صحت کے شعبے میں مثالی پیش رفت:الخدمت ناظم آباد میں جدید لیبارٹری کا قیام

286

الخدمت کا شعبہ صحت ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی اپنی بھر پور خدمات انجام دے رہا ہے ۔ ایک طرف جہاں شہرمیں جعلی ادویات کی حوصلہ شکنی کے لیے الخدمت فارمیسیز کا جال بچھایا جا رہا ہے ،وہیں علاقائی سطح پر کلینکس اور لیبارٹریز قائم کر کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر صحت اور ٹیسٹ کی معیاری سہو لتیں فراہم کرنے کی جدوجہد کی جا رہی ہے ۔الخدمت کی جانب سے شہر میں اب تک 14فارمیسیز قائم کی جا چکی ہیں ،تمام ہی فارمیسیزکو عالمی معیاراور ماحول کے مطابق ڈھالا گیا ہے ۔یہاں سے معیار ی دوائیں 15فیصدرعایت کے ساتھ فراہم کی جا تی ہیں ۔ان فارمیسیز کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ الخدمت کی فارمیسیز پاکستان کی ان چند فارمیسز میں سے ہیں جہاں باقاعد ہ فارماسسٹ موجود ہوتے ہیں ۔ فارماسسٹ دواؤں کی جانچ کے ساتھ ساتھ انہیں مریضوں کے لیے تجویز کرنے میں بھی معاونت فراہم کرتے ہیں ۔الخدمت فارمیسیز کے قیام کے لیے ’’جعلی ادویات سے نجات الخدمت کے ساتھ ‘‘کے سلوگن کے تحت کام کر رہی ہے۔یوں کہنا بے جا نہیں ہوگا کہ الخدمت کی فارمیسز کلینک اور لیبارٹریز ،ماہر اور قابل ترین ٹیم کی سرپرستی میں اپنی خدمات انجام دے رہی ،جن پر لوگ بلا تردد اعتماد کر سکتے ہیں ۔گزشتہ دنوں الخدمت کی جانب سے الخدمت کراچی کے تحت ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری ،بہادرآباد اور گلشن معمار میں فارمیسیز ،کلینکس اور لیبارٹریز کا افتتاح کیا گیا ،افتتاح امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کیا ۔

ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری افتتاح کے موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ڈائریکٹر فارمیسی سروسز سید جمشید احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سروسز ڈاکٹر عظیم الدین ،ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ، ممتاز کاروباری شخصیات ڈاکٹر مشتاق چھاپرا،ریاض اسماعیل ، صدرالخدمت یوکے سید شوکت علی ،صدر پیما کراچی ڈاکٹر عبد المتقی والخدمت ذمہ داران موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے لیبارٹری کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ٹیسٹ کے جدید اور معیاری آلات کا معائنہ کیا ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کراچی میں صحت کا ایک بڑاادارہ بنائیں گے،جہاں صحت کی تمام سہولتیں ایک جگہ دستیاب ہو گی۔ الخدمت کی خدمت کی وجہ ہے کہ اب ڈاکٹر اس کے ہسپتالوں سے منسلک ہونا چاہتے ہیں ۔الخدمت ناظم آباد ہسپتال میں لیبارٹری پہلے سے کام کر رہی تھی، تاہم ہم نے فیصلہ کیا کہ شہر یوں کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ لیب قائم کی جائے ۔لیب غریب اور متوسط طبقے کو سہولت فراہم کر ے گی،جہاں ایم آرآئی ،میموگرافی ،سی ٹی اسکین اور جیسے مہنگے ٹیسٹ ارزاں نرخوں پر کیے جائیں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بعض ٹیسٹ جو پاکستان میں نہیں ہوتے اور یہ ٹیسٹ لوگوں کو باہر سے کروانے پڑتے ہیں۔ ہم اس پر بھی ہم کام کریں گے کہ ہم یہ ٹیسٹ پاکستان میں کریں۔ دوسرے ہسپتالوں کے مقابلے میں یہاں سستے ٹیسٹ ضرور ہوں گے مگر معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت پرفیشنل اپروچ کے ساتھ صحت کے اس نظام کوآگے بڑھا رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ یہاں باقاعدہ ٹیچنگ اور نرسنگ اسپتال بنایا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسپتال میں ایم سی پی ایس کی ٹریننگ ہو رہی ہے جب کہ ایف سی پی ایس کی ٹریننگ بھی جلد شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3کروڑ کے شہر میں صحت کی سہولتیں دستیاب نہیں۔

