اورنگی ٹاون علم و کتاب کی بستی ہے، یہ بات ایک بات پھر ثابت ہوئی کہ جب جماعت اسلامی کے تحت اورنگی ٹائون جرمن اسکول گرائونڈ میں مفت آئی ٹی کورسز کے لیے بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں اورنگی کے ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
’’اٹھو نوجوانوں، بد لواورنگی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ و طالبات کو ویب ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائنگ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کورس مفت کرائے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی و امیدوار این اے 246اورنگی ٹائون حافظ نعیم الرحمن نے بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت میں نہ ہونے کے باوجود ہزاروں طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروارہی ہے، حکومت میں آئیں گے تو سندھ کے اربوں روپے کے تعلیمی بجٹ کو کرپشن اور لوٹ مار کے بجائے تعلیم اور تعلیمی اداروں پر خرچ کریں گے۔ سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرکے انہیں ماڈل اسکول بنائیں گے، کراچی سے مینڈیٹ لینے والوں نے کراچی کے عوام کا استحصال کیا، اورنگی ٹائون میں خندقیں کھودیں اور لوگوں کو آپس میں لڑوایا، آئی ٹی منسٹر نے آئی ٹی کی تعلیم کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی حکومت میں آکر اورنگی ٹائون کے عوام کے مسائل حل کروائے گی اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کی جدوجہد کرے گی۔
جماعت اسلامی نے نوجوانوں اور بچوں کا ہاتھ تھام لیا ہے، اب اورنگی کے بچے بھی آگے بڑھیں گے، ٹیسٹ میں ہزاروں بچوں اور بچیوں کی شرکت ثبوت ہے کہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ موجود ہے اور یہ بچے ہی ملک اور قوم کا مستقبل ہیں، ہم بنو قابل پروگرام کے تحت خواتین کے لیے بھی کورسز شروع کر رہے ہیں۔ آئی ٹی میں ڈپلومہ اور ڈگری پروگرام بھی کروائیں گے، آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ہمارے آبا و اجداد نے ایک نظریے کی خاطر قربانیاں دیں اور پاکستان ہجرت کی جب کہ اورنگی ٹائون میں رہنے والوں نے دو دفعہ ہجرت کی۔
پاکستان ہمارے لیے اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے‘ المیہ ہے کہ سب سے زیادہ اورنگی ٹائون کے لوگوں کو نظر اندازکیا گیا، ہم پورے اورنگی کو اور شہر قائد کو بنائیں گے، سنواریں گے اور ملک میں نام روشن کریں گے۔ہماری راہ میں جو بھی رکاوٹیں ہیں ہم انہیں عبور کر کے آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے ہزاروں طلبہ وطالبات کو انٹر سال اول میں فیل کر کے تعلیمی نسل کشی کی جارہی ہے۔انتخابی مہم جاری ہے، دیگر پارٹیاں بھی انتخابی مہم چلارہی ہیں لیکن ہم طلبہ وطالبات کے حقوق کے لیے لڑرہے ہیں۔ ان کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کروائیں گے‘ اہلِ کراچی کے حقوق کی جدوجہد بھی کرتے رہیں گے اور حقوق حاصل کریں گے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی کے عوام کے پاس 22 قومی 47 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی طاقت موجود ہے۔ کراچی کے عوام یہ طاقت ہمیں دیں، کراچی کے نوجوان آگے بڑھیں گے تو شہر آگے بڑھے گا اور یہ ملک بھی آگے بڑھے گا۔ جماعت اسلامی کے ’’منشور کراچی‘‘ کا بنیادی نکتہ یہی ہے کہ ’’کراچی ترقی کرے گا تو ملک آگے بڑھے گا‘‘۔کراچی کے نوجوان اور طلبہ و طالبات پاکستان کا مستقبل ہیں،ہم ان سے کہتے ہیں کہ یہ حالات سے کبھی مایوس نہ ہوں، خوب محنت کریں، دل لگا کر پڑھیں کامیابی ان کے قدم ضرور چومے گی۔
nn