علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی PTCCS کے اشتراک سے ’’تمباکو نوشی سے انکار‘‘کے موضوع پر تقریری مقابلے کا انعقاد

175

علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (AIT) اور ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز سندھ کے شعبہ عارضی تمباکو کنٹرول سیل (PTCCS) کے زیراہتمام نوجوانوں میں عالمی یوم تمباکو کے موقع پر تمباکو نوشی کے مہلک اثرات کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے لیے اے آئی ٹی میں 20مئی 2024ء کو ایک تقریری مقابلہ منعقد کیا گیا۔

اے آئی ٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے مقابلے میں حصہ لیا۔ اس پروگرام میں صحت پر تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے ساتھ ساتھ اس کے قانونی، اخلاقی اور سماجی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔

منصفین کے طور پر وقار شیرانی اور سابق وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید اقبال محسن کو مدعو کیا گیا۔

مہمان خصوصی ڈویژنل کوآرڈی نیٹر PTCCS بلال ظفر نے تمباکو نوشی کے خلاف آگاہی مہم میں اے آئی ٹی کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی 2022ء سے PTCCS کے ساتھ ہر مہم میں شریک ہوتا آیا ہے، ادارہ تمباکونوشی کے خلاف سختی سے عمل درآمد کرانے اور علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ سے اس لعنت کا خاتمہ کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ انھوں نے PTCCS اور علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ کا تعاون اسی طرح قائم رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے تمباکو نوشی کے اثرات، نقصانات اور نتائج کو اجاگر کیا۔

کوآرڈی نیٹر PTCCS تنویر قائم خانی نے تمباکو نوشی کے خلاف قانونی پابندیوں، قانونی دفعات اور خلاف ورزی پر سزا کے بارے میں تفصیل بیان کی۔ انہوں نے تمباکو نوشی کے خلاف مہم کا حصہ بننے اور یہ مہم ادارے میں بھرپور انداز میں چلانے پر طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔

پرنسپل شاہد جمیل، کنوینر شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی فرخ احمد نظامی، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر معززین بھی تقریب میں شریک تھے۔

وائس پرنسپل علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ ریحان علی نے نظامت اور فوکل پرسن انجینئر اکرام علی نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔

مقابلے میں شعبہ CIT کی صفاء جمال نے پہلی، شعبہ CIT کے عمر صدیقی نے دوسری اور شعبہ الیکٹریکل کے نظام الدین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر سید محسن اقبال نے طلبہ سے مختصر خطاب میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مقابلے میں حصہ لینے والے طلبہ کا حوصلہ بڑھایا اور کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دی۔

مہمانِ خصوصی بلال ظفر، تنویر قائم خانی، پرنسپل علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ شاہد جمیل نے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

اس موقع پر پرنسپل شاہد جمیل نے کہا کہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی انڈیا میں بھی عالمی یوم تمباکو نوشی کے موقع پر اس لعنت کے خلاف آگہی مہم چلائی گئی اور سیمینار منعقد کیے گئے، اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے طلبہ میں تمباکو نوشی کے استعمال سے نمٹنے اور اس لعنت سے ان کو بچانے کے لیے علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے آئندہ بھی علیگڑھ کی جڑوں کو مضبوطی سے قائم رکھنے کا اعادہ کیا۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے تمباکو نوشی کے خلاف آگاہی کے لیے واک کی۔ اس واک میں طلبہ نے بینرز اور پوسٹرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر انہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تمباکو نوشی کے خلاف اظہارِ رائے کیا۔ شرکاء نے طلبہ کی اس کاوش کو خوب سراہا۔
علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی اپنے طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بخوبی انجام دیتا آرہا ہے، اور سرسید احمد خان کے پیغام کو آنے والی نسل تک پہنچانے میں سرفہرست ہے۔

حصہ