آپ نے اکثر گتہ کا غذ یا کپڑے کے ٹکڑے کو قینچی کی مدد سے بڑی آسانی کے ساتھ کاٹا ہوگا ۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ قینچی کی مدد سے شیشہ کس طرح کاٹاجاسکتا ہے ۔
ارے آپ تو حیران ہو گئے ! ویسے بات تو حیرانی کی ہے، لیکن ہر کام کا کوئی نہ کوئی طریقہ ضرور ہوتا ہے ۔ شیشہ کاٹنے کے لیے آپ پہلے ایک بڑے ٹب میں پانی بھر لیں۔ اب ایک ہاتھ میں شیشہ پکڑئیے اور دوسرے میں قینچی ۔ اب دونوں ہاتھ پانی میں ڈال دیں اور ہاں آستین اونچی کرنا ہرگز نہ بھولیے گا، ورنہ قمیض گیلی ہو جائے گی اور امی جان سے ڈانٹ سننا پڑے گی۔
اب اپنے دونوں ہاتھ پانی میں رکھتے ہوئے اپنی مرضی کے مطابق آپ شیشے کو کاٹنا شروع کردیں ۔ جی ہاں! شیشہ اس طرح کٹنے لگے گا جیسے وہ کاغذ یا گتے کا ٹکڑا ہو۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شیشے پر پڑنے والے دباؤ کو پانی نے جذب کر لیا اور شیشہ تڑخنےسے بچ گیا ۔