اگر آپ بار بار بیمار پڑتے ہیں تو اس کی خاص وجوہ میں روز مرہ کی عادات بھی ہیں جو آپ کو بار بار بیمار کرنے کا سبب بنتی ہیں۔
طبی ماہرین کی اکثریت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ جراثیم ہر جگہ موجود ہیں خصوصاً گھروں کے فروش اور باتھ روم کے کموڈ میں ان کی بہتات ہوتی ہے جو انتہائی مضر صحت بات ہے۔ جراثیم سے محفوظ رہنے کے لیے کچھ عادتوں کو ترک کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آپ صحت مند زندگی گزار سکیں۔
بیت الخلا میں مو بائل استعمال کرنے کی عادت:
آج کل بیت الخلا میں موبائل فون کا استعمال ایک عام سی عادت بنتی جارہی ہے اور ایسا کرنے والے افراد خوف ناک غلطی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے ڈاکٹر پال میتیول کا کہنا ہے کہ ٹوائلٹ استعمال کرتے ہوئے موبائل فون کو چھونا ایک بدترین عمل ہے جس سے اجتناب لازمی ہے۔ کموڈ‘ واش بیسن اور باتھ روم کی چیزوں پر جراثیم کی ایک قسم ’’ای کولائی‘‘ پائی جاتی ہے جو انفکیشن اور بیماری کی ابتدائی وجہ بنتا ہے اس لیے باتھ روم میں موبائل کا استعمال نہ کیا جائے تاکہ ہیضے سے بچا جاسکے۔
ہینڈ بیگ اور پرس کی صفائی نہ کرنا:
ہینڈ بیگ اور پرس ہماری روز مرہ زندگی میں استعمال ہونے والی ضروری اشیا میں شامل ہیں اور ان کا ہمارے ہاتھوں سے گہرا بھی تعلق ہے۔ عموماً خواتین ہینڈ بیگز کو جگہ جگہ رکھتی ہیں جہاں موجود جراثیم بیگ سے چپک جاتے ہیں اور پھر یہ بیگ ہاتھوں میں آجاتا ہے جس سے بیماری لگنے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ پانی سے کپڑے کو گیلا کرکے پرس اور ہینڈ بیگ کی صفائی کو معمول بنانے سے بیماری کی ابتدائی وجوہ سے بچا جاسکتا ہے۔
ٹی وی ریموٹ:
عموماً گھروں کی صفائی کے دوران ریموٹ کنٹرول کی صفائی کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ ریموٹ کنٹرول کی صفائی کو غیر ضروری نہ سمجھیے کیوں کہ اکثر گھروں میں ایک سے زائد افراد ریموٹ کنٹرول استعمال کرتے ہیں جس سے جراثیم لگنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ گیلے کپڑے کے ساتھ ریموٹ کو صاف کرنے سے جراثیم کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