اجتماعی زندگی میں زکوٰۃ کا مقام

432

برادرانِ اسلام! اس سے پہلے دو خطبوں میں آپ کے سامنے زکوٰۃ کی حقیقت بیان کر چکا ہوں۔ اب میں آپ کے سامنے اس کے ایک دوسرے پہلو پر روشنی ڈالوں گا۔
اللہ کی شانِ کریمی:
قرآن مجید میں زکوٰۃ اور صدقات کے لیے جگہ جگہ انفاق فی سبیل اللہ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے یعنی ’’خدا کی راہ میں خرچ کرنا۔‘‘ بعض بعض مقامات پر یہ بھی فرمایا گیا ہے کہ جو کچھ تم راہِ خدا میں صرف کرتے ہو یہ اللہ کے ذمہ قرضۂ حسنہ ہے‘ گویا تم اللہ کو قرض دیتے ہو اور اللہ تعالیٰ تمہارا قرض دار ہو جاتا ہے۔ بہ کثرت مقامات پر یہ بھی ارشاد ہوا ہے کہ اللہ کی راہ میں جو کچھ تم دو گے اس کا بدلہ اللہ کے ذمے ہے اور وہ صرف اتنا ہی تم کو واپس نہ کرے گا بلکہ اُس سے بھی زیادہ دے گا۔ اس مضمون پر غور کیجیے۔ کیا زمین و آسمان کا مالک‘ نعوذ باللہ آپ کا محتاج ہے؟ کیا اُس ذاتِ پاک کو آپ سے قرض لینے کی ضرورت ہے؟ کیا وہ پادشاہوں کا پادشاہ‘ وہ بے حد و حساب خزانوں کا مالک‘ اپنے لیے آپ سے کچھ مانگتا ہے؟ معاذاللہ‘ معاذ اللہ۔ اُسی کی بخشش پر تو آپ پل رہے ہیں‘ اُسی کا دیا ہوا رزق آپ کھاتے ہیں۔ آپ میں سے ہر امیر اور غریب کے پاس جو کچھ ہے سب اُسی کا تو عطیہ ہے۔ آپ کے ایک فقیر سے لے کر ایک کروڑ پتی اور ارب پتی تک ہر شخص اس کے کرم کا محتاج ہے اور وہ کسی کا محتاج نہیں۔ اس کو کیا ضرورت کہ آپ سے قرض مانگے اور اپنی ذاتی کے لیے آپ کے آگے ہاتھ پھیلائے؟ دراصل یہ بھی اس کی شانِ کریمی ہے کہ وہ آپ سے خود آپ ہی کے فائدے کے لیے آپ ہی کی بھلائی کے لیے‘ آپ ہی کے کام میں خرچ کرنے کو فرماتا ہے اور کہتا ہے کہ یہ خرچ میری راہ میں ہے‘ مجھ پر قرض ہے‘ میرے ذمہ اس کا بدلہ ہے اور میں تمہارا احسان مانتا ہوں۔ تم اپنی قوم کے محتاجوں اور مسکینوں کو دو۔ اس کا بدلہ وہ غریب کہاں سے دیں گے‘ ان کی طرف سے میں دوں گا۔ تم اپنے غریب رشتے داروں کی مدد کرو‘ اُس کا احسان اُن پر نہیں مجھ پر ہے۔ میں تمہارے اس احسان کو اتاروں گا۔ تم اپنے یتیموں‘ اپنی بیوائوں‘ اپنے معذوروں‘ اپنے مسافروں‘ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کو جو کچھ دو اسے میرے حساب میں لکھ لو۔ تمہارا مطالبہ اُن کے ذمے نہیں‘ میرے ذمے ہے اور میں اس کو ادا کر دوں گا۔ تم اپنے پریشان حال بھائیوں کو قرض دو اور اُن سے سود نہ مانگو‘ ان کو تنگ نہ کرو‘ اگر وہ ادا کرنے کے قابل نہ ہوں تو ان کو سول جیل نہ بھجوائو‘ ان کے کپڑے اور گھر کے برتن فروخت نہ کرائو‘ ان کے بال بچوں کو گھر سے بے گھر نہ کر دو۔ تمہارا قرض ان کے ذمے نہیں‘ میرے ذمے ہے۔ اگر وہ اصل ادا کر دیں گے تو ان کی طرف سے سود میں ادا کر دوں گا اور اگر وہ اصل بھی ادا نہ کرسکیں گے تو میں اصل اور سود دونوں تمہیں دوں گا۔ اسی طرح اپنی جماعتی فلاح کے کاموں میں‘ اپنے ابنائے نوع کی بھلائی اور بہتری کے لیے‘ جو کچھ تم خرچ کرو گے‘ اس کا فائدہ اگرچہ تمہی کو ملے گا‘ مگر اس کا احسان مجھ پر ہوگا۔ میں اس کی پائی پائی منافع سمیت تمہیں واپس دوں گا۔
