ڈاکٹر اقبال ہاشمانی ایک مستند ڈاکٹر ہیں تاہم وہ شاعر اور نثر نگار بھی ہیں اس کے علاوہ وہ ہر اتوار کو ایک چھوٹی سی شعری نشست بھی سجاتے ہیں۔ ان کی جو کتابیں اردو ادب کا حصہ بن چکی ہیں ان میں ’’دھنک کی چادر‘‘ بھی شامل ہے۔ نئی اور پرانی صدی کے سنگم پر شائع ہونے والا یہ ناول گزشتہ صدی کا روایتی انداز لیے ہوئے ہے لیکن اس میں آنے والی صدی کے حالات و مسائل کا تذکرہ بھی ہے۔ ڈیڑھ برس تک قسط وار شائع ہونے والی کراچی کی روداد اس ناول کا محور ہے۔ یہ ناول خاصہ تہلکہ خیز ہے کہ اس کی سحر آفرینی ہمارے ذہنوں پر اثر انداز ہے۔ دھند کی چادر ایک استعارہ ہے جو کہ کراچی کے رہائشی لوگوں کی آواز ہے۔ مصنف نے بہت خوب صورت الفاظ میں کراچی کا نوحہ لکھا ہے۔