چیف ایگزیکٹیو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ اس ڈائیگنو سٹک لیبارٹری کو بنانے کے لیے سخت اور طویل جدوجہد کی گئی ہے ۔ یہ کراچی کے لوگوں کے لیے تحفہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت پورے شہر میں صحت کی سہولتیں پہنچا رہی ہے، اس وقت 19 کلیکشن پوائنٹس کام کر رہے ہیں۔ الخدمت کے کراچی میں 4 بڑے اسپتال کام کر رہے ہیں جن سے سالانہ اندازاً ایک کروڑ افراد استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت صحت کی جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور اس کا دائرہ روز بہ روز وسیع ہورہا ہے ۔

بہادرآباد میں 14 ویں فارمیسی،کلینک اور لیبارٹری کا افتتاح بھی امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کیا اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی سیف الدین ایڈووکیٹ، چیئرمین یو سی 8 جناح ٹاؤن جنید مکاتی، چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع‘ سلیم عباسی چیئر مین یوسی 7، ڈائریکٹر فارمیسی سید جمشید احمد بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کلینک اور فارمیسی کا دورہ کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر میں الخدمت فارمیسز کے قیام کا سلسلہ جاری ہے، الخدمت فارمیسز میں معیاری ادویات فراہم کی جاتی ہیں کیونکہ یہ دوائیں دواساز کمپنیز سے براہ راست خریدی جاتی ہیں ۔جلد 200 فارمیسز قائم کی جائیں گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ’’جعلی ادویہ سے نجات الخدمت کے ساتھ ‘‘ الخدمت کا سلوگن ہے۔ جعلی ادویہ فروخت کر کے انسانی جانوں سے کھیلا جاتا ہے۔ الخدمت نے فیصلہ کیا کہ فارمیسز قائم کر کے جعلی ادویہ کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی نظام ٹھیک نہ ہو تو کوئی نظام نہیں چل سکتا۔ صحت کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے حکومت کا ہیلتھ کا بجٹ کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے فارماسسٹ کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کر دیا ہے۔

سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کی فار میسی، کلینک اور لیبارٹری کا قیام صحت کے شعبے میں کی جانے والی کاوشوں کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت مختلف شعبہ جات میں لوگوں کی خدمت کررہی ہے اور یہ خدمت رضا الٰہی کے لیے ہے۔

جنید مکاتی نے کہا کہ فارمیسی، کلینک اور لیبارٹری کا قیام علاقہ کیلئے لوگوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔ یہاں 15فیصد رعایتی نرخوں پر دوائیں ملیں گی۔ سید جمشید احمد نے کہا کہ میڈیکل اسٹورز پر جعلی ادویہ فروخت کی جاتی ہیں، 5فیصد فارمیسز قائم ہو جائیں تو جعلی دواؤں کا خاتمہ ہو سکتا ہے ۔انہوں نے حافظ نعیم الرحمن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شہر میں 200 فارمیسز کے قیام کے لیے حوصلہ افزائی کی۔

سلیم عمر نے کہا کہ علاقہ مکینوں کو معیاری دوائیں دستیاب ہوں گی، ٹیسٹ کی بہترین سہولت میسر آئے گی، رضوان سمیع نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو صحت کی سہولتوں کی ضرورت تھی جو الخدمت نے پوری کردی ،یہاں صحت کی معیاری سہولتیں اور ادویہ ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی ۔

حافظ نعیم الرحمن نے گلشن معمار میں الخدمت فارمیسی، کلینک اور لیبارٹری کلیکشن پوائنٹ کا افتتاح کیا اس موقع پر امیر ضلع معمار ہائی وے عرفان احمد، الخدمت میڈیکل اور فارمیسی سروسز کے منیجرز اور دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت نے ہر مشکل گھڑی میں ملک وقوم کا ساتھ دیا اورلوگوں کو صحت کی جدیداور عالمی معیاری سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ الخدمت کی فارمیسیزملک بھر میں کام کررہی ہیں، تمام فارمیسیز میں باقاعدہ فارماسسٹ موجود ہوتے ہیں جن کی منظوری سے دوائیں دی جاتی ہیں۔ الخدمت معیار پر سمجھوتہ نہیں کرتی‘ یہی الخدمت کی شناخت اور پہچان ہے۔

عرفان احمدنے اپنے کہا کہ الخدمت نئے عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے۔یہ عام حالات کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات میں بھی کام کر تی ہے یہی وجہ ہے کہ جب عطیات کی بات آتی ہے توہر مکتب فکر کے لوگ الخدمت پر اعتماد کرتے ہیںکیوں کہ الخدمت بلاتفریق رنگ و نسل لوگوں کی خدمت کر رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ الخدمت گلشن معمار میں جلد واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرے گی اس کے علاوہ علاقہ کے لوگوں کی سہولت کے لیے میت گاڑی بھی فراہم کی جا ئے گی۔

حصہ