کراچی ایکسپو سینٹر میں الخدمت بنوقابل کی گریجویشن تقریب

43

ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 4میں پہنچے تو کافی گہما گہمی تھی ۔یہاں کوئی ایسا پروگرام نہیں تھا جس کے لیے شہر کے طو ل وعرض سے لوگوں کا سمندر ٹوٹ پڑتا بلکہ علم کے سمندرسے فیض پانے والے نوجوانوں کا رش تھا جنہوں نے بنو قابل آئی ٹی پروگرام سے کورس کیے تھے اور وہ اپنے اعزازات اور اسناد وصول کرنے آئے ہو ئے تھے ۔ بنو قابل کے فری آئی ٹی کورسز سے پاس آؤٹ 10ہزار سے زائد طلبہ وطالبات کو یہاں مدعو کیا گیا تھا ،جنہوں نے یہاں اپنی اسناداور اعزازات وصول کرنے تھے ۔

ہال میں داخل ہوتے ہی ہمیں کئی کاؤنٹرز ترتیب سے نظر آئے جن پر لیپ ٹاپ لیے بنو قابل کی ٹیم کے ارکان موجود تھے ۔بنو قابل کے یہ نوجوان اسناد وصول کرنے کے لیے آنے والے طلبا کی رہنمائی کررہے تھے بلکہ انہیںـ مخصوص احاطے میں قائم ’’ ارینہ ‘‘ میں جانے اور وہاں اسناد وصول کرنے کے لیے پاس اور رہنما ئی فراہم کرنے میں پیش پیش تھے ۔ ہال میں کسی بھی طرح کی بے نظمی سے بچنے کے لیے تمام پاس آؤٹ طلبہ کے گروپس کو الگ الگ اوقات میں بلایا گیا تھا ۔ پہلے روز ساڑھے 7ہزار طالبات نے بنوقابل گریجویشن تقریب میں شرکت کی ۔بچیوں کے والدین بھی اس تقریب میں شریک تھے۔دوسرے روز بھی طلبہ اور عام شہریوں کی کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی ۔ ارینہ کی کی خاص بات یہ تھی کہ یہاں الخدمت کی خواتین رضاکاروں بڑی تعداد میں موجودتھی جو ان طالبات کی رہنمائی ، انہیں گاؤن اور کیپ فراہم کرنے اور ان کے گروپ فوٹوز اور ٹیچرز کے ساتھ اسناد حاصل کر تے ہوئے تصاویر کے لیے رہنما ئی کررہی تھیں۔ وہاں پاس آؤٹ طالبات کے ٹیچرز بھی موجود تھے ،جو ان طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھے ۔

ہم نے وہاںطالبات کے چہروں پرانمول مسکراہٹیں تھیں ،یہ وہ مسکراہٹیں تھیں جس کی کوئی مثال نہیں ملتی ،مستقل سے پرامید ، ان کی آنکھوں میں روشن مستقبل کے خواب نمایاں تھے کیونکہ بنو قابل پروگرام ان طالبات کو بااختیار بنانے کا پروگرام ہے اوریہ انہیں قابل بنانے اور کچھ سیکھنے اورسیکھ کر آگے بڑھنے کی امید دلاتا ہے۔ اسناد اور اعزات لینے والا ہر طالب علم امید اور یقین کی بلندی پر تھا ۔ہم نے کئی طلبہ سے جب بات چیت کی تو احساس ہوا کہ ان طلبہ میں ناامیدی نام کی کوئی چیز نہیں ۔یہ تو امید اور یقین کی بلندیوں پر ہیں ۔ بہت سے نوجوانوں نے کامیابیوں کا سفر ہی شروع کر دیا ۔ بہت سے طالب علم فری لانسنگ کر کے ڈالر کمارہے ہیں ۔کتنی خوشی کی بات تھی ۔ کتنی قابل تعریف بات تھی۔ یہ الخدمت بنو قابل کا وہ خواب تھا جو حافظ نعیم الرحمن نے دوسال قبل دیکھا تھا اب اسے تعبیر مل چکی تھی۔ کراچی کے نوجوان مایوسی کے اندھیروں سے نکل کر روشنی اور کامیابی کی طرف جا رہے ہیں ۔

