الخدمت کراچی کے زیر اہتمام آغوش ہوم کے بچوں کیلئے سمر کیمپ اور جشن آزادی کی تقریب

106

الخدمت آغوش ہوم ’’باہمت‘‘ یتیم بچوں کا ایک بے مثال ادارہ ہے جو باہمت بچوں کو نہ صرف تعلیم دے رہا ہے بلکہ ان کی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی ضروریات کا مکمل خیال بھی رکھتا ہے۔

’’الخدمت آغوش ہوم‘‘ میں مقیم بچوں کی مائیں کم ازکم ان بچوں کی تعلیمی اخراجات، تربیت، رہن سہن، ماحول، اچھے اسکول اورکھانے پینے کی فکر سے آزاد ہیں کیوں کہ یہ تمام ذمے داریاں الخدمت انجام دے رہی ہے۔ یہی نہیں بلکہ ان بچوں کے لیے اہم قومی ایام پر تقریبات کے علاوہ تفریحی ومطالعاتی دورے، روزہ کشائی، عید ملن جیسے پروگراموں کا بھی باقاعدگی سے اہتمام کیا جاتاہے، ان بچوں کو نماز کی پابندی اور دینی تعلیم بھی دی جاتی ہے تاکہ یہ کامیاب اور مثالی انسان بن سکیں۔

الخدمت آغوش ہوم نے موسم گرما کی تعطیلات کو کارآمد اوربامقصد بنانے کے لیے ’’سمر کیمپ‘‘ کا اہتمام کیا،جس میں ان بچوں کے لیے کیمپ فائر، پلانٹیشن، مڈنگ، ہائیکنگ، کیمپنگ، سوئمنگ، نائٹ مارچ اور کہانیاں سنانے کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ علاوہ ازیں ان بچوں کے لیے ’’بیسک لائف سپورٹ ٹریننگ‘‘ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

سمر کیمپ کے دوران بچوں کو وائلڈ وینچر پارک لے جایا گیا۔ منیجرآغوش ہوم اور ان کی ٹیم ہمراہ تھی۔ خصوصی بس کے ذریعے ان بچوں کو وائلڈ وینچر واٹر پارک لے جایا گیا۔ واٹر پارک کے گیٹ پر ان بچوں کی شناخت کے لیے کلائی پر مخصوص پٹی باندھی گئی۔ بچے واٹر پارک میں داخل ہوئے تو بہت پُرجوش تھے‘ سوئمنگ پول اور سلائیڈز سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ بچوں کی رہنمائی اور ان پر بھرپور نظر رکھنے اور احتیاطی تدابیر سے آگہی کے لیے الخدمت کی ٹیم موجود تھی۔ اس موقع پر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فرسٹ ایڈ باکس کا بھی انتظام تھا، تاہم الحمدللہ کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا اور بچوں نے سلائیڈز اور سوئمنگ پول سے خوب لطف اٹھایا۔ بعض بچے تو پانی سے نکلنا ہی نہیں چاہتے تھے مگر وقت کی قلت کے باعث انہیں واپسی کا سفر کرنا پڑا۔ اس دوران بچوں کی کھانے اور ریفریشمنٹ سے بھی تواضع کی گئی۔

نیشنل کیرتھر پارک میں آغوش ہوم کے بچوں کے لیے بیسک لائف سپورٹ ٹریننگ (BLS) کا بھی اہتمام کیا گیا۔ منیجرالخدمت والنٹیئر مینجمنٹ سرفراز شیخ نے بچوں کو ٹریننگ دی۔ ایمرجنسی میں لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کیا کرنا چاہیے، بچوں کو سکھایا گیا۔ تیراکی، رسی کی مدد سے پہاڑ پر چڑھنا، ہنگامی صورتِ حال میں فرسٹ ایڈ دینے سمیت مختلف پروفیشنل مہارتیں سکھائی گئیں۔ بچوں نے ٹریننگ پروگرام میں بھرپور دل چسپی اور خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ٹرینرز نے بھی بچوں کی دل چسپی پر خوشی کا اظہار کیا۔

بچوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انہوں نے تربیتی عمل میں بہت کچھ سیکھا اور ان شااللہ ان مہارتوںکو استعمال میں لا کر ہم دوسروں کے لیے راحت اورآسانی پہنچائیں گے۔ وہ بچے جو اس ٹریننگ کیمپ کے لحاظ سے چھوٹے تھے‘ انہیں کراچی چڑیا گھر کی سیر کروائی گئی جہاں وہ خوب لطف اندوز ہوئے ۔

