الگ بات اس میں روزانہ کی بنیاد پر کام کا نکلنا ہے جسے اُسی روز ہر حال میں مکمل کرنا پڑتا ہے، ادھورا چھوڑنے کی صورت میں اگلے دن بہت مشقت اُٹھانا پڑتی ہے، یعنی کام کی زیادتی الگ اور تھکاوٹ الگ ہوجاتی ہے۔
آرام کا وقت میسر آتا ہے لیکن کبھی کبھار۔ جان بوجھ کر خود سے اضافی وقت نکالنا بھی پڑتا ہے، یعنی کوئی بیماری آجائے یا کسی شادی بیاہ پہ جانا ہو، کبھی اپنی فیملی کے ساتھ کوئی پروگرام بن جائے تو ایسی صورت میں مجبوراً اضافی وقت لینا پڑتا ہے، لیکن چھٹی کرنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ازحد ضرورت ہو تو وقفہ مل جاتا ہے اور وہ بھی ضرورتاً یا مجبوراً۔
اکثر دیگر شعبہ جات یا علاقوں سے ملاقات کے لیے وفود بھی آتے ہیں۔ اپنی اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ انہیں بھی وقت دینا پڑتا ہے۔ اس پر مزید یہ کہ ڈپارٹمنٹ کی ہر خاتون ورکر کے تحت دو دو، چار چار افراد ٹریننگ کے لیے بھی دیے جاتے ہیں تاکہ اپنی ذمہ داریاں مکمل ہونے سے قبل انہیں اپنی جگہ تیار چھوڑا جا سکے۔ یہ ہر خاتون ورکر کی اپنی قابلیت، اہلیت اور جسمانی طاقت پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ کتنے افراد کی تربیت کر سکتی ہے اور انہیں سنبھال سکتی ہے۔ عموماً سب ہی اپنے تئیں بہترین ذمہ داری پوری کرتی ہیں۔
ایک مسئلہ یہاں تواتر سے پایا جاتا ہے، خواتین کا ایک دوسرے پر تنقید اور نکتہ چینی کرنا۔ کبھی کبھی دل بھی جلادیتی ہیں۔ لیکن مجموعی طور پر تمام خواتین محنتی، صابر، شاکر اور حوصلہ مند ہیں۔ یقینا آپ کو یہ خیال ضرور آرہا ہوگا کہ میں اور میری جیسی لاتعداد خواتین ایسی پُرمشقت جگہ پہ کام ہی کیوں کرتی ہیں؟
اگرچہ ہمارے ڈپارٹمنٹ میں کام کا دباؤ بھی زیادہ ہے اور محنت بھی بہت کرنی پڑتی ہے، لیکن یہاں جاب پیکیج بہت ہی اچھا ہے، بہت ہی شاندار، یعنی جب ذمہ داریاں احسن انداز سے مکمل ہوجائیں تو ہمیں ’’مالک‘‘ کے حضور پیش ہونا ہوگا، بحسن و خوبی ذمہ داریاں سرانجام دینے پر خوب صورت گھر اور بہت سی آسائشیں اور سہولیات دی جائیں گی۔
آپ نے پہچان لیا ہوگا کہ میں کس ’’ڈپارٹمنٹ‘‘ میں کام کرتی ہوں۔
نہیں پہچانا؟… ذرا سا سوچیے تو… جی اب آپ نے بالکل ٹھیک اندازہ لگایا، میں گھر داری کے وسیع شعبے سے منسلک ہوں۔ بائے پروفیشن… میں ایک ’’ہاؤس وائف‘‘ ہوں۔