ارینہ سے باہر نکلے تو دائیں ہاتھ پر بنو قابل2.0 کے طلبہ وطالبات کی جانب سے تیار کردہ نمایاں پراجیکٹس کے اسٹالز تھے ،ویب ڈیولپمنٹ ،ایپ ڈیولپمنٹ ، گرافکس ڈیزائننگ ،ویڈیو ایڈیٹنگ سمیت دیگر کورسز کے پراجیکٹس پیش کیے گئے تھے جو ایک سے بڑھ کر ایک تھے ۔ان اسٹالزپر طلبہ وطالبات دونوں دن موجود رہے اور وہاں آنے والے شرکاکو ان پر اجیکٹس سے متعلق آگاہی فراہم کرتے رہے ۔ بنو قابل نمائش میں طلبہ وطالبات نے 100کے قریب پراجیکٹس پیش کیے اور 100 کمپنیاں اس نمائش کا حصہ تھیں ۔طلبا کے پراجیکٹس کا آئی ٹی کمپنیز اور ٹیکنالوجی بیسڈ اداروں اور بنو قابل نمائش میں آنے والے مہمانوں نے بھی دورہ کیا اور نمایاں پراجیکٹس والے طلبہ وطالبات کو داد دی اور ملازمتوں کی آفرز بھی کیں ۔ نمائش میں موجود کمپنیوں کے نمائندے اپنے اپنے اسٹالز پر وہاں آنے والوں کو آگاہی فراہم کرتے رہے ۔

نمائش کے دوسرے روز طلبہ کو اسناد دینے کا سلسلہ جاری رہا ۔دونوں دن شہر کی اہم ترین شخصیات اورکمپنیز کے نمائندگان اور اداروں کے سربراہان وہاں آتے رہے اور طلبہ وطالبات میں اسناد تقسیم کرتے رہے ۔طلبہ وطالبات میں بنو قابل ،یوکے بیسڈ ادارے لرن ریسورس نیٹ ورک اور سندھ ٹیکنیکل بورڈ کی اسناد تقسیم کی گئیں ۔گریجویشن تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ، ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کاملانی،چیئرمین کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جاوید بلوانی ،چیئر مین آباد حسن بخشی ، سابق چیئر مین آبادمحسن شیخانی ،ہمدرد یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر سلیم ، سی سی اوحبیب گروپ آف کمپنیز عارف حبیب ،اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی ،رضوان جعفر ،سلمان کارپوریشن کے کمپنی ہیڈ سرفراز احمد خان، ٹی وی ہوسٹ شازیہ عمران ،عثمان پبلک اسکولز کے ایگز یکٹو ڈائریکٹر معین الدین نیر کارپوریٹ سیکٹر و آئی ٹی کمپنیز کے نمائندوں نے گریجویشن تقریب میں شرکت کی اور طلبہ وطالبات میں اسناداور اعزازات تقسیم کیے اور طلبہ کو مبارکبا د دی ۔

