2024الخدمت کی خدمات کا روشن سال

94

سال 2024ء الخدمت کے لیے خدمت کا ایک اور روشن باب ثابت ہوا۔ یہ وہ سال تھا جس میں الخدمت نے خدمت کے ہر شعبے میں سنگِ میل عبور کیا۔ الخدمت کا ہر قدم، ہر عمل پاکستان کے ان خوابوں کی تعبیر بن رہا ہے جو کسی بچے کی مسکراہٹ،کسی بیمار کی صحت اور کسی یتیم کے مستقبل سے جڑے ہیں۔ الخدمت نے اس برس بھی اپنے8 شعبہ جات میں نمایاں اور مثالی خدمات انجام دیں۔ گزشتہ برس الخدمت کے کاموں کاجائزہ پیش خدمت ہے۔

ہیلتھ پروگرام :
الخدمت کراچی نے شہر بھر میں اپنے اسپتالوں، کلینکس، موبائل ہیلتھ یونٹس، لیبارٹریز اور کلیکشن پوائنٹس کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا ہوا ہے۔ بڑھتے ہوئے پیچیدہ امراض آج کل جہاں آزمائش بنے ہوئے ہیں وہیں اگر مرض کی تشخیص حد سے زیادہ مہنگی ہوجائے تو مریض اور اُس کے اہلِ خانہ کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ ایسے میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ’’الخدمت ڈائیگنوسٹک سینٹر‘‘ ایک ہی چھت تلے صحت کی معیاری مگر کفایتی سہولیات دے رہا ہے، جہاں ایم آرآئی اورسی ٹی اسکین کے لیے خصوصی مشینیں درآمد کی گئی ہیں۔ اسٹیٹ آف دی آرٹ 1.5 ٹیسلا ایم آر آئی اسکینر اور 128 سلائس سی ٹی اسکین مشینری الخدمت ڈائیگنوسٹک کو ملک کا ایک جدید ترین ڈائیگنوسٹک سینٹر بناتی ہے۔ یہی نہیں بلکہ یہاں کی اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹریز میں اسپیشلائزڈ ہیومن ریسورس کی وجہ سے غلطیوں سے پاک اور بروقت رزلٹس کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ عام ڈائیگنوسٹک سینٹر کے مقابلے میں ایکسرے، الٹراساؤنڈ اور میموگرافی کے لیے بھی اس سینٹر میں جدید ترین مشینری موجود ہے۔ علاوہ ازیں الخدمت کے کلیکشن پوائنٹس ایک بڑی آبادی کوسہولت پہنچا رہے ہیں۔ الخدمت ڈائیگنوسٹک سینٹر بغیر کسی اضافی خرچ کے’’ہوم سیمپلنگ فیسلٹی‘‘ بھی فراہم کرتا ہے۔ الخدمت کے تحت معیاری ادویہ رعایتی نرخ پر فراہم کی جاتی ہیں تاکہ کوئی بھی صحت کی بنیادی ضرورت سے محروم نہ رہے۔ الخدمت نے ڈبلیوایچ او کے تعاون سے اپنے ہیلتھ ورکرز کے لیے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹمپریچر کنٹرولڈ اور معیاری فارمیسیز قائم کیں۔ ایکسپو سینٹر کراچی میں ہیلتھ ایشیا نمائش میں آگہی اسٹال لگایا گیا۔ دوردراز علاقوں تک طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹس شب و روز سرگرمِ عمل ہیں۔

بنوقابل :
الخدمت کا ’’بنو قابل‘‘ پروگرام 2024ء میں بھی نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا۔ آج بنوقابل اپنے 55کیمپسزکے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ علم کی روشنی پھیلا رہا ہے، جہاں نوجوان جدید کورسز کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال کورسز کی تعداد بڑھاکر 28 کردی گئی، جب کہ کراچی میں آئی ٹی ٹریننگ سینٹرز کو توسیع دیتے ہوئے ان کی تعداد 55 کردی گئی ہے۔ یہ معیاری آئی ٹی تعلیم کی ایک روشن مثال ہے۔ الخدمت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے دو جدید انکیوبیشن سینٹر قائم کیے گئے۔ ان انکیوبیشن سینٹرز میں نوجوانوں کو بہترین رہنمائی اور وسائل فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے مستقبل کو روشن کرسکیں۔ گزشتہ سال کا سب سے بڑا سنگِ میل 10 ہزار سے زائد طلبہ کا بنوقابل گریجویشن مکمل کرکے کامیابی کے سفر پر گامزن ہونا ہے۔ بنوقابل 4.0کے لیے ایک لاکھ 80 ہزار نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی۔ شہرکے مختلف مقامات پر ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ منعقد کیے گئے۔ آئی ٹی کی تعلیم سے لیس نوجوانوں کے لیے قابل ڈاٹ جابز ویب سائٹ کا اجرا کیا گیا۔

