ایک عورت جو اپنے بچوں کی پرورش میں بہترین ماں بننے کی جستجو میں تھی، اُس کا نام زینب تھا اور وہ ایک عام سی عورت تھی، مگر اس کا دل بے حد خاص تھا۔
زینب کو اللہ تعالیٰ نے دو خوب صورت بچوں کی نعمت عطا کی تھی اور وہ جانتی تھی کہ یہ اولاد اس کے پاس اللہ کی امانت ہے۔
ایک رات جب سب سو رہے تھے، زینب جاگ رہی تھی۔ اُس نے دعا کے لیے ہاتھ بلند کیے اور دل کی گہرائیوں سے پکارا ’’یارب العالمین! میرے گناہوں کو معاف کردے۔ تُو نے مجھے اولاد کی نعمت سے نوازا، لیکن میں ان کی پرورش میں کہیں کمزور پڑ رہی ہوں۔ مالک! یہ بچے تیری امانت ہیں اور ان کے بارے میں مجھ سے سوال ہوگا۔ میری رہنمائی کر کہ میں وہ ماں بن سکوں جو تیرے پسندیدہ راستے پر چل سکے۔‘‘
زینب کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے، لیکن اس کے دل میں ایک عزم تھا ’’یااللہ! میں وہ ماں بننا چاہتی ہوں جو اپنے بچوں کے دل میں تیری محبت ڈال دے۔ یارب! میں چاہتی ہوں کہ میرے بچے تیرے نبیؐ کو سب سے عظیم انسان کے طور پر جانیں اور اپنی زندگی میں انؐ کی سنتوں کو اپنائیں۔ میرے مالک! میں وہ ماں بننا چاہتی ہوں جو اُن کو اپنے دین اور اپنے وطن سے محبت کرنا سکھائے تاکہ وہ اچھے مسلمان اور اچھے انسان بن سکیں۔‘‘
زینب نے اپنے دل میں فیصلہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت میں اپنی تمام توانائیاں لگا دے گی۔ اس نے بچوں کو کہانیاں سنانے کا سلسلہ شروع کیا، جن میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ اور اسلامی تعلیمات شامل ہوتیں۔ وہ انہیں چھوٹے چھوٹے اعمال جیسے سچ بولنا، جھوٹ سے نفرت کرنا، اللہ سے دعا کرنا، گناہوں سے بچنا اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا، سکھاتی۔
رفتہ رفتہ زینب کے بچے نیکیوں کی طرف مائل ہونے لگے۔ ایک دن اس کا بڑا بیٹا زید اسکول سے آیا اور کہا ’’امی! آج میں نے اپنے دوست کی مدد کی، کیوں کہ آپ نے کہا تھا کہ دوسروں کی مدد اللہ کو پسند ہے۔‘‘
یہ سن کر زینب کا دل خوشی سے بھر گیا۔ اُس نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ اس کی دعائیں قبول ہورہی ہیں۔
وقت کے ساتھ زینب کی محنت رنگ لانے لگی۔ اس کے بچے نہ صرف اچھے مسلمان بنے بلکہ ان کی زندگی کے ہر قدم پر دین ان کے ساتھ رہا۔ زینب نے ہر لمحہ اللہ سے مدد مانگی اور اس کی توفیق پر کامل یقین رکھا۔
زندگی کے آخری دنوں میں زینب نے اپنے بچوں کو ایک نصیحت کی ’’ہمیشہ یاد رکھو کہ دنیا کی کامیابی عارضی ہے، لیکن ایمان کی حفاظت ہمیشہ کی کامیابی ہے۔ اپنے رب سے جڑے رہنا، اور اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا۔‘‘
زینب نے اللہ کے حضور وہ دعا کی تھی جو ایک ماں کی سب سے عظیم دعا ہوسکتی ہے: ’’مالک! میری اولاد کے ایمان کی حفاظت کرنا، میری زندگی میں بھی اور میرے مرنے کے بعد بھی۔ آمین۔‘‘
nn