نئی مائوں کے مسائل

268

’کولک‘ یا پیٹ درد کا مسئلہ
مائیں سب سے زیادہ اس کی شکایت کرتی ہیں کہ بچہ زور لگاتا ہے، اُس کا چہرہ سرخ ہوجاتا ہے اور وہ بے حد روتا ہے۔ پیٹ درد کی اس شکایت کو ’کولک‘ کا نام دیا جاتا ہے۔ بچوں میں یہ کیفیت عام طور پر شام کے وقت زیادہ ہوتی ہے۔ اگر بچہ ہر لحاظ سے صحت مند ہے، اُس کی نشوونما ہورہی ہے، وزن مناسب بڑھ رہا ہے تو اس صورتِ حال پر پریشان نہ ہوں کیوں کہ اس نوعیت کی کیفیت خود ہی ٹھیک ہوجاتی ہے۔ ماؤں کو البتہ یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ اگر وہ اپنا دودھ پلاتی ہیں تو نوٹ کریں کہ اُن کی کس قسم کی غذا بچے میں کولک کا باعث بنتی ہے۔

بچے کا دودھ الٹنا:
بہت سی مائیں اس بات سے پریشان ہوتی ہیں کہ بچہ دودھ الٹ دیتا ہے۔ یہ شکایت بھی اُس وقت دور ہوجاتی ہے جب بچہ بیٹھنا شروع کردے یا ٹھوس غذا شروع کردے۔ تین چار ماہ تک کے بچے لیٹے رہنے کے باعث دودھ الٹ دیتے ہیں۔ اس کے لیے مشورہ یہی ہے کہ دودھ پلانے کے بعد بچے کو کندھے سے لگاکر اُس وقت تک تھپتھپایا جائے جب تک وہ ڈکار نہ لے لے۔ اس کے علاوہ دودھ پلاتے ہوئے بھی بالکل سیدھا لٹانے کے بجائے بچے کا سر ذرا اونچا رکھا جائے ۔

بچے کا پیٹ نہیں بھرتا:
اپنا دودھ پلانے والی مائیں اکثر متفکر ہوتی ہیں کہ ان کے بچے کا پیٹ نہیں بھر رہا اور وہ بار بار دودھ مانگ رہا ہے۔ ماں کا دودھ جلد ہضم ہوجاتا ہے، اس لیے بچہ اگر دو گھنٹے سے بھی کم وقفے میں دودھ کے لیے روئے تو یہ عام بات ہے، اس پر پریشان نہ ہوں، اس کو ضرور بار بار دودھ پلائیں۔

بچہ رات کو سوتا نہیں ہے:
رات بھر بچہ جاگے یا بار بار جاگے تو ماں کی صحت خاصی متاثر ہوتی ہے۔ نومولود بچوں کی مائیں اس مسئلے سے پریشان ہوتی ہیں۔ رات بھر جاگنے والے بچے کی ماں سے دن کا حال پوچھا جائے تو یہی کہتی ہے کہ دن بھر تو سوتا ہے۔
چنانچہ اس مسئلے کے لیے ڈاکٹر یا دوا کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ بچے کی روٹین بنانے کی ضرورت ہے۔ اس میں وقت لگ سکتا ہے لیکن یہ بھی زیادہ پریشانی کی بات نہیں ہے۔
یہ رائے نومولود بچوں کے عمومی رویّے کے حوالے سے ہے۔ بچوں کے مسلسل رونے یا دن بھر میں تجویز کردہ نیند کا دورانیہ پورا نہ ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔

حصہ