فرنیچر گھر کی سجاوٹ کا ایک اہم انداز

1114

مہر النساء
کہا جاتا ہے کہ کسی گھر کے لیے فرنیچر کی خریداری سے زیادہ صبر آزما لمحات اور کوئی نہیں ہوتے۔
فرنیچر کی پسند اور اس کی خریداری ایک طویل صبر اور ایک خاص ذوق کی متقاضی ہوا کرتی ہے۔ ہوتا یہ ہے کہ جب ضرورت ہوتی ہے اُس وقت خریداری کے لیے بازار کی طرف دوڑ لگ جاتی ہے اور جی چاہتا ہے کہ فوری طور پر جتنی خریداری ممکن ہو، کرلی جائے۔ اور یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب آپ کو اپنے آپ پر قابو پانے کی ضرورت ہوتی ہے۔
آپ نے اپنے گھر اور کمروں کو سجانے کا فیصلہ کرلیا ہے، لیکن فرنیچر کی خریداری سے پہلے بہتر ہے کہ آپ گھر کی دوسری سجاوٹ مکمل کرلیں، جیسے دیواروں کے رنگ، وال پیپرز، چھت کی آرائش، فرش پر پالش وغیرہ، اس کے بعد کمرے کے رنگ اور بناوٹ وغیرہ کو دیکھتے ہوئے فرنیچر کا فیصلہ کریں۔
اگر کمرہ انفرادی نوعیت کا، خوب صورت اور ڈیزائننگ کے لحاظ سے منفرد بنا ہوا ہے تو آہستہ آہستہ آئٹم سے آئٹم تک اس کی خوب صورتی اور سجاوٹ میں اضافہ کرتی چلی جائیں (ظاہر ہے کہ اس میں فرنیچر کا بھی سب سے بڑا عمل دخل ہے)۔ مشورہ یہ ہے کہ فرنیچر کی خریداری کے لیے بے تاب ہوکر دوڑ نہ لگائیں، بلکہ بہت آرام اور اطمینان سے بیٹھ کر یہ سوچیں کہ آپ کو کس قسم کا فرنیچر چاہیے، اور فرنیچر بھی ایسا جو بہتر اور خوب صورت ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کے بجٹ کے مطابق ہو۔ لہٰذا فرنیچر کی خریداری سے پہلے پانچ باتیں اپنے ذہن میں ضرور رکھیں:
-1 آپ کے گھر میں اِس وقت جتنا فرنیچر موجود ہے اس کی فہرست بنا لیں۔ کس کو تبدیل کرنا ہے، کس کی مرمت ہونی ہے، یہ ساری باتیں آپ کو اس فہرست میں لکھنی ہیں، اور اس کے ساتھ ان پر ہونے والے اخراجات کا اندازہ بھی لگا لیں۔
-2 ایک وہ فہرست بنائیں جن چیزوں کی خریداری آپ کو کرنی ہے۔ یعنی مطلوب فرنیچر، مع اس کی قیمت کے۔ ہوسکتا ہے کہ آپ نے کچھ عرصے پہلے اس فرنیچر کی قیمت دریافت کی ہو۔ اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی قیمت میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے، اس لیے معلوم قیمت میں دس فیصد کا اور اضافہ کرلیں، بلکہ احتیاطاً دس اور بڑھا لیں، کیونکہ ممکن ہے کہ آپ کو کوئی دوسرا بہتر ڈیزائن پسند آجائے۔ مختصر یہ کہ آپ خوب اچھی طرح ذہنی طور پر تیار ہوکر فرنیچر کی خریداری کریں۔
-3 بہت ممکن ہے کہ سارا فرنیچر آپ کے بجٹ کے عین مطابق ہی ہو، اس کے باوجود اس میں اضافے کے لیے تیار رہیں۔
-4 یہ بھی ہوسکتا ہے کہ نئے فرنیچر کی بہ نسبت پرانا فرنیچر بھی آپ کی ضرورت اور شوق کو پورا کرسکے۔
ہر قسم کی ڈائننگ ٹیبل آپ کو پرانے فرنیچر کا کاروبار کرنے والوں کے یہاں آسانی سے مل سکتی ہے، یا آپ اپنے قریبی کسی بڑھئی سے کم قیمت اور لاگت پر فرنیچر بنوا سکتی ہیں۔
اگر میز کا معیار وہ نہیں بھی ہے جو آپ نے سوچ رکھا ہے تو ایک اچھا خوب صورت ٹیبل کلاتھ اس کے عیب کو چھپا سکتا ہے، اس لیے کیا ضروری ہے کہ آپ بالکل نئے فرنیچر پر دھیان دیں!
-5 فرض کریں کہ بجٹ آپ کی توقع سے کہیں زیادہ ہورہا ہو، تو پھر یہ سوچیں کہ کیا کیا چیزیں کم کی جاسکتی ہیں، یا کیا چیز پرانی خریدی جاسکتی ہے۔ آیئے ہم آپ کو کچھ ایسی ترکیبیں بتائیں جن پر عمل کرکے آپ کم خرچ میں بہتر فرنیچر تیار کروا سکتی ہیں۔ آپ نے بہت سے گھروں میں اس قسم کی میزیں دیکھی ہوں گی جنہیں بہت آسانی سے اٹھاکر دیوار کے ساتھ لگا دیا جاتا ہے۔ یہ تہہ ہوجانے والی میزیں اور فرنیچر ہوا کرتے ہیں۔ آپ صوفے تک اس انداز سے بنا سکتی ہیں۔ دیوار کے ساتھ پلائی ووڈ کا ایک پلیٹ فارم لگا دیں، اوپر کارپٹ بچھا دیں، کشن رکھ دیں، اس کے علاوہ دیوار کو سر کے میل وغیرہ سے بچانے کے لیے دیوار کے ساتھ فوم لٹکا دیں۔
یہ ایک انتہائی خوب صورت اور جدید انداز کا صوفہ بھی ہوگیا اور اس کی لاگت بھی آپ کے اندازے سے بہت کم ہوگئی۔ اصل بات آپ کے حُسنِ ذوق اور حُسنِ سلیقہ کی ہے۔

ماں کی یاد میں

رفعت انعام عثمانی

مامتا کا گھر میں جب نور تھا
ہر کوئی اپنے تئیں مسرور تھا
رات دن تھے جب خوشیوں سے بھرے
مسکراہٹیں اور قہقہے بکھرے ہوئے
تھا سلیقے میں بھی مثالی وہ گھر
مطمئن تھا گھر کا ہر ایک بشر
یوں اچانک غم کا طوفان چھا گیا
سایۂ شفقت سر سے اٹھ گیا
تھی گوارہ نہ کبھی جدائی جس اولاد کی
ہو گئی دائم جدائی یک دم سے ہی
باپ کی حاصل رہیں گو ہمیشہ شفقتیں
زندگی میں ہو گئیں شامل بہت سی کلفتیں
جو رفعتؔ گزرے ہیں اس سانحہ کو کتنے سال
ذہن کے گوشے سے ہٹتا نہیں بالکل خیال

حصہ