الخدمت “بنو قابل” پروجیکٹ

578

لاکھوں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا عظیم الشان منصوبہ
غربت اور بے روزگاری ملک سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے، نوجوانوں کے پاس تعلیم بھی ہوتی ہے اورذہانت بھی، مگر وسائل کی عدم دستیابی انہیں آگے بڑھنے سے روک دیتی ہے۔ ایسے میں انہیں کچھ سمجھ نہیں آتا کہ وہ کیا کریں ۔ یہی نوجوان یا تو بھٹک کر برے راستے پر چل نکلتے ہیں یا پھر وہ چھوٹے موٹے کام کر نے پر مجبور ہوتے ہیں۔
کراچی معاشی حب ہے ،جہاںصنعت وتجارت کا پہیہ چلتا ہے،یہ شہر وفاق کو 65سے 70فیصد ریونیو بھی دیتا ہے،مگر یہاں کے نوجوان خصو صاً پڑھے لکھے نوجوان روز گار سے محروم رہتے ہیں۔ سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کاقتل کیا جاتا ہے۔ایسے میں کراچی کے نوجوان اپنے ارد گرد مسائل ہی مسائل دیکھتے ہیں جو ان کیلئے اذیت اور پریشانی کا باعث بنتے ہیں ۔
الخدمت ملک کی سب سے بڑی این جی او ہونے اور اپنے نمایاں کاموں کی وجہ سے قومی افق پر آفتاب بن کر ابھری ہے اور یہ آفتاب ان نوجوانوں کو روشنی سے منور کرنے کے لیے بے تاب ہے ۔ الخدمت نے کراچی کے ان نوجوانوں کیلئے ’’ بنوقابل ‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے،جس میں کراچی کے لاکھوں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا بیڑااٹھایا گیا ہے ۔
اس کے لیے چند روز قبل ہے الخدمت اور Aptech ( ایپٹیک )کے مابین معاہدہ طے پایا ہے۔الخدمت کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی اور Aptech ( ایپٹیک )کی جانب سے سی ا ی اواقبال یوسف نے دستخط کیے، بعدازاں دستاویز کا تبادلہ کیا گیا،Aptech ( اپٹیک )اس منصوبے میں اکیڈمک ذمہ داریاں ادا کرے گا،جبکہ الخدمت Aptech ( اپٹیک )کو آئی ٹی کے کورسز کے لیے ہزاروں بچوں کی رجسٹریشن وانتخاب اورٹیسٹ کے لیے سہولتیں فراہم کرے گی۔ الخدمت نے پڑھے لکھے ہزاروں نوجوانوں کو یہ کورسز بلامعاوضہ کروانے کے اس منصوبے کے لیے 100ملین روپے کا تخمینہ لگایا ہے،جبکہ اس کے لیے 50ملین روپے مختص کردیئے ہیں ۔
الخدمت نے یہ اہم قدم کراچی میں ہزاروں میٹرک اور انٹر پاس بے روزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے اٹھایا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک پورا نظام وضع کیا گیا گیا ۔ طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 6جون سے کردیا گیا ہے جو 30جون تک جاری رہے گا ۔نوجوانوں کی رجسٹریشن اور معلومات کے لیے الخدمت نے banoqabil.pkکے نام سے ویب سائٹ اورایپ کا بھی اجرا کیا ہے جو گوکل اور ایپل اسٹورسے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیںاور نوجوا ن با آسانی اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں ۔
رجسٹریشن کروانے والے نوجوانوں کی فائنل فہرست یکم جولائی 2022 کو جاری کی جائے گی ۔ اگر کوئی تصحیح درکار ہو تو 3جولائی تک کرائی جا سکے گی اور 3جولائی بروز اتوار کوہی ٹیسٹ کا اہتمام کیا جائے گا ۔الخدمت کی جانب سے ان نوجوانوں کو’’بنو قابل‘‘پروگرام کے تحت آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے جن میں ویب ڈیولپمنٹ ،ویب ڈیزائننگ ،ایمزون اور فری لانسنگ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ سمیت دیگر کورسز شامل ہیں ۔نوجوان آئی ٹی کورسز اور فری لانسنگ سیکھ کر نہ صرف باعزت روزگار کما سکیں گے بلکہ اپنے اہل خانہ کی خوشحالی اس شہراور ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکیں گے ۔
معاہدے کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے الخدمت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی کراچی کے میٹرک ،انٹر پاس نوجوانوںکو ہنر مند بنانا چاہتے ہیں۔ملک کے معاشی حالات خراب ہیں اورمہنگا ئی سے پڑھے لکھے نوجوان اور ان کے خاندان متاثر ہیں ،کیونکہ یہ خاندان اپنے ان بچوں کو ہنر سکھانے کی بھی استطاعت نہیں رکھے ۔’’بنو قابل‘‘ پروگرام سے انشااللہ معاشرے میں خوشگوار تبدیلی آئے گی ۔سی ای او Aptech ایپٹیک اقبال یوسف نے کہا کہ الخدمت نے نوجوانوں کو ہنر کا منصوبہ بنا یا ہے،یہ ایک بڑااورمستحسن اقدام ہے ۔اس منصوبے کے تحت Aptech میں نوجوانوںکو آئی ٹی کے کورسز کرائے جائیں گے جس کی مدت 4 سے 6ماہ ہوگی۔ تمام ٹیسٹ دینے والے بچوں کی میرٹ لسٹ بھی جاری کی جائے گی ۔
نوجوان کورسز کرکے انڈسٹری میں باعزت روزگار حاصل کرسکیں گے ۔
