طویل مدت سے کراچی میں عالمی مشاعرے ہو رہے ہیں‘ کراچی کا یہ ادبی پروگرام ساری دنیا میں مشہور ہو چکا ہے‘ اس مشاعرے میں پاکستان کے تمام شہروں سے شعرا آتے ہیں‘ اکنافِ عالم سے بھی شعرائے کرام شریک مشاعرہ ہوتے ہیں۔ ہمارا پروگرام کامیاب ہوتا ہے۔ ساکنانِ شہر قائد ایک رجسٹرڈ ادارہ ہے۔ ہم 4 جنوری 2025ء ایکسپو سینٹر میں عالمی مشاعرہ کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں اردو ادب اہم شعرا شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار ساکنانِ شہر قائد کے جنرل سیکرٹری اور مشاعرے کے منتظم اعلیٰ محمود احمد خان نے یونین کلب آف کراچی میں کیا۔ انہوں نے اپنی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں یہ بھی کہا کہ ہم اردو نصاب کی ترویج و اشاعت میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ ہم شعر و سخن کی خدمت کر رہے ہیں‘ ہمارے ساتھ علم دوست شخصیات جڑی ہوئی ہیں‘ ہم ادب کی گروہ بندیوں کے خلاف ہیں۔ اجلاس میں رضوان صدیقی‘ اوجِ کمال‘ اظہر جمال‘ مظہر خان‘ اخلاق احمد‘ ندیم ظفر‘ فہیم صدیقی‘ صابر علی‘ اطہر جاوید صوفی‘ طارق رحمانی‘ حسن امام‘ ڈاکٹر بشیر‘ راشد لطیف‘ شمس الضحی زبیری‘ منصور سحر‘ نفیس غوری‘ رفیق مجید‘ رانا اشفاق رسول‘ جاوید میمن اور دیگر احباب سمیت بانیان اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک اجلاس تھی اور تمام حاضرین نے محمود احمد خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا‘ اس سلسلے میں 30 ویں عالمی مشاعرے کے انعقاد کے لیے تیاریوں پر زور دیا گیا اور یہ بھی طے پایا کہ آئندہ اجلاس میں مشاعرے کے حوالے سے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