اچھا دوست

1153

میرا نام احمد ہے اور میں کلاس 4 میں پڑھتا ہوں ۔
کل مجھے ٹیچر نے مضمون لکھنے کو دیا عنوان تھا ” میرا سب سے اچھا دوست” ۔
میں سوچنے لگا کہ کس دوست کے بارے میں لکھوں سب سے پہلے مجھے ابراہیم کا خیال آیا مگر اس سے ملے ہوئے تو کتنے دن ہو گئے اب تو اسکول نہیں جاتے تو ملاقات کیسے ہوگی ، پہلے وہ سب سے اچھا دوست تھا،مگر اب تو نہیں ۔
پھر مجھے لگا کہ یوسف جو میری خالا کا بھی بیٹا ہے وہ میرا سب سے اچھا دوست ہے ،لیکن نہیں ،اس سے تو کبھی کبھی لڑائی بھی ہوجاتی ہے اور اس کی تو میرے چھوٹے بھائی علی سے زیادہ دوستی ہے پھر وہ میرا دوست کیسے ہوا؟
اچھا عالیان !! میں نے سوچا ،عالیان ہمارے گھر کے برابر والے گھر میں رہتا ہے ،میں نے لکھنا شروع کیا ہم دونوں ساتھ کھیلتے بھی ہیں ،سائیکل کی ریس بھی لگاتے ہیں ،ایک دوسرے کے گھر بھی آتے جاتے ہیں اور …احمد کو اچانک کچھ خیال آیا اس نے جو لکھا تھا وہ سب مٹا دیا اور جلدی جلدی کچھ لکھنے لگا ،جب اس کا مضمون پورا ہوا تو اس نے امی کو دکھایا امی نے پڑھنا شروع کیا ،لکھا تھا ” میرا نام احمد ہے اور میں چوتھی جماعت میں پڑھتا ہوں، میرا سب سے اچھا دوست میرا موبائل فون ہے ،جب لاک ڈاؤن نہیں تھا تب تو موبائل کے علاوہ بھی بہت سارے دوست تھے ابراھیم ،عفان ،مصطفیٰ ، یوسف ،اشعر ،مگر اب تو کسی سے بھی دوستی نہیں ہے ،لیکن موبائل سب سے اچھا ہے، وہ ہر وقت میرے ساتھ ہوتا ہے ، اس سے نہ صرف سب دوستوں سے بات چیت ہوجاتی ہے بلکہ صبح اٹھتے ہی اسکول کی آن لائن کلاس بھی اس پر ہی ہوتی ہے آن لائن کلاس میں ہم سب دوست ایک دوسرے کو صرف دیکھ سکھتے ہیں لیکن نہ مل کر لنچ کرسکتے ہیں ،نہ کوئی شرارت ،کوئى پنش میں بھی کھڑا نہیں ہوتا ،کینٹین سے چپکے چپکے چیز لا کر کھانے کا مزہ بھی ختم ہو گیا ، ہم سب مل کر کوئی بھاگ دوڑ والا کھيل بھی نہیں کھیلتے اسکول کا تو اپنا ہی مزا تھا لیکن اب یہ سب کام میں اپنے دوست موبائل کے ساتھ کرتا ہوں ،اس پر گیم بھی کھیلتا ہوں دوست بھی بناتا ہوں ،ہوم ورک ،کلاس ورک بھی سب اس پر ہی ہوتا ہے میرا بالکل پکا اور سب سے اچھا دوست ہے ۔۔۔ ۔ ” آگے بھی بہت کچھ لکھا تھا ، امی نے پورا مضمون پڑھا اور کچھ سوچنے لگیں تو احمد نے پريشانى سے پوچھا ” کیا ہوا امی ، آپ کو اچھا نہیں لگا ،؟”
” احمد: مضمون تو بہت اچھا ہے لیکن موبائل آپ کا دوست صرف اس وقت تک ہے جب تک آپ اس کو اچھے اور درست کاموں میں استعمال کریں گے ،اگر آپ زیادہ ٹائم موبائل فون کو دیں گے تو یہ آپ کا گندا والا دوست بنے گا جو آپ کو بھی خراب کرسکتا ہے ” امی نے سمجھایا…
” کیا مطلب؟”
” مطلب یہ ہے کہ ابھی تو اسکول کی پڑھائی آن لائن ہو رہی ہے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہم دوستوں سے بھی نہیں مل سکتے ،مگر انشاء اللہ جلد ہی سب ٹھیک ہو جائے گا تو پھر موبائل تو دوست نہیں ہونا چاہیے ناں” ۔
” تو پھر میرا سب سے اچھا دوست کون ہوا” احمد نے پوچھا ۔
” مضمون تو آپ کا اچھا ہے مگر علی آپ کابھائى آپ کا سب سے اچھا دوست ہے جو ہر وقت ساتھ ساتھ ہے علی کے ساتھ مل کر کھیل بھی ہوتا ہے اور لڑائی بھی ،لنچ بھی ہوتا ہے اور ہوم ورک بھی ”
” واہ بھئی واہ امی یہ تو آپ نے بہت ہی اچھی بات بتائی ،لیکن اگر کسی کابھائى نہ ہو تو “؟
” بھائى بہن امی ابو سب دوست ہوتے ہیں ان کے ساتھ تو مل جل کر رہنے میں سب سے زیادہ مزہ آتا ہے” ۔
” اس کا مطلب میرا بھائی علی میرا سب سے اچھا دوست ہے”؟
جی ہاں ۔۔امی نے کہا بھائی بہن ہی سب سے اچھے دوست ہوتے ہیں” ۔
يہ سن کر احمد خوشى خوشى پھر سے مضمون لکھنے لگا۔

حصہ