حافظ نعیم الرحمٰن کا شہریوں سے اظہار تشکر
الخدمت سال ہا سال سے لوگوںکی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے، اور اس کے تمام کام خالصتاً اللہ کی رضا اور انسانیت کی خدمت کے عظیم ترین مقصد کے تحت ہیں۔کورونا وائرس آیا تو الخدمت نے وہ کام دنوں میں کر دکھائے جن کے بارے میں مہینوں سوچا جاتا ہے۔ الخدمت نے جہاں لاکھوں لوگوں کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کی دہلیز پر راشن پہنچایا، وہیں شہر میں ہونے والے طویل لاک ڈاؤن سے متاثرہ لوگوں تک پکا پکایا کھانا تقسیم کیا، 50 ہزار من گوشت لوگوں تک پہنچایا، شہر بھر میں مساجد،امام بارگاہوں، مندروں وگرجا گھروں میں اسپرے کیا، سرکاری و نجی اسپتالوں کو حفاظتی لباس فراہم کیے، سستی روٹی پراجیکٹ کے تحت تنور بنائے۔ الخدمت نے لوگوں کی کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے ناظم آباد میں کروڑوں روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ ’’کورونا لیب‘‘ قائم کی، پی ای سی ایچ ایس میں ’’ڈرائیو تھرو‘‘کورونا ٹیسٹنگ سینٹر اور گلشنِ حدید میں کورونا ٹیسٹنگ کلیکشن پوائنٹ قائم کیا، جبکہ اس میں مزید وسعت کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ یہی نہیں، الخدمت کفالتِ یتامیٰ جیسی عظیم ترین خدمت اور بے روزگاروں کو چھوٹے بلاسودی قرضے فراہم کررہی ہے۔ الخدمت فائونڈیشن بارشوں اور ملک میں آنے والے ہنگامی حالات میں بھی میدانِ عمل میں نکلتی ہے۔ اس کے شہر بھر میں ہیلپ سینٹر، کلین واٹر پروجیکٹ کے تحت 40 سے زائد واٹر پلانٹ لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ شہر کی سب سے بڑی میت بس سروس کا اعزاز بھی الخدمت کے پاس ہے۔
یہ تمام کام جذبے اور طویل قربانیوں کے بعد پایہ تکمیل تک پہنچے ہیں، لیکن ان تمام کاموں کو وسعت دینے کی ضرورت ہمیشہ ہی رہتی ہے۔ رمضان المبارک اور عید الاضحیٰ کے دو خاص مواقع ایسے ہوتے ہیں، جب لوگ دل کھول کر الخدمت کو نہ صرف عطیات دیتے ہیں بلکہ فی سبیل اللہ قربانی میں بھی حصہ لے کر لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرتے ہیں۔ گزشتہ برسوں کی طرح رواں برس بھی عیدالاضحی پر الخدمت نے مخیر افراد کی جانب سے بڑے پیمانے پر فی سبیل اللہ قربانی کا اہتمام کیا اور اس کا گوشت مستحقین، غربا، مساکین اور ضرورت مندوں تک پہنچایا۔
الخدمت نے شامی مہاجرین اور برمی پناہ گزینوں کے لیے بھی بڑی مقدار میں گوشت روانہ کیا، جس کا مقصد شامی اور برمی متاثرہ پناہ گزینوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا۔ یہ تمام کام الخدمت حکومتی امداد کے بغیر کرتی ہے، تاہم مخیر حضرات ان کاموں میں الخدمت کے شریکِ سفر ، اور لوگوں کی خدمت کے عظیم مقصد میں پیش پیش رہتے ہیں۔
الخدمت ہر سال چرم قربانی کی مہم بھی بھرپور طریقے سے چلاتی ہے اور جماعت اسلامی اس کا حصہ ہوتی ہے، جس سے یہ مہم مزید منظم ہوجاتی ہے۔ جماعت اسلامی کا ہر کارکن عید کے تینوں دن بغیر کسی لالچ یا معاوضے کے اللہ کی خوشنودی اور لوگوں کی خدمت کی غرض سے کھالیں جمع کرکے انہیں الخدمت کے تحت قائم ٹینری تک پہنچانے میں مصروف رہا۔ اس مہم میں شریک ہر کارکن، ہر رضا کار کے پیش نظر مقصد اللہ کی رضا کا حصول تھا، یہی جذبہ اور ولولہ تھا کہ تنظیمی لحاظ سے منقسم 10اضلاع سے کھالیں جمع کی گئیں۔