دوسرے روز ہال نمبر 3 کے اسٹیج پر بنو قابل کے جاب پورٹل کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان تھے ،ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر بنو قابل فاروق کاملانی ،الخدمت کے ڈائریکٹرز یوسف محی الدین ڈاکٹر عظیم الدین ودیگر ذمہ داران موجود تھے ۔تقریب میں منعم ظفرخان نے الخدمت کے تحت پہلے جاب پورٹل ’’قابل ڈاٹ جابز ‘‘qabil.jobsکا افتتاح کیا اور بنو قابل2.0 کے پوزیشن ہولڈر ز طلبہ وطالبات میں ایوارڈ تقسیم کیے ۔بنو قابل ڈاٹ جاب کا افتتاح کیا توا ہال میں موجود شرکا نے خوب تالیاں بجا کر پورٹل کا خیر مقدم کیا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ یہ اہم موقع ہے کہ الخدمت کے تحت پہلے ’’جاب پورٹل ‘‘کا افتتاح کیا گیا ہے ،جہاں سیکڑوں کمپنیاں موجود ہوں گی۔ اس پورٹل پر بنو قابل سے پاس آؤٹ طلبہ وطالبات کا ڈیٹا موجود ہے اورانڈسڑیز اپنی ضرورت کے مطابق ان نوجوانوں کو ملازمتیںکی آفر کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کا وژن تھا کہ کراچی کے نوجوانوں کو آئی کورسز سکھا کر انہیں بااختیار بنا یا جائے۔انہیں مایوسیوں سے نکالا جائے۔ بنو قابل پروگرام سے دوسال میں 50ہزار بچے پاس آؤٹ ہو چکے ہیںجو کام حکومت کو کرنے تھے،وہ الخدمت نے کردکھائے ہیں۔کراچی میں گزشتہ تین سال سے آئی ٹی پارک کی باتیں ہو رہی ہیں۔ وعدے بھی کئے گئے مگر کچھ نہیں کیا گیا ۔آئی ٹی پارک بن جائے تو نوجوانوں کو آئی ٹی سیکٹر میں بڑے مواقع میسر آسکتے ہیں ۔الخدمت 50مقامات پر آئی ٹی کورسز کروارہی ہے ۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ نوجوانوں کو مایوسیوں سے نکال رہے ہیں ،ان نوجوانوں نے پڑھنا پڑھنا ہے،آگے بڑھنا ہے اور اپنے والدین کا سہارا بننا ہے۔ بنو قابل 4.0کی رجسٹریشن جاری ہے اور اب تک کراچی کے ایک لاکھ نوجوان خود کو رجسٹرڈ کرواچکے ہیں ۔ نوجوان ملک کی کل آبادی کا 60فیصد ہیں اور یہی اس ملک کی امید وں کا مرکز اور محور ہیں ۔الخدمت نو جوانوں کا ہاتھ تھامے گی۔ انہیں مایوسی سے نکالے گی۔

منعم ظفر خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پولی ٹیکنیک کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے ،اس سے کراچی کے ہزاروں نوجوان ٹیکنالوجی میں آگے بڑھیں گے اور ملک ترقی کرے گا ۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام پاکستان سلمان شیخ نے کہا کہ جاب پورٹل کا آغاز اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہم منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں ۔الخدمت نے ایک سنگ میل عبور کیا ہے ،بہت سے کمپنیاں الخدمت بنو قابل سے جڑ گئی ہیں۔ بنو قابل کے نوجوانوں کو وہاں ملازمتیں ملیں گی ۔قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ ٹیکنالوجی جاب پورٹل تمام ٹیکنالوجی کمپنیز اورسافٹ ویئر ہاوسز سے منسلک ہوگا ،یہ نئے دور کا آغاز ہے ۔الخدمت بنو قابل کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ تقریب میں اسکل ڈیو لپمنٹ کونسل کی فرحین بیگ ،فیضان لغاری و دیگر مقررین نے الخدمت کی کاوش کو سراہا اور بنو قابل کورسز کرنے والے ہزاروں طلبہ کو مبارکباد پیش کی ۔

تقریب میں منعم ظفرخان،اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم آبش صدیقی ودیگر مہمانوں نے بنو قابل کورسز میں اول دوم اور سوم آنے والے طلبہ وطالبات میں ایوارڈز تقسیم کیے اور انہیں مبار کباد پیش کی ۔دوسرے روز نمائش میں بہت رش رہا، عام شہریوں نے بھی نمائش میں بھر پور دلچسپی لی اورالخدمت کے اقدام کو سراہا ۔اعزازات وصول کرنے والے طلبہ نے الخدمت کے فری آئی ٹی پروگرام کو شاندار الفاظ میں سراہا اور کہا کہ الخدمت بنو قابل نے ہمیں قابل بنادیا ہے ،ہم اس کے مشکور ہیں ۔امید کرتے ہیں کہ اس پروگرام سے دیگر نوجوان بھی فائدہ اٹھائیں گے ۔

حصہ