الخدمت کے زیر اہتمام انیول کنیکٹ2025 کی تقریب

85

جو خدمتِ خلق کو اپنا شعار کرتے ہیں
وہی زمیں پہ جنت کا کاروبار کرتے ہیں

انسانی خدمت کرنے والے وہ عظیم لوگ ہیں جو بغیر کسی ذاتی فائدے کے دوسروں کی مدد کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ یہ لوگ کسی رنگ، نسل، مذہب یا ذات پات کے امتیاز کے بغیر ہر ضرورت مند کے لیے ہاتھ بڑھاتے ہیں۔ ان کا جذبۂ ایثار معاشرے میں امید اور محبت کی روشنی پھیلاتا ہے۔ ایسے لوگ زندگی کے ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں، ان کا مقصد انسانیت کی خدمت اور مرجھائے چہروں پر خوشیاں بکھیرنا ہوتا ہے، اور یہی خلوص انہیں معاشرے کا حقیقی ہیرو بناتا ہے۔ انسانیت کے لیے ان کا ہر عمل محبت اور ہمدردی کی عملی تصویر کے ساتھ معاشرے کے لیے بہترین مثال بنتا ہے۔ الخدمت 8 شعبہ جات میں لوگوں کی خدمت میں سارا سال مصروف رہتی ہے، مگر اس کے پیچھے ٹیم ورک ہوتا ہے جو الخدمت کے کاموں کو نہ صرف وسیع کررہا ہوتا ہے بلکہ اسے معاشرے میں نمایاں حیثیت بھی دلاتا ہے۔

الخدمت اپنے کارکنان کو اُن کی سال بھر محنت اور جدوجہد کے نتیجے میں داد و تحسین سے نوازتی، اور بہترین کارکردگی کے حامل کارکنان کو پروموشنز کے مراسلے دینے کے لیے سالانہ تقریب کا اہتمام کر تی ہے۔ ہرسال کی طرح اِس سال بھی الخدمت نے کارکنان کے لیے 2025ء کے سلوگن کے تحت ’’میری الخدمت اینول کنیکٹ 2025‘‘کے عنوان سے تقریب مقامی ہال میں منعقد کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت مواخات پروگرام کے سراج الاسلام نے حاصل کی۔ نعتِ رسول مقبولؐ واش پروگرام کے محمد آصف نے اپنی خوبصورت آواز میں پیش کی۔ تقریب میں الخدمت کے آٹھوں شعبہ جات میں مختلف کیٹگریز میں کارکنان کو ایوارڈز دیے گئے جبکہ الخدمت اسپتالوں، الخدمت ہیڈ آفس، فارمیسیز،واش، آرایم ڈی اور بنو قابل سمیت دیگر شعبوں کے بہترین کارکردگی دکھانے والے کارکنان کو ترقی کے مراسلے دیے گئے۔ الخدمت سے رخصت ہونے والے سابق چیف فنانشل آفیسر ابوالاعلیٰ صدیقی، منیجر آغوش ہوم مصعب بن عبدالقادر اور منیجر بنوقابل پروگرام حمودالرحمن کو ان کی الخدمت میں خدمات پرتہنیتی مراسلے پیش کیے گئے۔ جبکہ الخدمت کے واش پروگرام، آرفن فیملی سپورٹ پروگرام، مینٹی نینس ڈپارٹمنٹ، بنوقابل، ڈائیگنوسٹک سروسز اورکمیونٹی سروسز کے شعبہ جات کو سال بھر کی بہترین کارکردگی پر چیمپئنز ٹرافیاں دی گئیں۔ تقریب میں الخدمت کی 2024ء کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ پیش کی گئی۔

تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، الخدمت شعبہ صحت کے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری، ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سروسز ڈاکٹر عظیم الدین، ڈائریکٹر فارمیسی سروسزسید جمشید احمد، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین، ڈائریکٹر واش پروگرام گوہر الاسلام، ڈائریکٹربنو قابل پروگرام فاروق کملانی، ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام و مواخات یوسف محی الدین، چیف فنانشل آفیسر آصف جمال، تمام پروگرامز، شعبہ جات کے منیجرز اور ذمہ داران موجود تھے۔

چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے مفصل خطاب کیا۔ انہوں نے کارکنان سے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت نے 2024ء میں انسانی خدمت کے لحاظ سے کئی سنگِ میل عبورکیے ہیں ۔ ’’بنو قابل پروگرام‘‘ 2024ء میں نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا، یہ اس سال الخدمت کا بڑا پروگرام تھا۔48 ہزار بچوں نے فری آئی ٹی کورسز مکمل کیے۔ بنوقابل 4.0 کے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کے لیے شہر میں کوئی ایسا گراؤنڈ نہیں تھا جس میں کراچی کے نوجوانوں کو ایک ساتھ جمع نہیں کیا گیا۔کراچی کے 12 مختلف مقامات پر ٹیسٹ کا اہتمام کیا۔ فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے امدادی سامان پر مشتمل 22 بڑی امدادی کھیپ بری وبحری راستوں سے مصر بھجوائی گئیں۔ الخدمت نے وہاں مشکلات کے باوجود امدادی کام جاری رکھے، الخدمت وہاں شروع دن سے کام کررہی ہے۔ الخدمت واحد این جی او ہے جس کا نام مظلوم فلسطینیوں کی خدمت میں پہلے نمبر پر رہا۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ وقت انسان کے لیے قیمتی ترین چیز ہے۔ دنیاوی لحاظ سے طاقت ور انسان ہو یا عام انسان، سب کو 24گھنٹے میسر ہوتے ہیں۔ یہ بڑی نعمت ہے۔ وقت کا درست اور کارآمد استعمال کرکے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے ہدف متعین ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے بنوقابل پروگرام کے ڈائریکٹر فاروق کملانی اور ان کی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ 2024ء میں ہم نے ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری قائم کی، سال کے آغاز پر موبائل ہیلتھ یونٹ کا افتتاح کیا۔ الخدمت خدمات کے شعبے میں بہترین کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جنگ بندی کے بعد وہاں بحالی کے کاموں میں کئی سال لگیں گے، الخدمت مظلوم فلسطینیوں کی بحالی کے لیے کام کرے گی۔ فلسطینیوں کی مدد کے لیے الخدمت پر ہر طبقۂ فکرکے افراد نے اعتماد کیا۔ خواتین کا جذبہ بھی قابلِ قدر رہا۔ نوید علی بیگ نے کارکنان سے کہا کہ ہمیں ٹیم کی صورت میں کام کرنا ہے اور ’’میری الخدمت‘‘کے سلوگن کے ساتھ کام کرنا اور آگے بڑھنا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت کے تمام شعبہ جات عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ الخدمت کے تمام ڈائریکٹر رضاکارانہ خدمات انجام دیتے ہیں اور یہ اپنے شعبوں کی چنیدہ شخصیات ہیں جو خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کارکنا ن سے کہا کہ خدمت کے کاموں کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنے اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کیا جائے۔

حصہ