یہ ہے اس کریموں کے کریم‘ اُس پادشاہوں کے پادشاہ کی شان۔ تمہارے پاس جو کچھ ہے اسی کا بخشا ہوا ہے۔ تم کہیں اور سے نہیں لاتے۔ اسی کے خزانوں سے لیتے ہو‘ پھر جو کچھ دیتے ہو‘ اس کو نہیں دیتے‘ اپنے ہی رشتے داروں‘ اپنے ہی بھائی بندوں‘ اپنی ہی قوم کے لوگوں کو دیتے ہو‘ یا اپنی اجتماعی فلاح پر صرف کرتے ہو جس کا فائدہ آخر کار تم کو ہی پہنچتا ہے۔ مگر اس فیاضِ حقیقی کو دیکھو کہ جو کچھ تم اس سے لے لے کر اپنوں کو دیتے ہو‘ اسے وہ فرماتا ہے کہ تم نے مجھے دیا۔ میری راہ میں دیا‘ مجھے قرض دیا‘ میں اس کا اجر تمہیں دوں گا۔ اللہ اکبر! خداوندِ عالم ہی کو یہ شان کریمی زیب دیتی ہے۔ اُسی بے نیاز بادشاہ کا یہ مقام ہے کہ فیاضی اور جود وکرم کے اس بلند ترین کمال کا اظہار کرے۔ کوئی انسان اس بلند خیالی کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔
انفاق کی تلقین کیوں؟
اچھا اب اس بات پر غور کیجیے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو نیکی اور فیاضی پر ابھارنے کا یہ طریقہ کیوں اختیار فرمایا؟ اس سوال پر کتنا زیادہ آپ غور کریں گے اسی قدر زیادہ آپ پر اسلامی تعلیمات کی پاکیزگی کا حال کھلے گا اور آپ کا دل گواہی دیتا چلا جائے گا کہ ایسی بے نظیر تعلیم خدا کے سوا کسی اور کی طرف سے نہیں ہو سکتی۔
انسان خود غرض واقع ہوا ہے:
آپ جانتے ہیں کہ انسان کچھ اپنی فطرت ہی کے لحاظ سے مظلوم و جہول واقع ہوا ہے۔ اس کی نظر تنگ ہے۔ یہ زیادہ دور تک نہیں دیکھ سکتا۔ اس کا دل چھوٹا ہے‘ زیادہ بڑے اور اونچے خیالات اس میں کم ہی سما سکتے ہیں۔ یہ خود غرض واقع ہوا ہے اور اپنی غرض کا بھی کوئی وسیع تصور اس کے دماغ میں پیدا نہیں ہوتا۔ یہ جلد باز بھی ہے۔
یہ ہر چیز کا نتیجہ اور فائدہ جلدی دیکھنا چاہتا ہے اور اسی نتیجہ کو نتیجہ اور اسی فائدے کو فائدہ سمجھتا ہے جو جلدی سے اس کے سامنے آجائے اور اس کو محسوس ہو جائے۔ دور رس نتائج تک اس کی نگاہ نہیں پہنچتی اور بڑے پیمانے پر جو فائدے حاصل ہوتے ہیں‘ جن فائدوں کا سلسلہ بہت دور تک چلتا ہے‘ ان کا ادراک تو اسے مشکل ہی سے ہوتا ہے‘ بلکہ بسا اوقات ہوتا ہی نہیں۔ یہ انسان کی فطری کمزوری ہے اور اسی کمزوری کا اثر یہ ہوتا ہے کہ ہر چیز میں یہ اپنے ذاتی فائدے کو دیکھتا ہے اور فائدہ بھی وہ جو بہت چھوٹے پیمانے پر ہو۔ جلدی سے حاصل ہو جائے اور اس کو محسوس ہو جائے۔ یہ کہتا ہے کہ جو کچھ میں نے کمایا ہے‘ یا جو کچھ مجھے اپنے باپ دادا سے ملا ہے وہ میرا ہے‘ اس میں کسی کا حصہ نہیں۔ اس کو میری ضروریات پر‘ میری خواہشات پر‘ میری آسائش پر اور میری لذتِ نفس ہی پر خرچ ہونا چاہیے یا کم از کم یہی ہو کہ میرا نام بڑھے‘ میری شہرت ہو‘ میری عزت بڑھے‘ مجھے کوئی خطاب ملے‘ اونچی کرسی ملے‘ لوگ میرے سامنے جھکیں اور زبانوں پر میرا چرچا ہو۔ اگر ان باتوں میں سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا تو آخر میں کیوں اپنا مال اپنے ہاتھ سے دوں؟ قریب میں کوئی یتیم بھوکا مر رہا ہے یا آوارہ پھر رہا ہے تو میں کیوں اس کی خبر گیری کروں؟ اس کا حق اس کے باپ پر تھا‘ اسے اپنی اولاد کے لیے کچھ چھوڑ کر جانا چاہیے تھا یا انشورنس کرانا چاہیے تھا۔ کوئی بیوہ اگر میرے محلہ میں مصیبت کے دن کاٹ رہی ہے تو مجھے کیا؟ اس کے شوہر کو اس کی فکر کرنی چاہیے تھے۔ کوئی مسافر اگر بھٹکتا پھر رہا ہے تو مجھ سے کیا تعلق؟ وہ بے وقوف اپنا انتظام کیے بغیر گھر سے کیوں نکل کھڑا ہوا؟ کوئی شخص اگر پریشان حال ہے تو ہوا کرے‘ اسے بھی اللہ نے میری ہی طرح ہاتھ پائوں دیے ہیں‘ اپنی ضرورتیں اسے خود پوری کرنی چاہئیں میں اس کی کیوں مدد کروں؟ میں اسے دوں گا تو قرض دوں گا اور اصل کے ساتھ سود بھی وصول کروں گا۔ کیوں کہ میرا روپیہ کچھ بے کار تو ہے نہیں۔ میں اس سے مکان بنواتا یا موٹر خریدتا یا کسی نفع کے کام پر لگاتا۔ یہ بھی اس سے کچھ نہ کچھ فائدہ ہی اٹھائے گا۔ پھر کیوں نہ میں اس سے مکان بنواتا‘ یا موٹر خریدتا یا کسی نفع کے کام پر لگاتا۔ یہ بھی اس سے کچھ نہ کچھ فائدہ ہی اٹھائے گا۔ پھر کیوں نہ میں اس فائدے میں سے اپنا حصہ وصول کروں؟
خود غرضانہ ذہنیت کے نتائج:
اس خود غرضانہ ذہنیت کے ساتھ اوّل تو روپے والا آدمی خزانے کا سانپ بن کر رہے گا یا خرچ کرے گا تو اپنے ذاتی فائدے کے لیے کرے گا۔ جہاں اس کو اپنا فائدہ نظر نہ آئے گا وہاں ایک پیسہ بھی اس کی جیب سے نہ نکلے گا۔ اگر کسی غریب آدمی کی اس نے مدد کی بھی تو دراصل اس کی مدد نہ کرے گا بلکہ اس کو لوٹے گا اور جو کچھ اسے دے گا اس سے زیادہ وصول کرے گا۔ اگر کسی مسکین کو کچھ دے گا تو اس پر ہزاروں احسان رکھ کر اس کی آدھی جان نکال لے گا اوراس کی اتنی تذلیل و تحقیر کرے گا کہ اس میں کوئی خودداری باقی نہ رہ سکے گی۔ اگر کسی قومی کام میں حصہ لے گا تو سب سے پہلے یہ دیکھ لے گا کہ اس میں میرا ذاتی فائدہ کس قدر ہے۔ جن کاموں میں اس کی اپنی ذات کا کوئی فائدہ نہ ہو وہ سب اس کی مدد سے محروم رہ جائیں گے۔
اس ذہنیت کے نتائج کیا ہیں؟ اس کے نتائج صرف اجتماعی زندگی ہی کے لیے مہلک نہیں ہیں بلکہ آخر کار خود اس شخص کے لیے بھی نقصان دہ ہیں جو تنگ نظری اور جہالت کی وجہ سے اس کو اپنے لیے فائدہ مند سمجھتا ہے۔ جب لوگوں میں یہ ذہنیت کام کر رہی ہو تو تھوڑے اشخاص کے پاس دولت سمٹ سمٹ کر اکٹھی ہوتی چلی جاتی ہے اور بے شمار اشخاص بے وسیلہ ہوتے چلے جاتے ہیں۔ دولت مند لوگ روپے کے زور سے روپیہ کھینچتے رہتے ہیں اور غریب لوگوں کی زندگی روز بہ روز تنگ ہوتی جاتی ہے۔ افلاس جس سوسائٹی میں عام ہو وہ طرح طرح کی خرابیوں میں مبتلا ہوتی ہے۔ اس کی جسمانی صحت خراب ہوتی ہے‘ اس میں بیماریاں پھیلتی ہیں۔ اس میں کام کرنے اور دولت پیدا کرنے کی قوت کم ہوتی چلی جاتی ہے۔ اس میں جہالت بڑھتی چلی جاتی ہے۔ اس کے اخلاق گرنے لگتے ہیں۔ وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے جرائم کا ارتکاب کرنے لگتی ہے اور آخر کار یہاں تک نوبت پہنچتی ہے کہ وہ لوٹ مار پر اتر آتی ہے۔ عام بلوے ہوتے ہیں۔ دولت مند لوگ قتل کیے جاتے ہیں۔ ان کے گھر بار لوٹے اور جلائے جاتے ہیں اور وہ اس طرح تباہ و برباد ہوتے ہیں کہ ان کا نام و نشان تک دنیا میں باقی نہیں رہتا۔
اجتماع کی فلاح میں فرد کی فلاح ہے:
اگر آپ غور کریں تو آپ کو معلوم ہو سکتا ہے کہ درحقیقت ہر شخص کی بھلائی اس جماعت کی بھلائی کے ساتھ وابستہ ہے جس کے دائرے میں وہ رہتا ہے۔ آپ کے پاس جو دولت ہے اگر آپ اس میں سے اپنے دوسرے بھائیوں کی مدد کریں تو یہ دولت چکر لگاتی ہوئی بہت سے فائدوں کے ساتھ پھر آپ کے پاس پلٹ آئے گی اور اگر آپ تنگ نظری کے ساتھ اس کو اپنے پاس جمع رکھیں گے یا صرف اپنے ہی ذاتی فائدے پر خرچ کریں گے تو یہ بالآخر گھٹتی چلی جائے گی۔ مثال کے طور پر اگر آپ نے ایک یتیم بچے کی پرورش کی ہو اور اسے تعلیم دے کر اس قابل بنا دیا کہ وہ آپ کی جماعت کا ایک کمانے والا فرد بن جائے تو گویا آپ نے جماعت کی دولت میں اضافہ کیا اور ظاہر ہے کہ جب جماعت کی دولت بڑھے گی تو آپ‘ جو جماعت کے ایک فرد ہیں‘ آپ کو بھی اس دولت میں سے بہر حال حصہ ملے گا‘ خواہ آپ کو کسی حساب سے یہ معلوم نہ ہو سکے کہ یہ حصہ آپ کو اس خاص یتیم کی قابلیت سے پہنچا ہے جس کی آپ نے مدد کی تھی۔ لیکن اگر آپ نے خود غرضی اور تنگ نظری سے کام لے کر یہ کہا کہ میں اس کی مدد کیوں کروں‘ اس کے باپ کو اس کے لیے کچھ نہ کچھ چھوڑنا چاہیے تھا‘ تو وہ آوارہ پھرے گا‘ ایک بے کار آدمی بن کر رہ جائے گا۔ اس میں یہ قابلیت ہی پیدا نہ ہو سکے گی کہ اپنی محنت سے جماعت کی دولت میں کوئی اضافہ کرسکے۔ بلکہ کچھ عجب نہیں کہ وہ جرائم پیشہ بن جائے اور ایک روز خود آپ کے گھر میں نقب لگائے۔ اس کے معنی یہ ہوئے کہ آپ نے اپنی جماعت کے ایک شخص کو بے کار اور آوارہ اور جرائم پیشہ بنا کر اس کا ہی نہیں خود اپنا بھی نقصان کیا۔ اس ایک مثال پر قیاس کرکے آپ ذرا وسیع نظر سے دیکھیں توآپ کو پتا چلے گا کہ جو شخص بے غرضی کے ساتھ جماعت کی بھلائی کے لیے روپیہ صرف کرتا ہے‘ اس کا روپیہ ظاہر میں تو اس کی جیب سے نکل جاتا ہے‘ مگر باہر وہ بڑھتا اور پھلتا پھولتا چلا جاتا ہے‘ یہاں تک کہ آخر میں وہ بے شمار فائدوں کے ساتھ اُسی کی جیب میں واپس آتا ہے جس سے وہ کبھی نکلا تھا۔ اور جو شخص خود غرضی اور تنگ نظری کے ساتھ روپے کو اپنے پاس روک رکھتا ہے اور جماعت کی بھلائی پر خرچ نہیں کرتا‘ وہ ظاہر میں تو اپنا روپیہ محفوظ رکھتا ہے‘ یا سود کھا کر اسے اور بڑھاتا ہے۔ مگر حقیقت میں اپنی حماقت سے اپنی دولت گھٹاتا ہے اور اپنے ہاتھوں اپنی بربادی کا سامان کرتا ہے۔ یہی راز ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اس طرح بیان فرمایا ہے کہ:
(ترجمہ) ’’تم جو سود دیتے ہو اس غرض کے لیے کہ یہ لوگوں کی دولت بڑھائے‘ تو دراصل اللہ کے نزدیک اس سے دولت نہیں بڑھتی‘ البتہ جو زکوٰۃ تم محض خدا کی رضا جوئی کے لیے دو‘ وہ دوگنی چوگنی ہوتی چلی جاتی ہے۔‘‘ (الروم: 39)
لیکن اس راز کو سمجھنے اور اس کے مطابق عمل کرنے میں انسان کی تنگ نظری اور اس کی جہالت مانع ہے۔ یہ محسوسات کا بندہ ہے۔ جو روپیہ اس کی جیب میں ہے اس کو تو یہ دیکھ سکتا ہے کہ اس کی جیب میں سے جو روپیہ اس کے بہی کھاتے کی رُو سے بڑھ رہا ہے‘ اس کو یہ بھی جانتا ہے کہ واقعی بڑھ رہا ہے‘ مگر جو روپیہ اس کے پاس سے چلا جاتا ہے اس کو یہ نہیں دیکھ سکتا کہ وہ کہاں بڑھ رہا ہے‘ کس طرح بڑھ رہا ہے‘ کتنا بڑھ رہا ہے اور کب اس کے پاس فائدوں اور منافع کے ساتھ واپس آتا ہے۔ یہ تو بس یہی سمجھتا ہے کہ اس قدر روپیہ میرے پاس سے گیا اور ہمیشہ کے لیے چلا گیا۔
اس جہالت کے بند کو آج تک انسان اپنی عقل یا اپنی کوشش سے نہیں کھول سکا۔ تمام دنیا میں یہی حال ہے۔ ایک طرف سرمایہ داروں کی دنیا ہے جہاں سارے کام سود خواری پر چل رہے ہیں اور دولت کی کثرت کے باوجود روز بہ روز مصیبتوں اور پریشانیوں میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ دوسری طرف ایک ایسا گروہ پیدا ہو چکا ہے اور بڑھتا چلا جا رہا ہے جس کے دل میں حسد کی آگ جل رہی ہے اور جو سرمایہ داروں کے خزانوں پر ڈاکہ مارنے کے ساتھ انسانی تہذیب و تمدن کی ساری بساط بھی الٹ دینا چاہتا ہے۔
مشکلات کا حل:
اس پیچیدگی کو اُس حکیم و دانا ہستی نے حل کیا ہے جس کی کتابِ پاک کا نام قرآن ہے۔ اس قفل کی کنجی ایمان باللہ اور ایمان بالیوم الآخر ہے۔ اگر آدمی خدا پر ایمان لے آئے اور یہ جان لے کہ زمین و آسمان کے خزانوں کا اصل مالک خدا ہے اور انسانی معاملات کا انتظام اصل میں خدا ہی کے ہاتھ میں ہے اور خدا کے پاس ایک ایک ذرّے کا حساب ہے اور انسان کی ساری بھلائیوں اور برائیوں کی آخر جزا و سزا ٹھیک ٹھیک حساب کے مطابق آخرت میں ملے گی تو اس کے لیے یہ بالکل آسان ہو جائے گا کہ اپنی نظر پر بھروسہ کرنے کے بجائے خدا پر بھروسہ کرے اور اپنی دولت کو خدا کی ہدایت کے مطابق خرچ کرے اور اس کے نفع و نقصان کو خدا پر چھوڑ دے۔ اس ایمان کے ساتھ وہ جو کچھ خرچ کرے گا وہ دراصل خدا کو دے گا۔ اس کا حساب کتاب بھی خدا کے بہی کھاتے میں لکھا جائے گا۔ خواہ دنیا میں کسی کو اس کے احسان کا علم ہو یا نہ ہو‘ مگر خدا کے علم میں وہ ضرور آئے گا اور خواہ کوئی اس کا احسان مانے یا نہ مانے خدا اس کے احسان کو ضرور مانے اور جانے گا اور خدا کا جب یہ وعدہ ہوچکا ہے کہ وہ اس کا بدلہ دے گا تو یقین ہے کہ وہ اس کا بدلہ ضرور دے گا‘ خواہ آخرت میں دے یا دنیا اور آخرت دونوں میں دے۔

حصہ