اسلامی جمعیت طالبات حق و صداقت کا عَلم لے کر معاشرے میں خیر کی ترویج کے لیے کوشاں طالبات کا وہ پْرعزم قافلہ ہے جو 52 سال سے معاشرے میں صالحیت کو پروان چڑھا رہا ہے۔ نصف صدی سے زائد کا یہ سفر طالبات کی بے لوث کوششوں، محنتوں اور قربانیوں سے عبارت ہے۔ گو کہ یہ طالبات تعداد میں کم ہیں لیکن یہ دھرتی کا وہ نمک ہیں جس کے ہوتے ہوئے معاشرے میں خیر پروان چڑھتا رہے گا اور شر کی بیخ کنی ہوتی رہے گی۔
اسلامی جمعیت طالبات پاکستانی طالبات کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو تعلیمی اداروں میں طالبات کو درپیش مسائل اور چیلنجز کو حل کرنے، اور ان کی صلاحیتوں کی نشوونما کے لیے انہیں ہر فورم پر پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے موجود ہے۔ جمعیت نہ صرف علمی انقلاب کے لیے جدوجہد کررہی ہے بلکہ تعلیمی اداروں میں باطل نظریات کے خلاف بھی سرگرم عمل ہے۔ اگر آج پاکستان کے تعلیمی ادارے نام نہاد ثقافتی سرگرمیوں کا گڑھ بننے سے محفوظ ہیں تو اس کی بڑی وجہ جمعیت کا فعال اور مخلصانہ کردار ہے۔جمعیت کا امتیازی وصف یہ ہے کہ اس کی تربیت کا اثر کارکنان کی زندگی پر جزوقتی نہیں بلکہ ہمیشہ کے لیے ہوتا ہے۔ جمعیت نے معاشرے کو ایسے ثابت قدم افراد دیے ہیں جنہوں نے ہر حال میں خوفِ الٰہی اور رضائے الٰہی کا رنگ اپنی زندگی پر غالب کیے رکھا ہے۔
تاسیس کے اس پُرمسرت موقع پر تمام کارکنانِ جمعیت بھی مبارک باد کی مستحق ہیں۔ ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ ہم سب اس کارِ خیر کا حصہ ہیں جس کی منزلِ مقصود صراطِ مستقیم اور رضائے الہٰی کا حصول ہے۔ جمعیت کا یہ عظیم سفر اسی طرح جاری رہے گا اور اس کی تابندہ تاریخ خود کو دہراتی رہے گی۔ اِن شاء اللہ اسلام کا عَلم اس سرزمین پر ہمارے ہی ہاتھوں لہرائے گا۔