مظہر ہانی کے اعزاز میں کراچی ادبی فورم کا مشاعرہ

67

کراچی ادبی فورم کے زیر اہتمام ممتاز شاعر مظہر ہانی کے اعزاز میں مشاعرہ ترتب دیا گیا جس کی صدارت خالد عرفان نے کی۔ محمد علی گوہر کی رہائش گاہ پر ہونے والے اس پروگرام کے مہمان خصوصی اختر سعیدی تھے جب کہ طارق جمیل مہمان توقیری تھے۔ انور جاوید ہاشمی اور احمد خیال نے مظہر ہانی کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ مشاعرے خالد عرفان‘ اختر سعیدی‘ مظہر ہانی‘ انور انصاری‘ سلیم فوز‘ سحرتاب رومانی‘ شاہد اقبال‘ محمد علی گوہر‘ کشور عدیل جعفری‘ احمد خیال‘ اسحاق خان اسحاق‘ کامران صدیقی‘ زبیر صدیقی‘ انور جاوید ہاشمی اور سمیر رضا نے کلام پیش کیا۔ قاسم جمال نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ مظہر ہانی ایک سماجی رہنما اور شاعر کے طور پر مشہور ہیں‘ انہوں نے ریڑھی گوٹھ لانڈھی میں اسکول اور اسپتال قائم کیا ہے‘ جہاں انتہائی کم فیس میں طلبا و طالبات کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ بہ طور شاعر مظہر ہانی کے کریڈیٹ پر بے شمار شان دار مشاعرے موجود ہیں‘ انہوں نے کشتی مشاعرے کی روایت بھی ڈالی ہے۔

محمد علی گوہر نے کہا کہ مظہر ہانی ایک زندہ دل آدمی ہیں‘ وہ سماجی رہنما اور ممتاز ماہر تعلیم ہیں‘ ان کے ادارے میں غریب طلباء طالبات زیر تعلیم ہیں۔ جہاں تک ان کی شاعری کا تعلق ہے تو ان کے اشعار زندگی سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زندگی کے تمام عنوانات اپنی شاعری میں سموئے ہیں‘ ان کے اشعار سن کر ذہنی آسودگی حاصل ہوتی ہے۔

مظہر ہانی نے کہا کہ کراچی ادبی فورم اردو زبان و ادب کی ترقی میں اپنا حصہ شامل کر رہا ہے‘ میرے اعزاز میں ہونے والی اس تقریب میں جو لوگ آئے ہیں میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بے شک شعرائے کرام مشاعرے کے سفیر ہوتے ہیں۔ وہ اپنے اردگرد پھیلے مسائل اور حالات پرقلم اٹھاتے ہیں‘ لوگوں کو آئندہ کا پروگرام دیتے ہیں‘ ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا شاعری کا منشور ہے‘ مجھے امید ہے کہ اردو زبان و ادب کی ترقی جاری رہے گی۔خالد عرفان نے کہا کہ دبستان کراچی میں شان دار شاعری ہو رہی ہے‘ جو تنظیمیں مشاعرے کراتی ہیں‘ وہ ادب کے لیے قابلِ قدر کام کر رہی ہیں کراچی ادبی فورم ایک کامیاب ادارہ ہے۔

طارق جمیل نے کہا کہ شاعری خداداد صلاحیت ہے‘ شعرائے کرام قابل قدر شخصیات ہیں‘ جن معاشروں میں قلم کاروں کے لیے عزت و احترام نہیں ہوتا وہ معاشرے ختم ہو جاتے ہیں‘ ہمارا فرض ہے کہ ہم اردو زبان و ادب کی ترقی کے لیے متحد ہو جائیں۔

حصہ