اعتکاف

حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری دس دنوں میں اعتکاف کیا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو وفات بخشی۔ پھر آپؐ کے بعد آپؐ کی ازواجِ مطہرات اعتکاف کیا کرتی تھیں۔ (متفق علیہ)

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری دس دنوں میں مسجد میں قیام فرماتے تھے، اور آپؐ کا یہ معمول عمر بھر رہا۔ ظاہر ہے کہ اس سے مراد آپؐ کا وہ معمول ہے جو مدینہ طیبہ میں رہا، کیوں کہ رمضان کے روزوں کا حکم مدینہ طیبہ میں آیا تھا۔ دوسرے یہ کہ مکہ میں اُس وقت تک سرے سے کوئی مسجد ہی نہ تھی اور مسجد حرام (خانہ کعبہ) میں اعتکاف کرنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔ اسی لیے اس سے مراد یہی ہے کہ قیام مدینہ طیبہ میں آخر وقت تک حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ معمول رہا کہ آپؐ رمضان کے آخری دس دنوں میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔ (کتاب الصوم، جولائی 1980ء۔ ص 267،268)

اعتکاف کا فقہی حکم
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک سال اپنے زمانۂ قیام مدینہ میں اعتکاف نہیں کیا جس سے اس بات کی دلیل ملتی ہے کہ اعتکاف کرنا فرض اور واجب نہیں ہے۔ اگر فرض اور واجب ہوتا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک سال بھی اعتکاف نہ چھوڑتے۔ اگرچہ اعتکاف ایک بہت بڑی نیکی ہے اور ایک ایسی سنت ہے جس پر عمل کیا جانا چاہیے (اور آپؐ برابر سالہا سال اسی پر عمل پیرا رہے) لیکن ایک سال آپؐ نے اعتکاف نہیں فرمایا تاکہ فرض و واجب یا سنت میں فرق واضح ہوجائے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اس عمل کی بنا پر فقہا کے درمیان اعتکاف کی نوعیت میں اختلاف ہوا ہے۔ بعض اس کو واجب قرار دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ اعتکاف کیا ہے۔ اگر ایک سال نہیں کیا تو دوسرے سال آپؐ نے دس دن مزید اعتکاف میں بیٹھ کر اس کی قضا ادا کی۔ بعض کہتے ہیں کہ یہ سنت ہے اور سنت مؤکدہ ہے۔ بعض کہتے ہیں کہ یہ مستحب ہے اور ایسا مستحب کہ اس پر عمل کیا جانا چاہیے۔ اس معاملے میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جو مختلف عمل ہیں، فقہا نے یہ آرا ان کو دیکھ کر اختیار کی ہیں اور سب اپنی اپنی جگہ وزن رکھتی ہیں۔
(کتاب الصوم، نومبر2000ء۔ ص 288،289)

معتکف میں کب داخل ہونا چاہیے
حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب اعتکاف کا ارادہ فرماتے تھے تو فجر کی نماز پڑھ کر اپنے معتکف (اعتکاف کی جگہ) میں داخل ہوجاتے تھے۔ (ابودائود، ابن ماجہ)
معتکف سے مراد وہ جگہ ہے جو آدمی مسجد میں اپنے اعتکاف کے لیے بنالے۔ مسجد میں ایک پردہ سا لٹکا کر اپنے لیے خلوت پیدا کرلی جاتی ہے۔ چنانچہ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی نماز پڑھ کر اپنے معتکف میں داخل ہوجاتے تھے۔
امام اوزاعیؒ اور امام ثوریؒ وغیرہ نے اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ اعتکاف کی ابتدا فجر کے وقت سے ہوتی ہے۔ بعض دوسری احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اعتکاف کی ابتدا مغرب کے وقت سے ہوتی ہے، یعنی اگر 21 تاریخ سے اعتکاف میں بیٹھنا چاہے تو وہ 20 تاریخ کو مغرب کی نماز کے بعد اعتکاف میں بیٹھ جائے گا۔ اَئمہ اربعہ اسی بات کے قائل ہیں اور وہ اپنی دلیل دوسری احادیث سے لاتے ہیں۔ لیکن جو فقہا اسی بات کے قائل ہیں کہ اعتکاف کا وقت 20 تاریخ کی فجر سے شروع ہوتا ہے وہ اس حدیث سے استدلال کرتے ہیں۔
(کتاب الصوم، نومبر2000ء، ص 290۔291)

حصہ