معاہدے کے بعد الخدمت کراچی نے اس عظیم الشان پروگرام کا آغاز کردیا ہے ۔الخدمت کے ’’بنو قابل ‘‘پروگرام کے تحت لانچنگ تقریب کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن تھے۔ تقریب سے الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ، APTECکے سی ای او اقبال یوسف، PASHA(پاشا)کی چیئر پرسن شمیم راجانی، انوویٹر سلوشنز کے ایم ڈی طاہر عزیز، سوشل انٹر پرینیور ریحان اللہ والا، الخدمت کے قاضی صدرالدین اور دیگر نے خطاب کیا۔تقریب میں ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی اور ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کملانی‘ سابق ٹائون ناظم گلشن اقبال عبدالوہاب اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔تقریب میں ایمزون ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ ،ویب ڈیزائننگ ،فری لانسنگ ،ویب ڈیولپمنٹ اور دیگر آئی ٹی شعبوں سے منسلک کامیاب نوجوانوں نے بھی شرکت کی،جو اپنی اپنی فیلڈ اور شعبوں میں کام کر کے لاکھوں روپے ماہانہ کمارہے ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابیوں سے متعلق مختصر آگاہی فراہم کی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ’’بنوقابل‘‘ پروجیکٹ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ الخدمت پروگرام ایپٹیک کی معاونت سے ایمزون ،ویب ڈیولپمنٹ ، فری لانسک ویب ڈیزائننگ سمیت مختلف کورسزکرائے جائیں گے۔ یہ کورسز میٹرک ، انٹر پاس بے روز گار نوجوانوں کو کروائے جائیں گے جو تین سے چھ ماہ دورانیے کے ہوں گے،کورسز کے ساتھ الخدمت ان کورسزکرنے والے نوجوانوں کے لیے انڈسٹری میں ملازمتوں کے مواقع بھی تلاش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کیلئے ا لخدمت نے50ملین روپے مختص کیے ہیں جس میں 30ملین کی اسکالر شپ اور 20ملین دیگر ضروری اخراجات کے لیے رکھے گئے ہیں، کورس سال میں دو مرتبہ منعقد کیے جائیں گے ۔پہلے کورسز کا ٹیسٹ 3جولائی منعقدکو ہوگا۔ الخدمت کا ’’بنو قابل ‘‘پروجیکٹ نوجوانوں کو خود انحصار بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو اپنی فیملی اور ملک و قوم کے لیے مفید بنانا ہے۔کراچی میں لاکھوں نوجوانوں کے لیے سرکاری ملازمتوں کے دروازے بند ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کوئی کام برا نہیں ہوتا ،مگر کراچی کے پڑھے لکھے نوجوان رائیڈرز کے طور ہر کام کرنے پر مجبور ہیں۔ عارضی اور وقتی کام ہمارے نوجوانوں کا مقدر نہیں ہو سکتا۔ ’’بنو قابل‘‘ پروجیکٹ کے تحت مختلف کورسز کرنے والے نوجوان اپنا روزگار خود پیدا کرنے کے قابل بن جائیں گے ۔ معاشرے میں روزگارکے مناسب مواقع نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان نا پسندیدہ سرگرمیوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنانا حکومت کا کام ہے ،لیکن وہ اس معاملے سے مکمل لا تعلق ہے۔حکومت نہ سڑکیں بنا رہی ہے، نہ ٹرانسپورٹ کا نظام فراہم کر رہی ہے۔
چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے مختلف کورسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا اورکہا کہ الخدمت آئی ٹی سمیت تعلیم کے شعبے میں اپنی خدمات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کے ماہرین نے پروجیکٹ کے لیے کورسز تیار کیے ہیں۔ ان کو مزید وسعت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو قابل اورہنر مندبنانا چاہتے ہیں ،تاکہ وہ آئی ٹی کی صلاحیت حاصل کر کے باعزت روزگار کماسکیں اور اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں ۔انہوں نے ’بنو قابل پروجیکٹ ‘‘میں تعاون کرنے والے اداروں اور ان کے ذمہ داران کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
سی ای او ایپٹیک پاکستان اقبال یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی میں کسی این جی او نے اتنے بڑے پیمانے پر یہ پروگرام لانچ نہیں کیا ۔اس پر الخدمت کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے اپٹیک کی ملک بھر میں پھیلی شاخوں اوران کے کاموں کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ جو بچے ’’ بنو قابل پروگرام کیلئے منتخب ہوں گے وہ اپنے علاقوں میں ایپٹیک کے اداروں میں کورسز کریں گے اورانہیں معمول کی کلاسز میں یہ کورسز ہفتے میں 3دن سیکھنے کا موقع دیا جائے گا۔انہوں نے نوجوان سے کہا کہ وہ خود کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کروائیں ۔
شمیم راجانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ الخدمت نے ’’ بنو قابل پروگرام کا آغاز کیا ،ہم نے تحقیق کی کہ انڈسٹری میں کہاں کہاں کس مختلف اسکلز کے لوگ چاہئیں تو معلوم ہوا کہ متعلقہ شعبوں میں ہنر مند لوگوں کی ضرورت ہے،مگر ان کی کمی ہے،اس کمی کو پورا ہونا چاہیے۔ انڈسٹری روزگار دینے کو تیار ہے۔ لیکن انڈسٹری کی اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ایک کروڑ نوجوان تیار ہو نے چاہئیں ۔
ریحان اللہ والا نے الخدمت کے پروگرام کو سراہا اور کہا کہ وہ تمام کورسز میں الخدمت کے ساتھ تعاون پر تیا ر ہیں ،اس موقع پر انہوں نے آئی ٹی کورسز کرکے کامیاب زندگی گزارنے والوں کا بھی تعارف کروایا ۔

حصہ