باہمت بچوں کے چہرے پر مسکراہٹیں:الخدمت نے کروائی 2200 باہمت بچوں کو عید شاپنگ

287

یتیم بچے معاشرے کا حصہ ہیں ۔ان کی تربیت سنت رسول ہے۔پاکستانی معاشرے میں یتیموں کی کفالت کے حوالے سے شعوروآگہی کی کمی ہے ،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یتیموں کی کفالت کرنے والوں کو جنت کی بشارت دی ہے ۔اس لحاظ سے یتیموں کی کفالت کی اہمیت ایک مسلمان کے لیے اور بھی بڑھ جاتی ہے ۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یتیموں کی کفالت کرنے والا قیامت کے روز یوں ہوں گے ،پھر شہادت اور برابر والی انگلیوں کو ملا کر فرمایا ایسے ۔ 8اکتوبر 2005کو زلزلہ آیا تو اس میں بہت سے یتیم ہو گئے تھے ۔الخدمت نے ان کی کفالت سے اس نیک کام کا آغاز کیا ۔ آج اس کام کا د ائرہ ملک بھر میں پھیل چکا ہے ۔ ملک بھر میں 30ہزار سے زائد بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جا رہی ہے ۔ کراچی سمیت 20 آغوش ہومزمیں سیکڑوں باہمت یتیم بچوں کو تعلیم ،صحت ،رہائش وخوراک ، کھیل کوداور تفریح کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

الخدمت باہمت بچوں کی کفالت کے ساتھ انہیں نہ صرف اہم قومی ایام میں میں شریک کرتی ہے بلکہ انہیں عید کی خوشیوں میں بھی شریک کرتی ہے اور انہیں ہرسال شہر کے بڑے شاپنگ مال لے جا کر شاپنگ کا موقع فراہم کر تی ہے ۔گزشتہ برسوں کی طرح اس برس بھی رمضان المبارک میں الخدمت نے 2200 باہمت یتیم بچوں کو شہر کے بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹور میں عید کی شاپنگ کروائی گئی ،شاپنگ کا سلسلہ 5روز جاری رہا۔ الخدمت آرفن کیئر پروگرام کی جانب سے ہر بچے کو اس کے کلسٹرہی میں 6ہزار روپے کا خریداری واؤچر دیا گیا تھا،جبکہ 500روپے عیدی دی گئی ۔ تمام بچوں کو ان کے کلیسٹرسے ڈپارٹمنٹل اسٹور لانے اور واپس لے جانے کے لیے بسوں کا انتظام بھی الخدمت نے کیا ۔ان بچوں نے خوشگوار ماحول میں شاپنگ کی ،اسٹور میں کالجز اور جامعات کے طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جو بچوں اوران کی ماؤں کی رہنمائی کے لیے وہاں موجود تھی ،پرجوش والنٹیرز نے بہ حسن خوبی اپنے ذمہ داریاں بنھائیں ۔