تعلیم:
الخدمت کے 76 مدارس اور 5 اقراء اسکول، جہاں دینی و عصری تعلیم کا حسین امتزاج پروان چڑھتا ہے، یہ ادارے نہ صرف علم کے فروغ کا ذریعہ ہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ سال 2024ء میں الخدمت نے اکیڈمک کے اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے کالجوں اور جامعات کے قابل طلبہ کو میرٹ پر اسکالرشپ فراہم کی۔ رابطۃ المدارس کے امتحانات کے لیے ٹیسٹ کا انعقاد، اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے عید ملن تقاریب، اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد… یہ سب الخدمت کی خدمت کے جذبے کی جھلک ہیں۔ سال 2024ء میں الخدمت نے تفہیم القرآن مدرسہ کا افتتاح کرکے دینی تعلیم کے سفر کو ایک نئی جہت دی۔

الخدمت اورفن کیئر پروگرام:
کراچی میں یہ پروگرام 2200 سے زائد بچوں کی کفالت اور اُن کی زندگیوں میں روشنی کا ذریعہ ہے بلکہ اُن کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کا عزم بھی ہے۔ سال 2024ء میں عیدالفطر کے موقع پر ان بچوں کو شاپنگ سینٹر میں اپنی پسند کی خریداری کا موقع فراہم کیا گیا۔ تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے میٹرک کے ہونہار یتیم طلبہ کو ایوارڈز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ الخدمت نہ صرف باہمت یتیم بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیتی ہے بلکہ ان کی صحت کا بھی بھرپور خیال رکھتی ہے۔ سالانہ ہیلتھ اسکریننگ، عیدالفطر پر شاپنگ، کردار سازی کے لیے ماہانہ ورکشاپس اور مختلف مواقع پرخصوصی پروگراموں کا انعقاد… یہ سب ان بچوں کی حوصلہ افزائی و تربیت کا حصہ ہیں۔

آغوش ہوم :
گلشنِ معمار میں قائم آغوش ہوم میں مقیم بچوں کو جہاں معیاری تعلیم، کھانا، رہائش اور دینی تعلیم فراہم کی جارہی ہے، وہیں ان کے لیے ماہِ رمضان میں روزہ کشائی، یوم آزادی اور دیگر اہم قومی ایام پر تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا۔ بچوں میں مثبت رجحانات کو فروغ دینے اور سیکھنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے ’’سمر کیمپ‘‘ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ الخدمت نے باہمی نظم وضبط اور تحریک پیدا کرنے کے لیے بچوں کے درمیان پہلی بار انتخابات کا انعقاد کیا، جس میں بچوں کو مختلف عہدے دیے گئے۔

واش پروگرام:
الخدمت کا ’’واش پروگرام‘‘ صاف پانی، بہتر صحت اور پاکیزہ ماحول کا ضامن ہے۔ الخدمت نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 66 واٹر فلٹریشن پلانٹس اور موبائل واٹر وین کے ذریعے ہزاروں افراد تک زندگی کا پیغام پہنچایا۔ سال 2024ء میں صاف پانی کی سہولت کو مزید بڑھاتے ہوئے دو نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کا اضافہ کیا گیا۔ شہر کے متعدد مقامات پر قائم اے ڈی ایم (آٹو میٹک ڈسپنسنر مشین) بلاتعطل پانی کی فراہمی میں مصروف ہیں۔ عوامی اجتماعات اور رش والی جگہوں پر موبائل واش رومز کی فراہمی نے صفائی اور صحت کے اصولوں کو عام کیا۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ :
سال 2024ء میں بھی الخدمت نے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں خدمت کی روشن مثالیں قائم کیں۔گڈاپ اور تھرپارکر میں رضاکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کا اہتمام، ہیٹ اسٹروک کیمپس کا انعقاد… یہ سب اس عزم کا حصہ ہے کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے رہیں۔ بیلہ میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے بنائے گئے گھروں کا جائزہ ہو، یا بولٹن مارکیٹ کی آتش زدگی کے بعد فوری امدادی کارروائیاں… الخدمت کے رضاکار ہمیشہ کی طرح خدمتِ انسانیت کے لیے پیش پیش رہے۔

