الخدمت کراچی میں صحت کے شعبے میں بھی وسیع پیمانے پر کام کر رہی ہے۔صرف کراچی میں 4بڑے اسپتال ،میڈیکل سینٹرز،لیبارٹریز ،کلیکشن پوائنٹس ،فارمیسیز ہیں اوریہ لاکھوں لوگوں کو صحت اور ٹیسٹ کی معیاری سہولتیں پہنچانے میں مصروف ہیں۔ الخدمت کے ان صحت مراکز میں فراہم کی جانے والی سہولتوں میں اگر ٹیسٹ کی بات کی جائے تووہ سب سے کم نرخ ہوتے ہیں جبکہ صحت کی دیگر سہو لتیں بھی معیاری ، ارزاں نرخوں پر اور عزت وتکریم ساتھ فراہم کی جاتی ہیں ۔صحت کے ان مراکز سے جہاں سفید پوش افراد علاج کرواسکتے ہیں، وہیں امیر آدمی بھی ان سے استفادہ کر سکتا ہے ۔ الخدمت کے اسپتالوں اور ڈائیگنو سٹک سینٹرز میں موجود مشینری اور آلات بھی نامی گرامی اسپتالوں جیسے ہوتے ہیں جبکہ سروسز کے معیار پر بھی کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاتا ۔
الخدمت کراچی کی جانب سے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے دوبڑے موبائل یونٹس ،ایمبولنس ،میت گاڑیوں اور طبی آلات کے فلیٹ کا بھی افتتاح کیا۔ موبائل یونٹ میں صحت کی بہترین ضروریات سے آراستہ کیا گیا ہے ۔ اس میں لیبارٹری، پیشنٹ چیک اَپ روم ،پیشنٹ بیڈ ،ٹوائلٹ اور پینے کے پانی کا ڈسپنسر موجود ہے ، ہیلتھ یونٹ میں سولر ،اسٹینڈ بائی جنریٹر، اے سی کی سہولت بھی ہے ،جبکہ یہ ہر موسمی حالات میں استعمال کے لیے موضوں ترین ہے ۔موبائل یونٹ میں لیبارٹری ٹیسٹ اور اس کے رزلٹ کے لیے انتظار کی زحمت کا بھی معاملہ نہیں ہے ، خون کے نمونے لینے کے بعد رزلٹ بھی موبائل یونٹ میں ملنے کا انتظام کیا گیا ہے ۔
میڈیکل یونٹس ،طبی آلات ،موبائل ٹوائلٹ اور میت گاڑیوں کے فلیٹ کا افتتاح حافظ نعیم الرحمن نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر راشد قریشی،ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری ،ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک ڈاکٹر عظیم،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز الخدمت قاضی صدر الدین بھی موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل یونٹس ،طبی آلات اور میت گاڑیوں کا اضافہ الخدمت کے سروسز میں ایک اچھا قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچی آبادیاں اور مڈل کلاس آبادی والے علاقے عموماً صحت کی سہولتوں کی فراہمی میں نظرانداز ہوتے ہیں ،یہاں کے لوگ صحت کی سہولت سے استفادہ نہیں کر پاتے۔ الخدمت کی میڈیکل سروسز سب کے لیے ہیں۔ الخدمت کا موبائل یونٹ پورے شہر میں جائے گا اور لوگوں کو سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل یونٹ میں ڈاکٹرموجود ہوں گے ،پورٹ ایبل ایکسرے مشین بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کی فارمیسیز معیاری دوائیں فراہم کررہی ہیں جبکہ الخدمت کے اسپتال میڈیکل سینٹر زاور کلیکشن پوائنٹس ارزاں نرخوں پر شہریوں کو ٹیسٹ کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کورونا کے دنوں میں لوگوں کو آکسیجن سلنڈر زفراہم کیے گئے ۔ ہم آج بھی یہ سروس 24گھنٹے فراہم کر رہے ہیں ۔ الخدمت کے کورنگی ،اورنگی ،گلشن معمار، ناظم آباد میں قائم اسپتال اور میڈیکل سینٹرز لاکھوں لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ الخدمت کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کوان کاوشوں پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔
چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے مزید کہا کہ الخدمت صحت کے شعبے میں نمایاں کام کررہی ہے، شہر کراچی میں الخدمت کے 4بڑے اسپتال،میڈیکل سینٹرز،کلینکس،کلیکشن پوائنٹس اور ڈائیگنوسٹک سینٹرز موجود ہیں جہاں ٹیسٹ کی جدید اورمعیاری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ الخدمت کا اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک کمپلیکس تکمیل کے مراحل میں ہے،جہاں ایم آرآئی،میموگرافی،سی ٹی اسکین سمیت اہم اور مہنگے ٹیسٹ کراچی میں سب سے کم نرخوں پر کیے جائیں گے۔الخدمت کی ہیلتھ سروسز سے 25سے 30ملین لوگ استفادہ کرتے ہیں۔ہمارے اسپتالوں میں سالانہ 10ہزار ڈیلیوریز ہو تی ہیں،ہماری ہیلتھ سروسز کی تمام سروسز پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فراہم کی جا تی ہیں۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری نے الخدمت ہیلتھ سروسز اور موبائل میڈیکل یونٹس کی تفصیلات سے آگاہ کیااور کہاکہ الخدمت کی ہیلتھ سروسز کا دائرہ وسیع ہورہا ہے۔آج سے موبائل ہیلتھ سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو عام حالات کے ساتھ ہنگامی صورتحال میں بھی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔موبائل ہیلتھ یونٹ کے ساتھ مرد وخواتین ڈاکٹرز ہوں گے،اس میں لیبارٹری کی سہولت ہوگی،الٹرا ساؤنڈ اورایکسرے کیا جا سکے گا،خواتین کے لیے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صحت مراکز میں تمام معالجین شہرکے بہترین معالج ہیں،ہم الخدمت کی ہیلتھ سروسز کا دائرہ بڑھا ئیں گے۔