مدحت ِخیر الوریٰ

274

حمدِ باری مدحتِ خیر الوریٰ کرتے رہے
جب تلک جیتے رہے یہ حق ادا کرتے رہے
مصحفِ رخ پر نظر آئیں جو آیاتِ جمال
ہم بھی سرشاری میں وردِ والضحی کرتے رہے
اک تبسم تھا ہماری اشکباری کا جواب
جان و دل ہم اک تبسم پر فدا کرتے رہے
اک نظر میں ان سے سودے جان و دل کے ہو گئے
اہلِ دل آتے رہے عہدِ وفا کرتے رہے
عالمِ خاکی میں رازِ قاب و قوسین کہہ گئے
بات تھی سرِ خفی کی برملا کرتے رہے
جنبشِ لب بھی ہے آدابِ محبت میں حرام
ان کے در پر التجائے بے صدا کرتے رہے
ہر خطا تھی اک بہانہ ان کی رحمت کے لیے
ہم خطا کرتے رہے اور وہ عطا کرتے رہے
ان کے در کے سنگریزے ہیں جبیں تاب جہاں
لاکھوں الماسؔ و گہر کسبِ ضیا کرتے رہے

حصہ