وہ علامتیں جو وقت کے ضائع کرنے کی نشاندہی کرتی ہیں

584

اتنا مصروف رہنا کہ اپنے اہم کاموں کے لیے وقت نہ ملنا۔
اپنے مقاصد کے پورا کرنے والے کاموں سے عموماً فرار اختیار کرنا۔
عموماً فوری اور ارجنٹ نوعیت کے کاموں میں الجھے رہنا جسے فائر فائٹنگ کہتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں اہم امور رہ جاتے ہیں۔
دفتر میں غیر ضروری طور پر تاخیر سے بیٹھے رہنا۔
دفتر میں کام نہ کرتے ہوئے یہ ظاہر کرنا کہ آپ بہت ہی مصروف ہیں۔ اخلاقی طور پر یہ جھوٹ ہے۔
دفتر کا کام گھر لے جانا۔ گھر کو بھی خراب کرنا اور گھر والوں کی بھی حق تلفی کرنا۔
موڈ کا پابند ہونا اور موڈ بنانے کے لیے پان اور سگریٹ کا استعمال کرنا۔
دوسروں کی دنیا بنانے کی کوشش میں اپنی دنیا فراموش کرنا اور بعض اوقات اپنی آخرت کے لیے مشکلات پیدا کرنا۔
اپنے آپ کو محسوس کرنا اور کرانا کہ آپ کے بغیر ادارہ نہیں چل سکتا۔
اجلاس اور میٹنگز میں بھرپور شرکت اور خوب باتیں مگر کام کے معاملے میں نتائج صفر۔
اس مصرعے کا فائدہ اٹھانا۔ وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہوگیا۔
ہر کام کے لیے پیش پیش اور عمومی کاموں کو وقت پر پورا نہ کرنا۔ اور یہ ظاہر کرنا کہ سارے جہاں کا درد ہمارے جگر میں ہے۔
ہر فرد اپنے اضافی کام دے دے اور آپ بخوشی اسے قبول کرتے رہیں اور کسی کو بھی ’’نہ‘‘ کہنا یا منع کرنا آپ کے لیے مشکل ہو یا آپ کو معذرت کرنے کا فن نہ آتا ہو۔ دوسروں کے اضافی کام کرنے والا عموماً ذہنی دبائو کا شکار ہوجاتا ہے۔
کوئی کام بھی اپنے مقررہ وقت پر نہیں ہونا اور ہر کام کے نہ ہونے کا بہانہ دوسرا کوئی کام ہونا۔
دوسروں کو اس بات کا موقع دینا کہ وہ آپ کو بتائیں کہ آپ اپنے وقت کا بہتر استعمال کیسے کریں۔
اپنی سہولیات کے بل بھی صحیح وقت پر ادا نہیں کرسکنا۔
بعض اوقات گاڑی بیگم اور بچوں سمیت راستے میں کھڑی ہوجاتی ہے کیونکہ مصروفیات کی وجہ سے پٹرول نہیں بھرا سکے تھے اسی انداز سے زندگی کی بھی گاڑی بغیر اسٹیشن کے کھڑی ہوجاتی ہے کیونکہ آپ نے اپنی منزل متعین نہیں کی ہوئی ہوتی اور اپنے گھر والوں کی اہمیت نہیں سمجھی ہوتی۔
زندگی کے معاملات میں عدم توازن، گھر اور کام میں توازن کی کمی، خاندان میں عمومی تنائو اور اضطراب کی کیفیت کے اندر رہنا۔
…٭…
ہمارے تصرفاتِ وقت
ہم اپنا وقت کہاں گزارتے ہیں۔ ہماری مصروفیات
ہماری مصروفیات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ:
کئی مصروفیات ایسی ہیں جو کہ مقاصد کے حصول میں وہ اثر نہیں دکھا رہی ہیں جو کہ مطلوب ہیں۔
کئی مصروفیات ایسی ہیں جن کا ترک کرنا ہی بہتر ہے اور ان سے حاصل ہونے والے وقت کو مقاصد کے حصول میں بہتر طور پر لگایا جاسکتا ہے۔
کئی مصروفیات ایسی ہیں جن کی متبادل صورت اختیار کرکے ہم نصب العین کے حصول میں فاصلوں کو کم کرسکتے ہیں۔
مصروفیات کے جائزے کے لیے ضروری ہے کہ ہم باقاعدگی سے اپنے اوقات کے استعمال کو کچھ عرصے تک ریکارڈ کرتے رہیں۔ اور پھر جائزہ لیں تو اس صورت میں تجزیہ کرنے اور فیصلہ کرنے میں آسانی ہوجائے گی۔
کوشش کریں کہ آپ ہر ہفتے اپنی مصروفیات کا جائزہ لیں اور پھر تجزیہ کریں کہ آپ کا وقت کہاں خرچ ہورہا ہے اور اس خرچ ہونے والے وقت میں کتنا وقت مفید کاموں اور اپنی زندگی کے مقاصد کے حصول میں اور کتنا وقت صرف گزر ہی رہا ہے اور آپ اس سے کوئی فائدہ نہیں اٹھارہے۔
اگلے صفحے کے چارٹ کے مطالعہ کے بعد آپ اپنی زندگی کا بھی ماہانہ جائزہ لینے کی کوشش کریں۔

حصہ