ڈاکٹر محمد افتخار الحق ارقم کا نعتیہ مجموعہ شائع ہوگیا‘ اس سے قبل ان کے دو شعری مجموعے ’’ربنا لک الحمد‘‘ اور ’’مدحِ محمود‘‘ منصۂ شہود پر آچکے ہیں۔ حمد و نعت کے حوالے سے یہ ان کی تیسری کتاب ہے۔ بہت عمدہ کاغذ پر پرنٹ شدہ اس کتاب میں 63 نعتیں ہیں‘ یہ کتاب نعتیہ ادب میں اپنے فکری و فنی محاسن کے باعث ایک منفرد شعری مجموعہ ہے‘ ان کے ہاں الفاظ و تراکیب کا استعمال نہایت خوب صورتی اور مہارت سے کیا گیا ہے۔ ان کی نعت گوئی کے مضامین و موضوعات میں نیاپن ہے‘ مذہبی اساس ان کے شعری مجموعہ کا محور ہے‘ خیالات کا تازہ کاری اور ان کا نعتیہ ڈکشن اس بات کا غماز ہے کہ انہیں نعت گوئی کا سلیقہ آتا ہے اور ان کے ہاں فضائل و مناقبِ رسالت کے ساتھ ساتھ سیرت محمدیؐ کی تبلیغ اور مقاصدِ نبوت کا ابلاغ بھی موجود ہے۔ ان کے ہاں قرآنی حوالہ جات بھی ملتے ہیں‘ ان کے نعتیہ مجموعہ میں ایک نمایاں حصہ نظموں پر مشتمل ہے۔ گجرات کے زرخیز اور جمالیاتی فضا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر افتخار الحق ارقم نے حمدونعت میں واضح فرق رکھا ہے انہوں نے عبد و معبود کے مراتب کا خیال رکھا ہے۔ ان کی شاعری میں وہ تمام خصوصیات نظر آرہی ہیں جو کسی بھی اعتبار سے نعت کا حوالہ ہیں۔