پری مون سون:الخدمت کے رضا کاروں کی دو روزہ ٹریننگ

129

زلزلے، سیلاب، طوفانی بارشیں ہوں یا عام حالات میں پیش آنے والے واقعات، الخدمت کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا شعبہ لوگوں کو مشکلوں میں راحت پہنچانے کے لیے ہروقت تیار و مستعد نظر آتاہے۔ یہ شعبہ 2005 سے پہلے سے خدمات میں مصروف ہے لیکن8 اکتوبر 2005 میں اس کا کام نمایاں ہو کر دنیا کے سامنے اس وقت آیا جب زلزلے سے اسلام آباد سے آزاد کشمیر تک تباہی کے مناظر تھے اوراس شعبے کے تحت ہزاروں الخدمت رضاکاروں نے اپنے گھر بار چھوڑے اور مشکل صورت حال میں گھرے اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کی،انہیں ریسکیو کیا گیا ،ریلیف کیمپو ں میں پہنچایا ،وہاں انہیں کھانا ،پانی ، ٹینٹ اور دیگر ضروری سامان پہنچایا ،انہیں طبی سہولیات فراہم کیں ۔الخدمت نے یہ سارے کام ان متاثرین کی مکمل بحالی تک کیے۔ 2010اور2011میں اور پھر 2022میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران بھی الخدمت کے رضاکاروں نے مثالی کام کیے۔ یہی نہیں کراچی میں طوفانی بارشوں میں بھی الخدمت کے رضاکاروں نے اپنے گراؤنڈ پر ہو نے کا ثبوت دیا ۔الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے زلزلہ اور سیلاب متاثرین کو ماڈل ولیج کی صورت میں ہزاروں پکے گھر بنا کر دیئے،انہیں عید الفطر اور عید الاضحی کے مواقع پر بھی یاد رکھا جاتا ہے ۔

الخدمت کراچی کے تحت رضاکاروں کے لیے 2روزہ ’’پری مون سون ‘‘ ٹریننگ پروگرام کا اہتمام نیشنل کیرتھر پارک گڈاپ میں کیا گیا۔ رضاکاروں نے روپ ریسکیو میں حصہ لیاجس میں رضاکاروں کو سکھایا گیا کہ پہاڑ سے رسی کے ذریعے کیسے اترا جائے اور کسی کی زندگی بچانی ہوتو اس کے لیے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ؟،موک ڈرل میں زمین میں ایک بڑا سوراخ کر کے انسانی جانوں کو بچانے کے طریقے سکھائے گئے۔ رضاکاروں کو کشتی چلانے ،سیلاب میں انسانی زندگی کو بچانے کی مہارت سکھائی گئی۔ کشتی چلانے کی تربیت دی گئی، رضاکاروں کو ماہر ٹرینرز نے ہنگامی حالت میں ڈوبنے والے شخص کو بچانے اور محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی تربیت بھی دی جبکہ رضاکاروں کو پروفیشنل تیراکی کے گر سکھائے گئے اور ہنگامی حالات کے دوران سمندریا دریا کے سبب پیدا ہونے والے خطرات سے بچنے کے طریقے سکھائے گئے۔ ریسکیو 1122سندھ کے ماہر ٹرینرز نے لوگوں کو ریسکیو کرنے اور کسی بھی ناگہانی صورت میں انسانی جانوں کو بچانے کے لیے رسی کو استعمال کرنے کرنے کے 6طریقے بھی سکھائے گئے۔رضاکاروں کو بتایا گیا یہ رسی کے یہ طریقے استعمال کر کے آپ کس طرح سے اپنی اور مشکل میں پھنسے شخص کی جان بچا سکتے ہیں ۔ الخدمت کے تمام رضاکاروں نے ٹریننگ کے عمل میں مکمل انہماک اوردلچسپی سے حصہ لیا اور اسے اپنے لیے اہم ترین ٹریننگ قرار دیا ۔

ٹریننگ کی تکمیل پرالخدمت ہیڈآفس میں ٹریننگ حاصل کرنے والے رضاکاروں کے لیے اسناد تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کی۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 سندھ ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ تھے۔ نیشنل ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان فضل محمود، ڈائریکٹر الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ قاضی سید صدرالدین نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی اور سینئر منیجر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سرفراز شیخ اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ اس موقع پر چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے ٹریننگ حاصل کر نے والے تمام رضاکاروں کو مبارک باد دی اور کہا کہ ڈیزاسڑمینجمنٹ کا شعبہ الخدمت کا اہم ترین شعبہ ہے۔ یہ ہمیشہ سے ہنگامی حالات میں لوگوں کی خدمت کرنے کے لیے پیش پیش رہا ہے۔ اس ٹریننگ کا مقصد بھی رضاکاروں کو پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کر نا ہے تا کہ الخدمت کے پاس ماہر اور تربیت یافتہ رضاکار موجود ہوں۔نوید علی بیگ نے کہا کہ ان شااللہ ہم اس کام کے دائرے کو مزید وسیع کریں گے ۔ انہوں کہا کہ ہم رضاکاروں کی مرحلہ وار تربیت کا اہتمام کر رہے ہیں ۔مرکز کے بعد اب ضلع کی سطح پر تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے ریسکیو 1122کے تعاون پر اظہار تشکرکیا۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 سندھ ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ نے کہا کہ میں الخدمت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ٹریننگ پروگرام کااہتمام کیا۔الخدمت رضاکاروں کو پیشہ ورانہ تربیت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت بڑاکام کرہی ہے،فلسطین میں بھی یہ نمایاں کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم انسانی جانوں کو بچانے کے لیے الخدمت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر تیار ہیں۔

نیشنل ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان فضل محمود نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں الخدمت کے 65ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل قائم ہیں۔ یہ تمام سیل جدید آلات سے لیس ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے درکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کی تربیت کا مقصد یہی ہے کہ وہ جدید آلات کے ساتھ پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ ہوں تاکہ ہنگامی حالات سے بہ خوبی نمٹ سکیں۔

ڈائریکٹر الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ الخدمت 2005 سے شعبے نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے ،اس نے 2005کے زلزلے،سیلابوں اور طوفانی بارشوں کے اندر نمایاں کام کیا ۔اس وقت الخدمت کے پاس ہزاروں رضاکار ہیں ۔الخدمت کے رضاکاروں نے ترکیہ کے زلزلہ میں بھی بھرپور امدای کام کیے۔ ہماری ٹیم کی کاموں کو ترک حکام کی جانب سے بھی سراہا گیا ۔ کراچی کے تمام اضلاع میں الخدمت کے 13ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل قائم ہیں جہاں تما م جدید آلات موجود ہیں اور رضا کار کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ رضا کاروں کی تربیت کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر رضاکاروں میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔

حصہ