آغوش ہوم کے بچوں کے لیے ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے سمر کیمپ میں اولمپکس مقابلے بھر کروائے گئے جن میں ریلے ریس، بیلون گیم، اسپون ریس، 100میٹر ریس، ہائی جمپنگ اور تیر اندازی کے گیمز شامل تھے۔ بچوں نے ان کھیلوں میں بھرپور دل چسپی اور خوشی کے ساتھ حصہ لیا۔ بچوں کے درمیان تائیکوانڈو اور اردو خطاطی کے مقابلے ہوئے۔ مطالعاتی دوروں کے ساتھ ساتھ بچوں کو باغات کی بھی سیر کروائی گئی جہاں انہیں نہری پانی کے ذریعے کھیتی باڑی اور آب پاشی کے مراحل دکھائے گئے۔ بچے اس سے بہت محظوظ ہوئے۔

بچوں کے لیے قصص الانبیا کی کلاس کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں بچوں کو انبیائے کرام کے واقعات اور ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ اور یوں ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والا سمر کیمپ کامیابی کے ساتھ اپنے کو اختتام کو پہنچا۔

سمر کیمپ کے اختتام کے ساتھ ہی آغوش ہوم کے بچوں کے لیے آغوش ہوم کے سبزہ زار پر آزادی فیسٹیول 2024 کا اہتمام کیا گیا،جس میں بچوں نے پھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کی۔ بچوں کے چہرے وطن سے محبت اور خوشی سے دمک رہے تھے۔ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر آغوش ہوم کو دل کش طریقے سے سجایا گیا تھا۔ چیف ایگزیکٹیو الخدمت کراچی راشد قریشی، ڈائریکٹر آغوش ہوم عبدالرحمن فدا اورامیر جماعت اسلامی ضلع گڈاپ عرفان احمد نے بچوں کے ساتھ مل کر پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ پیش کیا گیاجس سے تقریب میں چار چاند لگ گئے۔

بچوں کو پاکستان کے حصول کے لیے دی گئی قربانیوں سے متعلق واقعات سنائے گئے اور بتایا گیا کہ پاکستان کس طرح عظیم جدوجہد اور بے انتہا قربانیوں کے بعد وجود میں آیا۔ آزادی فیسٹیول میں بچوں کے درمیان ملی نغمے اور کوئز کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کیا گیا ۔

ایگزیکٹیو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیسٹیول کے اہتمام کا مقصد یہ ہے کہ بچے آزادی کی حقیقی خوشی سے ہم کنار ہوں اور انہیں آزادی کی حقیقی روح سے آگاہی ہو۔ انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک مسلمانان برصغیر اور بانی ٔ پاکستان حضرت قائد اعظم کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کے بعد بنا، اس کو حاصل کرنے کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں۔ ہم ان قربانیوں پر اپنے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں وہ خطہ ارض دیا جہاں ہم آزاد فضا میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی اہمیت کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں سے پوچھی جائے جو اس وقت شدید مشکلات کا شکار اورآزادی جیسی نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے پڑھنا لکھنا ہے، آگے بڑھنا اور بڑا انسان بننا ہے اور اس کے لیے ضروری ہے آپ دن رات محنت کریں‘ اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں۔ اس موقع پر انہوں نے فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے بھی دعا کی۔

آزادی فیسٹیول میں سالانہ تقسیم انعامات کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹرالخدمت راشد قریشی اور عبد الرحمن فدا نے ’’ستارہ آغوش‘‘ کا انعام شہزاد خان کو دیا۔ آغوش ہوم کے ستاروں کو مختلف کیٹگریز میں انعامات اور میڈلز دیے گئے، ان میں سمر کیمپ کے بہترین گروپ لیڈرز، بہترین پرفارمنس اور مقابلوں میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے والوں کو میڈلز دیے گئے۔ سمر کیمپ کے گروپس اے، بی، سی، ڈی کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے گئے جب کہ اِن ڈور مقابلوں کے تمام شرکا کو میڈلز دیے گئے ۔

حصہ