شہ نشیں ادبی تنظیم کا پہلا مشاعرہ

174

شہ نشیں ادبی تنظیم کراچی کا پہلا مشاعرہ 30 جون 2021ء کو ناظم آباد میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر جاوید منظر نے صدارت کی۔ فیصل آباد سے آئے شاعر ساغر ہاشمی مہمان خصوصی اور اختر سعیدی مہمان اعزازی تھے۔ حامد سید نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ صاحب صدر نے کہا کہ آج کے مہمان خصوصی ساغر ہاشمی بہت اچھے شاعر ہیں‘ ان کی شاعری میں غزل کے تمام رنگ نظر آرہے ہیں مجھے امید ہے کہ یہ مزید ترقی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہ نشیں ادبی تنظیم قابل مبارک باد ہے کہ ان کا پہلا مشاعرہ بہت کامیاب ہے۔ مہمان خصوصی ساغر ہاشمی نے کہا کہ کراچی اب جاگ رہا ہے‘ یہاں قتل و غارت گری کا سلسلہ تھم چکا ہے‘ زندگی کے تمام شعبے آگے بڑھ رہے ہیں‘ شعرائے کرام بھی معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ میں شہ نشین ادبی تنظیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میرے لیے یہ تقریب سجائی۔ میزبانِ مشاعرہ مقبول زیدی نے کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد پوری دلجمعی سے اشعار کہہ رہے ہیں‘ ہم ادب کی خدمت کے لیے میدان میں آئے ہیں‘ ہمارا کسی بھی ادبی تنظیم سے کوئی بغض و عناد نہیں ہے‘ ہم سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ مہمان خصوصی‘ مہمان اعزازی اور ناظم مشاعرہ کے علاوہ راقم الحروف نثار احمد‘ ہاتف الوری‘ پروین حیدر‘ آسی سلطانہ‘ ضیا زیدی‘ الحاج یوسف اسماعیل‘ ذوالفقار حیدر پرواز‘ مقبول زیدی‘ منیر حسین منیر اور رئیس النصر نے اپنا کلام نذر سامعین کیا۔

حصہ