اپنے بچوں کو سبزی اور پھلوں کا عادی بنائیں

338

’’کیا آپ کا بچہ پھل اور سبزیاں نہیں کھاتا؟‘‘
یہ وہ سوال ہے جس کا جواب 90 فیصد مائوں کی جانب سے مثبت آتا ہے، کیوں کہ عام طور پر بچے سبزی اور پھل کھانے کے چور ہوتے ہیں۔ تاہم اگر تھوڑی سی کوشش کی جائے تو رنگ برنگے پھل اور مزیدار سبزیاں آپ کے بچے کی زندگی کا حصہ بن سکتی ہیں۔ اس کے لیے سب سے پہلے آپ خود کو پھل اور سبزیوں کا عادی بنائیں، کیوں کہ بچے عموماً کھانے پینے کے معاملے میں والدین کی تقلید کرتے ہیں۔ اس کے بعد بچوںکو پھل اور سبزیوں کی جانب مائل کرنے کی کوشش کریں۔
بچے مزیدار اور چٹ پٹے اسنیکس کے شوقین ہوتے ہیں، انہیں مصنوعی مشروبات سے زیادہ شغف ہوتا ہے۔ بچوں کی پسند کو دیکھتے ہوئے والدین تنگ آکر انہیں سبزی اور پھل دینا بند کردیتے ہیں جو غلط طرزِعمل ہے، کیوں کہ وہ دیکھتے ہیں کہ بچے اکثر یہ چیزیں پلیٹ یا لنچ باکس میں بغیر کھائے ہی چھوڑ دیتے ہیں۔ بچوں کو اسنیکس کے ساتھ ہی مختلف پھل اور سبزیوں کے چھوٹے حصے دینا شروع کریں۔ یاد رکھیے کہ نہ ہونے سے کم مقدار میں ہونا زیادہ بہتر ہے۔ آپ کی منتخب سبزیاں اور پھل رنگ برنگے اور پُرکشش ہونے چاہئیں تاکہ بچے ان کی جانب متوجہ ہوسکیں۔
جب بچے دیے گئے پھل اور سبزیاں کھا لیں تو ان کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ پھل اور سبزیاں کھانے کی طرف آمادہ ہوں۔ بچوں کو کھانے کی منصوبہ بندی اور تیاری کے عمل میں شامل رکھیں۔ ایسا کرنے کے بعد اگر وہ سبزی یا پھل کھانے سے انکار کریں تو کم از کم آپ انہیں یہ باور کرا سکتی ہیں کہ کھانا ان کی مرضی کے مطابق ہی بنایا گیا ہے۔ کھانا اتنا لذیذ اور مزے دار بنائیں کہ بچے اس کو لطف لے کر کھا سکیں۔ کھانے کی سجاوٹ پر خصوصی توجہ دیں اور جہاں تک ممکن ہوسکے سبزیاں اور پھل کھانے میں شامل کریں۔ بازار جاتے وقت بچوں کو اپنے ہمراہ لے کر جائیں، پھل اور سبزیوں کے انتخاب میں اپنے بجائے بچوں کی پسند کو نظر میں رکھیں۔ بچوں کو پھل اور سبزیوں کی تصویر یا ڈرائنگ بنانے کو کہیں، ان کے بارے میں تفصیل بتائیں اور اس حوالے سے ان کی مدد کریں۔
کھانے کی میز پر کچی کھائی جانے والی سبزیاں ضرور رکھیں، بچوں کی پلیٹ میں سبزیوں کی سلاد اور پھل کا ایک ٹکڑا بھی رکھیں اور انہیں کھانے کے لیے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں۔کھانا کھانے سے قبل جب بچے بھوک کا شور مچا رہے ہوں، اس وقت اگر بچوں کو تھوڑی سی کچی سبزیاں دے دی جائیں تو انہیں کھانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

حصہ