الخدمت کمیونٹی سروسز:
الخدمت کے کمیونٹی پروجیکٹ کے تحت شہر بھر میں 23 سے زائد ہیلپ سینٹر قائم ہیں جہاں ضرورت مند شہریوں کو پیشنٹ بیڈ، آکسیجن سلنڈر، بیساکھیاں، کموڈ چیئر اور وہیل چیئر سمیت دیگر ضروری سامان بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ الخدمت کے پاس شہر کا سب سے بڑا میت بس فلیٹ ہونے کا اعزاز بھی ہے، ضرورت کے وقت یہ بسیں فوری فراہم کی جاتی ہیں۔ وبائی امراض کے دوران شہر کے گلی کوچوں میں اسپرے مہم کا انعقاد صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ہمارے عزم کی روشن مثال ہے۔ رمضان المبارک میں مسافروں و راہ گیروں کے لیے سحری اور افطاری کا اہتمام، راشن کی تقسیم، عیدالاضحی پر گوشت کی فراہمی اور اقلیتی برادری کے لیے ایسٹر اور دیوالی پر راشن و تحائف کی تقسیم… الخدمت کا یہ جذبہ ہر مذہب و طبقے کے لیے یکساں ہے۔ جب کہ مذہبی تہواروں اور اجتماعات کے موقع پر عبادت گاہوں میں جراثیم کش اسپرے بھی کیے جاتے ہیں۔ موسمِ سرما میں ونٹر پیکیجز کی تقسیم، اور سینٹرل جیل میں قائم کمپیوٹر لیب سے تعلیم مکمل کرنے والے قیدی طلبہ کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی بارگریجویشن تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔

الخدمت اسلامک مائیکرو فائنانس:
الخدمت نے 2024ء میں نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے لیے بلا سود قرضوں اور اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کا اہتمام کیا،جس کے تحت موبائل رپیئرنگ، انڈسٹریل آٹومیشن، الیکٹریکل اور سولر پی وی ٹیکنیشن جیسے کورسز نے نوجوانوں کو ہنرمند بناکر روزگار کے مواقع فراہم کیے۔ کامیاب طلبہ کے لیے پُروقار گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں انہیں اسناد اور تحائف سے نوازا گیا۔ ہنر سیکھنے والے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلا سود قرضے فراہم کیے گئے۔ آج یہ نوجوان نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کررہے ہیں بلکہ معاشرے کے لیے ایک بہترمثال بھی بن چکے ہیں۔

الخدمت والنٹیئر مینجمنٹ:
الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے سال 2024ء میں انتہائی فعال کردار ادا کیا۔ شعبے کے تحت نہ صرف نجی وسرکاری مقامات پر رضاکاروں کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے بلکہ الخدمت سے جڑے رضا کاروں نے کراچی میں ہونے والی میگا پلانٹیشن ڈرائیو، 2200 یتیم بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ، عیدالفطر کے موقع پر ان بچوں کی 5 روزہ عید شاپنگ، ہیٹ اسڑوک کیمپس اور آتشزدگی کے واقعات میں امدادی سرگرمیوں سمیت دیگر مواقع پر مثالی خدمات انجام دیں۔ رضاکاروں کے عالمی دن پر مقامی ہال میں پہلی ’’یوتھ گیدرنگ‘‘ کا اہتمام کیا گیا جس میں بہترین کارکردگی پر رضاکاروں کو شیلڈز اور اسناد دی گئیں۔

فلسطین:
غزہ کے متاثرین کے لیے الخدمت کی جانب سے 22 سے زائد بڑی امدادی کھیپ غزہ روانہ کی گئیں، تاحال برّی اور بحری راستوں کے ذریعے مسلسل امدادی سامان غزہ کے مظلوم بھائیوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ امدادی کھیپ میں خیمے، پکا پکایا کھانا، خشک راشن، غذائی اجناس، ملبوسات، ہائی جین کٹس اور دیگر ضروری سامان شامل ہے۔ الخدمت کا یہ مشن صرف غزہ تک محدود نہیں بلکہ اردن، شام، لبنان، بنگلہ دیش، سیریا اور سوڈان جیسے ممالک میں بھی پاکستانی عوام کا پیغام محبت پہنچاتا ہے۔ یہ نہ صرف امداد ہے بلکہ بھائی چارے، امید اور انسانیت کی عظیم مثال ہے۔ یہ وہ ہاتھ ہیں جو دینے والوں کی دعاؤں اور لینے والوں کی شکر گزاری سے جڑے ہیں۔ الخدمت، جہاں انسانیت کا درد عزم اور عمل کے ذریعے تسکین پاتا ہے۔ آئیے اس کارِخیر میں شریک ہوں۔ الخدمت کا عزم ہے کہ 2024ء کی طرح 2025ء میں بھی خدمت کی شاندار روایات کو برقرار رکھا جائے گا، اِن شاء اللہ۔

حصہ