شاپنگ کے پہلے روز امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اسٹور کا دورہ کیا ،اور وہاں بچوں کی شاپنگ کے مراحل کو دیکھا ،بچوں ،ان کی ماؤں اور والنٹیرز سے بھی گفتگو کی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الخدمت ملک بھر میں 30ہزار بچوں کی کفالت کر رہی ہے ۔کراچی میں 2200بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے ۔الخدمت نے ان بچوں کو ایک موقع فراہم کیا ہے کہ یہ بھی عام بچوں کی طرح عید کی شاپنگ کریں تاکہ انہیں عیدپر احساس محرومی نہ ہو ۔ فلسطین میں اسرائیلی مظالم جاری ہیں ،31ہزارسے زائد فلسطینی شہد کیے جا چکے ہیں جن میں 13ہزار بچے ہیں ۔رمضان کے موقع پر فلسطینی بچوں کو بھی یاد رکھا جائے۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان وقاص انجم جعفری ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ،ڈائریکٹرآرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین ،ڈائریکٹر بنو قابل پراجیکٹ سلیمان شیخ ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ یہ بچے عام بچے نہیں ۔یہ وہ بچے ہیں جن کی کفالت پر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے جنت کی بشارت دی ہے ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود یتیم تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یتیموں کی کفالت ایک منفرد پروگرام ہے ۔ ہرسال اس کا دائرہ وسیع ہورہا ہے۔آرفن کیئر پروگرام کے پورے شہر میں 10کلیسٹر کام کر رہے ہیں بچوں کو پروگرام میں رجسٹرڈ کرکے چھو ڑ نہیں دیا جاتا بلکہ ان کی مکمل دیکھ بھال کی جاتی ہے۔ ملک بھرمیں الخدمت کے 22 اسٹیٹ آف دی آرٹ آغوش ہوم ہیں ،گلشن معمار کراچی میں بھی ایک آغوش ہوم موجود ہے۔الخدمت نے یتیم خانے کا تصور ختم کردیا ۔ان آغوش ہومز میں یتیم بچوں کو بورڈنگ ہاؤس طرز کی جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ،ان بچوں کو کھانے ،پینے ،صحت ، تعلیم اور تفریح کے ساتھ ساتھ ان کہ بہترین تربیت بھی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا یہ سارا عمل ڈونرز کے تعاون سے چلتا ہے ،میں مخیر حضرات اور معاشرہ کے تمام افراد سے کہتا ہوں کہ وہ الخدمت کے اس منفرد پروگرام میں اس کا ساتھ دیں ۔ قاص انجم جعفری نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت40 لاکھ بچے یتیم ہیں ،15رمضان کو عالمی سطح پر ’’ یتیم بچوں ‘‘ کا دن منایا جاتا ہے ،جس کامقصد معاشرے کی توجہ ان یتیم بچوں کی جانب مبذول کروانی ہوتی ہے تاکہ ان کی کفالت کی ذمہ داری انجام دیں ،پاکستان کے ہر یتیم بچے کو اس کے گھر کی دہلیز پر سہولتیں پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت اب تک 65کروڑ روپے کا امدادی سامان فلسطینی مظلوم بہن بھائیوں کو غزہ بھجوا چکی ہے۔ اس سامان میں آٹا،راشن ،دوائیاں ،بچوں اور خواتین کی اشیا شامل تھیں۔ یہ سامان 6 پروازوں اور ایک بحری جہاز کے ذریعے بھجوایا جا چکا ہے مز ید سامان جلد بھجوایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اہل کراچی نے کھلے دل سے فلسطینیوں کا ساتھ دیا۔ فلسطینی آج مشکلات کا شکا ر ہیں دنیا میں اس سے بڑی کوئی اور جنگ نہیں جہاں اتنی بڑی تعداد میں بچے شہید کیے گئے ہوں۔

وقاص انجم جعفری نے کہا کہ ہم نے الخدمت کے تحت کراچی سے پشاور تک فلسطینی طلبہ کی نشاندہی کی ہے ،حالات کی وجہ سے فلسطین سے ان کی مدد نہیں آر ہی۔ ہم ان کی بھرپور مدد کریں گے۔ انہیں پڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کراچی میں بڑی تعداد میں عید شاپنگ کر تے ہوئے بچوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ بعدازاں حافظ نعیم الرحمن نے ڈپارٹمنٹل اسٹور کا دورہ کیا اور شاپنگ کرنے والے بچوں سے ملاقات کی۔

معروف کرکٹر ٹیم عبدالرزاق نے کراچی کے بڑے سپر اسٹور کا دورہ کیا۔ یتیم بچوں ،ان کی ماؤں اور سرپرستوں سے بات چیت کی اور باہمت بچوں سے شاپنگ سے متعلق دریافت کیا۔ سینئر اسپورٹس جرنلسٹ یحییٰ حسینی، چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ، ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین اور ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری اور چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف بھی موجود تھے۔ اس موقع عبد الرزاق نے کہا کہ الخدمت بڑا کام کر رہی ہے یہ دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی ہے۔ اس کام میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کی ضرورت ہے۔ اگر پورامعاشرہ اس نیک کام میں کردار ادا کرے تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں ۔ ضروری ہے کہ معاشرہ اس نیک کام میں الخدمت کا ساتھ دے۔

چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کے تحت 2200 باہمت یتیم بچوں کو شاپنگ کروائی جا رہی ہے۔ ہر بچے کو 6 ہزار کا واؤچر اور 500 روپے عیدی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے اپنی ماؤں کے ساتھ پسند کی شاپنگ کر رہے ہیں اور مختلف کالجز اور جامعات سے تعلق رکھنے والے طلبہ طالبات کی بڑی تعداد بطور والنٹیرز شاپنگ میں ان بچوں کی رہنما ئی کر رہے ہیں۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت نے یتیم بچوں کو شاپنگ کا موقع فراہم کیا ہے تاکہ یہ بچے عام بچوں کی طرح عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ الخدمت گزشتہ کئی برسوں سے ان یتیم بچوں کو شاپنگ کروا رہی ہے اور ہر سال ان بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کرکٹر عبد الرزاق کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

رکن سندھ اسمبلی فرحان احمد، سابق رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب ،چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد، امیر جماعت اسلامی ضلع ائر پورٹ توفیق الدین صدیقی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی، الخدمت ویمن ونگ کی صدر منور اخلاص نے ڈپارٹمنٹل اسٹور کا دورہ کیا اور بچوں سے ملاقاتیں کیں۔ چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی فرحان احمد نے کہا کہ یتیم بچے ہمارے بچے ہیں جو کہ ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں، الخدمت کا شاپنگ کروانے کا اقدام لائق تحسین ہے۔ ان کی سرپرستی اور دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہونی چاہیے۔ وہ لوگ جو ان بچوں کی کفالت میں الخدمت کی معاونت کرتے ہیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو الخدمت کا ساتھ دینا چاہیے کیوں کہ اس کام کا بڑا اجر ہے۔

سابق رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا کہ یہاں یتیم بچوں کو ہرسال عید کی شاپنگ کا موقع فراہم کیا جاتا ہے اور ان بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، عید کی شاپنگ کر کے ان بچوں کے چہروں پر جو خوشی عیاں ہے وہ ناقابل بیان ہے۔

ٹاؤن ناظم لیا قت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا کہ الخدمت کا یہ بڑا کام ہے کہ وہ ان بچوں کی گھروں پر بھی کفالت کرتی ہے،نہ صرف کفالت کرتی ہے بلکہ انہیں سیر و تفریح اور مطالعاتی دورے بھی کرواتی ہے۔ ان باہمت بچوں کو شاپنگ کرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ یتیم بچے جہاں بھی ہیں، اُن کی سرپرستی کی کرے اور انہیں ہر موقع پر یادرکھا جائے، الخدمت بہترین کام کر رہی ہے، سب کو الخدمت کا ساتھ دینا چاہیے۔

توقیق الدین صدیقی نے کہا کہ یتیموں کی کفالت سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے اور کفالت کرنے والے کو جنت کی بشارت دی گئی ہے۔ ہمیں جنت کے حصول کے لیے کوشش کرنی چاہیے اوران یتیم بچوں کے سر پر دست شفقت رکھنا چاہیے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت ہر سال عید کے موقع پر شاپنگ کا اہتمام کرتی ہے، اس سال مجموعی طور پر 2200 باہمت بچوں کو شاپنگ کروائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ کا مقصد ان بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لانا ہے۔ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری ہے گا۔ انہوں نے اس موقع پر اہل خیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس نیک کام میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں۔

الخدمت کے تحت آغوش ہوم کے بچوں کو بھی عید کی شاپنگ کروائی گئی، مخصوص ڈریس پہنے یہ بچے ڈپارٹمنل اسٹور میں نمایاں نظرآرہے تھے، منیجر آرفن کیئر پروگرام مصعب بن عبد القادر ان کے ہمراہ تھے۔ والنٹیرز نے اشیا کی خریداری میں ان کی بھرپور مدد کی ۔ یوں 5 روزہ ’’عید شاپنگ‘‘ اپنے اختتام کو پہنچی، باہمت بچوں اور ان کی ماؤں کی خوشی قابل دید تھی، شاپنگ کروانے کا مقصد جہاں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا وہاں ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا بھی تھا۔ الخدمت نے یہ نیک کام کر دکھایا۔

حصہ