نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا جامعہ منصوبہ،قصبہ کالونی میں الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا افتتاح

416

الخدمت جہاں بنو قابل پروگرام کے تحت بیک وقت 25ہزار طلبہ وطالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروا رہی ہے ،وہیں اس کا ایک بڑا اور اہم پراجیکٹ ’’ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے نام سے جاری ہے جو براہ راست سیکڑوں نوجوانوں اوران کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کا ذریعہ بن رہا ہے۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں اوراپنے خاندان کی کفالت کر سکیں ۔بہت سے میٹرک انٹرپاس نوجوان ہنر نہ ہو نے کے سبب ملازمت حاصل نہیں کرپاتے اور روزگار نہ ہونے کی وجہ سے پریشان کن صورتحال کا سامنا کرتے ہیں ۔ایسے نوجوانوں کے لیے الخدمت نے اسکل ڈیو لپمنٹ سینٹرز قائم کیے ہیں ،جہاں نوجوان بلامعاوضہ 3اور 6ماہ کے کورسز کروائے جا رہے ہیں ۔اس وقت الخدمت کے شہرقائد میں تین اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرز کام کر رہے ہیں ،جو پی آئی بی ،عمر کالونی شاہرہ فیصل اور قصبہ کالونی میں قائم ہیں جہاں یہ کلاسز باقاعدگی سے ہو رہی ہیں ۔الخدمت کے تحت اس وقت اسکل ڈیو لپمنٹ سینٹر میں موئل رپیئرنگ ،موبائل آٹو میشن ،الیکٹریکل ، ایڈوانس ٹیلرنگ ، الیکٹریکل ،اسپوکن انگلش ،سولر پی وی ٹیکنیشن جیسے کورسز کروارہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے قصبہ کالونی میں الخدمت کے بڑے اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع اسحاق خان ، عبد الحنان ،ڈائریکٹر الخدمت مواخات پروگرام یوسف محی الدین ،منیجر مواخات پروگرام محمد طارق اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔افتتاح کے بعد حافظ نعیم الرحمن نے دعاکروائی اور اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا ،وہاں مقامی لوگوں اور نوجوانوں سے گفتگو کی اور سینٹر کے قیام پر خوشی کا ظہار کیا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے نوجوانوں کو خودمختار اور ہنر مند بنانا چاہتے ہیں ۔یہ ہمارے بچے ہیں ۔انہیں پڑھانا ہے اور آگے بڑھانا ہے ۔ بنو قابل کی طرح اسکل ڈیو لپمنٹ پروگرام کا بھی دائرہ وسیع کریں گے۔شہر کے مختلف علاقوں میں ایسے سینٹرز قائم کیے جائیں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ قصبہ کالونی میں قائم کیے جانے والے اس سینٹر سے یہاں کے نوجوان بھرپور استفادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت پڑھے لکھے نوجوانوں کو موبائل آٹومیشن ،موبائل رپیئرنگ ، ایڈوانس ٹیلرنگ ، الیکٹریکل ،اسپوکن انگلش ،سولر پی وی ٹیکنیشن جیسے کورسز کروارہی ہے جو خوشی کی بات ہے ۔انہوں کہا اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام سے بہت سے نوجوان کورس پاس کرکے اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیںجس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ پروگرام نوجوانوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کا پروگرام ہے ۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ معاشرے میں آپ کو آپ کی ایمانداری کے سبب ہی پذیرائی مل سکتی ہے ۔اپنے والدین کا سہارا بنیں اور ان کی خدمت کریں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نوجوانوں میں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی پائی جاتی ہے ۔اس مایوسی کی وجہ سے نوجوان ہمت ہا ر دیتے ہیں ،میں ان نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ مایوس نہ ہوں،ہمت سے کام لیں اور الخدمت کے ان سینٹرز سے کورسز سیکھ کر محنت کریں اور اپنے پیروں پر کھڑے ہوں ۔

ادھر الخدمت کے تحت مزید 111طلبہ نے 6مختلف کورسز مکمل کر کے اسناد حاصل کر لیں ۔کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب الخدمت ہیڈ آفس میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی تھے ۔تقریب سے ڈائریکٹر مواخات پروگرام یوسف محی الدین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر الخدمت کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت نوجوانوں کو ہنر مند اور خودکفیل بنانے کے لیے مختلف کورسز کروارہی ہے،جلد کورسز بڑھانے کے ساتھ ساتھ شہر میں اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کورسز پاس کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباددی اور کہا کہ اپنا کام محنت اوردیانت داری سے کریں ۔ آپ اپنے کاموں اور کاروبار میں ایمانداری اختیارکریں گے تو اس میں نہ صرف آپ کی نیک نامی ہو گی بلکہ اللہ تعالی ٰ آپ کے رزق میں بھی برکت ڈالے گا ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنے والدین کی امید ہوتے ہیں،بسااوقات اہل خانہ کا ان پر ہی انحصار ہوتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ یہ نوجوان اپنے والدین کا سہارا بنیں اور ان کی خدمت کریں۔راشد قریشی نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر میں ماہر اور قابل اساتذہ نوجوانوں کو کورسز کروا رہے ہیں ،یہ سینٹر نوجوانوں کے بہترین مستقبل کی امید ہے ،الخدمت کے سینٹرز سے کورسز کر کے نوجوان اپنا مستقبل اچھا بنا سکتے ہیں ۔

یوسف محی الدین نے کہا کہ یہ الخدمت کا ایک منفرد پروگرام ہے ،حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق ہم نوجوانوں کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاوہ نوجوا ن جو یہاں کورسز پاس کرچکے ہیں انہوں نے 3سے 6ماہ کے کورس مکمل کیے ہیں ،حالات اور ضروریات کے مطابق اس کا دائرہ وسیع کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام سے کورس پاس کرنے والے بہت سے نوجوان اپنا کام شروع کر چکے ہیں اورالخدمت ضرورت مند طلبہ کو کاروبار شروع کرنے کے لیے مواخات پروگرام کے تحت چھوٹے قرضے بھی فراہم کرتی ہے ،جس سے یہ لوگ اپنے خاندان کی کفالت کر سکتے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ الخدمت ان سینٹرز سے کورسز پاس کرنے والے 70فیصد نوجوانوں نے اپنا کاروبار شروع کر لیا ہے ۔الخدمت کورسز پاس کرنے کے بعد کام کا آغاز کرنے والے ضرورت مند نوجوانوں کو چھوٹے بلاسودی قرضے بھی فراہم کر تی ہے،جس سے کاروبار شروع کر کے کئی نوجوان اپنے خاندان کی کفالت کر رہے ہیں ۔کسی کوروزگارفراہم کرنا ،کسی کو مفت کورسز کروا کر اسے قابل بنانا اسے اس کے پاؤں پر کھڑا کرنا الخدمت کا بڑا کام ہے اوریقینی طور پر اس کے پیچھے بڑا جذبہ اور بڑی سوچ ہے۔ پورامعاشرہ نیکی کے اس کام میں اپنا حصہ شامل کرکے تو بہت سے بے روزگار یہ کورس سیکھ کرنی صرف خاندان کی کفالت کر سکتے ہیں بلکہ ملک وقوم کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

حصہ