درکار اجزا: گوشت آدھا کلو، چاول آدھا کلو،کٹی شملہ مرچ ایک عدد، کٹی گاجر دو عدد، کٹی پیازدو عدد، ٹماٹرچار عدد، تیل آدھا کپ، نمک ایک چائے کا چمچ، باریک کٹا لہسن ایک کھانے کا چمچ، کٹا سفید زیرہ آدھا چائے کا چمچ، کٹا دھنیاآدھا چائے کا چمچ،کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ۔
اسپائس مکس کے اجزا: زعفران ایک چوتھائی چائے کا چمچ، پسی الائچی ایک چوتھائی چائے کا چمچ، پسی دارچینی ایک چوتھائی چائے کا چمچ، گرم مسالہ ایک چوتھائی چائے کا چمچ، سفید مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچ۔
سوس کے اجزا: اسٹاک کیوبزآدھا، ٹماٹر ایک کپ، پانی ایک کپ، کٹی پیازآدھا کپ، باریک کٹا لہسن ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، مکھن ایک کھانے کا چمچ، نمک آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ۔
ترکیب: ایک برتن میں تیل گرم کریں۔ اس میں دنبے کا گوشت ڈال کر دس منٹ تک بھونیں کہ گولڈن برائون ہوجائے۔ اب اس میں چار کپ پانی ڈالیں اور ڈھک کر 45 منٹ پکائیں۔ یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔ اب یخنی کو نکال کر علیحدہ رکھ دیں۔ ساتھ ہی چاولوں کو پانی میں پندرہ منٹ کے لیے بھگو دیں۔ اب ایک برتن میں مکھن ڈال کر گرم کریں۔ اس میں باریک کٹا لہسن، کٹی پیاز، کٹی گاجر، کٹی شملہ مرچ، ایک چمچ نمک، کالی مرچ، کٹا سفید زیرہ اور کٹا دھنیا شامل کریں۔ ساتھ ہی اس میں چار پسے ٹماٹر اور کبسہ اسپائس بھی ڈال دیں۔ سب چیزوں کو اچھی طرح مکس کریں اور پانچ منٹ تک پکائیں۔ اب اس میں بھیگے ہوئے چاول، اُبلا ہوا گوشت اور یخنی شامل کرکے ڈھک کر درمیانی آنچ پر پندرہ منٹ پکائیں، یہاں تک کہ چاول گل جائیں۔
سوس بنانے کے لیے ایک برتن میں مکھن ڈال کر گرم کریں۔ اس میں کٹی پیاز، باریک کٹا لہسن اور ایک کپ ٹماٹر ڈال کر فرائی کریں ساتھ ہی اس میں ٹماٹر کا پیسٹ، نمک، کالی مرچ، آدھا اسٹاک کیوبز اور ایک کپ پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر گاڑھا ہوجانے تک پکائیں۔ سعودی کبسہ پیش کرنے کے لیے ایک بڑی پلیٹ میں تیار شدہ چاول اور گوشت ڈالیں، اوپر سے چلغوزے ڈال کر سجائیں اور تیار شدہ سوس کے ساتھ پیش کریں۔