الخدمت نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران اپنے بے مثال کاموں کی وجہ سے شہرِ قائد میں اپنی خدمات کا لوہا منوایا اور لوگ اس کی خدمات کے معترف ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔ یہی وجہ ہے کہ الخدمت کو ماضی کے مقابلے میں قربانی کی ریکارڈکھالیں ملیں۔ یہ تھی الخدمت کے کاموں کی وہ ستائش جو لوگوں کی جانب سے قربانی کی کھالوں کی صورت میں کی گئی۔
چرم قربانی مہم گزشتہ کئی دہائیوں سے بھرپور انداز سے جاری ہے، مگر اس بار شہریوں پر نہ قربانی کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی دباؤ دیکھنے میں آیا، نہ ہی چرم قربانی دینے کے حوالے سے کوئی دباؤ تھا۔ شہریوں نے اطمینان بخش طریقے سے قربانی کی، اور اپنی مرضی سے الخدمت کو کھالیں دیں۔ شہر میں امن وامان کے لحاظ سے بھی الحمدللہ سکون تھا۔
چرم قربانی مہم میں الخدمت کے رضاکاروں، جماعت اسلامی کے ذمہ داران اورکارکنان کی طرح الخدمت کے مرکزی ذمہ داران نے بھی ماضی کی طرح اپنا مثالی کردار ادا کیا اور تینوں دن مصروفِ عمل رہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شہر بھر میں قائم چرم قربانی سینٹرز کے دورے کیے اور وہاں چرم قربانی جمع کرنے میں مصروف رہنماؤں اور کارکنوں کی دلجوئی کرتے رہے اور ان کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، نگراں مرکزی چرم قربانی مہم انجینئر صابر احمد نے بھی مہم میں انتہائی مصروف وقت گزارا، اور پوری مہم کی نہ صرف نگرانی کی بلکہ رضاکاروں کی رہنمائی اور ان کی مدد میں مصروف رہے۔
چیف ایگزیکٹو الخدمت فائونڈیشن انجینئر سلیم اظہر اور امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے بھی مرکزی کیمپ کا دورہ کیا اور الخدمت کے رضاکاروں کی محنت اور لگن کو سراہا، جبکہ مسیحی برادری کے رہنما بھی کیمپ آئے اور الخدمت کے ذمہ داران کو عید الاضحی کی مبارکباد اور مٹھائی پیش کی۔
جماعت اسلامی اور الخدمت کی جانب سے شہر بھر میں کیمپ قائم کیے گئے تھے، جہاں نہ صرف لوگوں نے ازخود قربانی کی کھالیں دیں بلکہ کارکنان نے ٹیلی فونک اطلاعات پر بھی گھروں پر جاکر کھالیں جمع کیں۔ چرم قربانی مہم کے آخری روز امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کے تمام رضاکاروں اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنان سے اظہارِ تشکر کیا اور انہیں کامیاب ’’چرم قربانی مہم‘‘پر مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلِ کراچی نے اِس بار جماعت اسلامی اور الخدمت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ماضی کے مقابلے میں قربانی کی ریکارڈ کھالیں دی ہیں، میں کراچی کے شہریوں کا تہِ دل سے شکر گزار ہوں کہ وہ الخدمت پر اعتماد کرتے اور اس کے فلاحی کاموں کو سراہتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت نے ہمیشہ مشکل وقت اور عام حالات میں لوگوں کی خدمت کی ہے۔ ہماری خدمت اللہ کی رضا کے حصول کے لیے ہے۔ دریں اثنا میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا اس کی ایمان داراور دیانت دار قیادت نے لوگوں کی خدمت کی، جب عبدالستار افغانی میئر رہے اور نعمت اللہ خان سٹی ناظم رہے تو انہوں نے کراچی کی بے مثال خدمت کی جس کا اعتراف آج بھی لوگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چرم قربانی کے نرخ گو ماضی جیسے نہیں، مگر پھر بھی لوگوں نے ہم پر اعتمادکیا جس پر جماعت اسلامی شہریوں سے اظہارِ تشکر کرتی ہے۔