بنو قابل : کراچی میں علاقئی سطح پر بھی متعارف

417

’’بنو قابل‘‘ پروگرام نوجوانوں کے روشن مستقبل کا ایک منفرد پروگرام ہے۔ 2022 میں اس کا آغاز کیا گیا۔ پروگرام کو شروع کرنے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ کراچی کے نوجوان آئی ٹی کورسز کر کے بہترروزگار حاصل کریں ۔اس کے ذریعے وہ اپنے خاندان کی کفالت کریں اور فری لانسنگ کے ذریعے ملک کے لیے ذرمبادلہ بھی کمائیں جبکہ بے روزگاری کے سبب ان میں پائی جانے والی مایوسی ختم ہو۔اس عظیم مقصد کے پیچھے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی سوچ تھی ،ایک خواب تھا ،جسے عملی جاما پہنانے کے لیے اس پروگرام کو شہر قائد میں شروع کیا گیا ۔ عظیم مقصد اورسوچ کے ساتھ’’ بنو قابل‘‘ فری آئی ٹی کورسز کا عظیم الشان پروگرام دیکھتے ہی دیکھتے ملک کا مقبول عام پروگرام بن گیا ۔

الخدمت کی جانب سے سے مقامی ہوٹل میں اسی کی لانچنگ تقریب ہوتی ہے اور نئے عزم اور ولولے کے ساتھ اس پروگرام کو شروع کیا جاتا ہے۔ بظاہر لانچنگ تقریب سے بھی اس پروگرام کے خدوخال اور اثرات اتنے زیادہ محسوس نہیں ہوتے تھے، مگر حیران کن طور پر جب اس کی رجسٹریشن ہوئی اور باغ جناح میں 1.0کا اپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ ہوا تو بنوقابل پروگرام کے خدوخال اور اثرات بھی نظرآنا شروع ہوگئے۔ یہ ایک چیلنج سے کم نہیں تھا کیونکہ یہ الخدمت کا آئی ٹی ایجوکیشن کا پہلا ’’میگا پراجیکٹ‘‘ تھا ، جو بڑے پیمانے پر شروع ہونے جا رہا تھا ۔ 1.0کا ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ باغ جناح میں لڑکے اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ منعقد کیا گیا،جس میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی ۔

بنو قابل 1.0میں 10ہزار سے زائد نوجوانوں کو 6آئی ٹی کورسز کروانے کا انتظام کیا گیا ،جس میں گرافکس ڈیزئننگ ،ایمازون ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ ،ویب ڈیولپمنٹ ،ایپ ڈیولپمنٹ اورفری لانسنگ کے کورسز شامل تھے ۔1.0میں 3 اور 6ماہ کے کورسز کروائے گئے جبکہ 2.0میں ایک لاکھ 10ہزارر لڑکے لڑکیوں نے رجسٹریشن کروائی ۔

الخدمت کے دوسرے سیشن 2.0کے تمام مراحل،آن لائن گائیڈنس سیشن ، ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ اور انٹرویوز سمیت دیگر مراحل کامیابی سے مکمل کیے گئے ،2.0میں بھی ان کو فالو کیا گیا ،تاہم اس سیشن میں کچھ نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں ۔پہلے جو 6کورسز تھے ان کو بڑھا کر 15کردیا گیا۔ طلبہ کی تعدادمیں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا۔ الخدمت نے شہر بھر میں 26آئی ٹی ٹریننگ سینٹر قائم کیے تاکہ تمام علاقوں سے کورس کرنے کے خواہش مند با آسانی اپنے قریبی سینٹر میں یہ کورس کر سکیں ۔ اس وقت بنوقابل2.0 کے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ والے 25ہزار نوجوا ن ان آئی ٹی سینٹرز قاعدگی سے کلاسز لے رہے ہیں اور اپنے روشن مستقبل سے پر امید ہیں ۔

الخدمت ’’بنو قابل‘‘ پروگرام ملک بھر میں ایک قابل تقلید،مثال بن چکا ہے اور یہ پروگرام لاہور میں شروع کیا جاچکا ہے ،پنجاب کے دیگر شہروں اور خیبر پختونخوا میں اس پر کام جاری ہے ۔کراچی میں علاقائی سطح پر بھی اس کی ضرورت محسوس کی گئی ۔الخدمت کے علاقائی ذمہ داران کے پر زور اصرار پر اورنگی لیاری ،بلدیہ ٹاؤن ، میٹروول،چنیسرٹاؤن ،محمود آباد لائنزایریا میں ’’بنو قابل ‘‘پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔ان علاقوں میں الخدمت کی سینٹرز موجود نہیں تھے ۔ گزشتہ دنوںان علاقوں میں ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا ،جن میں ہزاروں لڑکے لڑکیوں نے شرکت کی ۔ ٹیسٹ کے بعد انٹرویوز کے مراحل بھی کامیابی سے مکمل ہو گئے ،جن میں طلبہ وطالبات کی کورسز کے انتخاب کے لیے مکمل رہنمائی کی گئی ۔کلاسز کا آغاز جلد کردیا جائے گا ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق الخدمت ’’بنو قابل‘‘ فری آئی ٹی پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور نوجوا ن ان کورسز سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔ اورنگی ،بلدیہ ٹاؤن ، لیاری میٹروول،چنیسرٹاؤن ،محمود آباد لائنزایریا میں بنو قابل پروگرام ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ منعقد کیے گئے ان تقریبات میں مقامی ذمہ داران کے ساتھ ساتھ امیرجماعت ا سلامی حافظ نعیم الرحمن نے بطو ر مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے طلبہ وطالبات سے خطاب کیا ۔طلبہ نے حافظ نعیم الرحمن کا بھرپور استقبال کیا ۔۔

حافظ نعیم الرحمن نے بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت ہزاروں طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کرارہی ہے ۔ ملازمتیں نہ ہونے کی وجہ سے شہر کراچی کے نوجوان جو مایوسی کا شکار ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ انہیں مایوسی سے نکالیں ، ان کی رہنمائی کریں گے۔ پورے کراچی کے بچے پڑھیں گے اورآگے بڑھیں گے۔ ٹیسٹ میں ہزاروں بچوں اور بچیوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ موجود ہے اور یہ بچے ہی ملک اور قوم کا مستقبل ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت آئی ٹی ڈپلومہ اور ڈگری پروگرام شروع کرے گی اور ان شااللہ اس شہر میں آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنائیں گے تاکہ نوجوان اس یو نیورسٹی سے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرکے ملک وقوم کا نام روشن کریں۔
یہ پروگرام نوجوانوں کے روشن مستقبل کی امید ہے ۔یہ ایک بڑا کام ہے ،جسے الخدمت کر رہی ہے ۔یقینا ً اس میں محنت بھی ہوتی ہے ،اس کام کو کرنے میں افرادی قوت کی ضرورت ہوتی ہے ۔اس اہم مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بڑی مالی معاونت بھی درکار ہوتی ہے اور اس کام پیچھے وہ جذبہ ہے جس کے تحت الخدمت یہ کام کر رہی ہے ،نوجوانوں کی خدمت کا جذبہ ، فلاح وبہبود کا جذبہ اور رضائے الٰہی کے حصول کا جذبہ جس کا کوئی نعم البدل نہیں ۔نیکی کے اس کام میں آپ بھی حصہ دار بن سکتے ہیں ۔

حصہ