بیسن اور سوجی کا حلوہ
اجزاء: بیسن دو پیالی، سوجی دو پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد (باریک کچل لیں)، کشمش دس عدد، بادام پستے حسبِ ضرورت (باریک کٹے ہوئے)، تازہ دودھ ایک پیالی، چینی تین پیالی، پانی آدھی پیالی، گھی آدھی پیالی۔
ترکیب: ایک دیگچی میںگھی گرم کریں، گرم ہوجائے تو الائچی ڈال دیں، خوشبو آنے لگے تو سوجی اور بیسن ڈال کر ہلکی آنچ پر اچھی طرح بھون لیں، جب بھن جائے تو نکال لیں۔ اب دیگچی میں چینی اور پانی ڈال کر پانچ منٹ تک پکائیں، شیرا بننے سے پہلے بھنی ہوئی سوجی اور بیسن ڈال دیں۔ پھر سے بھونیں، جب دونوں چیزیں یک جان ہوجائیں تو کشمش ڈال دیں۔ آخر میں دودھ ڈال کر جلدی جلدی چمچ چلاتی رہیں، یہاں تک کہ حلوہ اچھی طرح پھول جائے۔ حلوہ تیار۔ ایک تھالی میں ذرا سی چکنائی لگا کر حلوہ پھیلا کر ڈال دیں۔ پستے، بادام سجانے کے لیے اوپر ڈال دیں۔ ٹھنڈا ہوجائے تو ٹکڑے کاٹ لیں۔ آپ حلوہ پکانے کے لیے تیل استعمال کرسکتی ہیں۔
کھیر
اجزاء: تازہ دودھ دو لیٹر، چاول آدھی پیالی (دھوکر پندرہ منٹ بھگو کر پیس لیں)، چھوٹی الائچی آٹھ عدد (ایک چمچ چینی کے ساتھ پیس لیں)، پستے بادام حسبِ ضرورت (گرم پانی میں بھگو کر چھلکا اتار لیں اور باریک کاٹ لیں)، کنڈینسڈ ملک ایک ٹن (397 گرام)، چینی ڈیڑھ پیالی، قلاقند ایک پیالی۔
ترکیب: ایک دیگچی میں دودھ ڈال کر ہلکی آنچ میں اتنا پکائیں کہ وہ گاڑھا ہوجائے۔ جب گاڑھا ہوجائے تو چاول، الائچی اور دودھ ڈال دیں، مگر دھیان رہے کہ چاول ذرا سے دودھ میں بھگو کر ڈالیں۔ چمچ چلاتی رہیں تاکہ کھیر نیچے لگ نہ جائے۔ جب سب چیزیں یک جان ہوجائیں تو چولھا بند کردیں۔ پندرہ منٹ بعد کنڈینسڈ دودھ ڈال دیں، تھوڑے سے پستے، بادام ڈال دیں اور مٹی کے تسلے میں نکال کر جما دیں۔ جب اچھی طرح جم جائے تو قلاقند چورا کرکے ڈال دیں۔ پستے، بادام ڈال کر سجا دیں۔ چاہیں تو تھوڑے سے چاندی کے ورق سجا دیں۔