حبیبہؓ بنتِ عبدالرحمن بن محمد ابراہیم بن احمد عبدالرحمن بن اسمٰعیل بن منصور مقدسی آٹھویں صدی ہجری میں یگانۂ روزگار محدثہ گزری ہیں۔ علمِ حدیث انہوں نے شیخ تقی الدین بن ابی الفہم البلدانی اور خطیب مروان سے حاصل کیا اور دوسرے علومِ متداولہ ابراہیم بن خلیلؒ سے حاصل کیے۔
مذکورہ اساتذہ کے علاوہ انہوں نے اسکندریہ کے محدث سبط حافظ سلفیؒ، بغداد کے محدث ابراہیم ابی بکر الزغبیؒ اور فضل اللہ بن عبدالرزاقؒ سے بھی اجازہ حاصل کیا۔ تحصیلِ علم سے فارغ ہونے کے بعد انہوں نے درس و تدریس کا سلسلہ شروع کیا اور زندگی کا بیشر حصہ اسی مقدس کام میں گزرا۔ ان کا حافظہ غضب کا تھا۔ سیکڑوں حدیثیں زبانی یاد تھیں۔ ان سے بڑے بڑے علما نے حدیث کا علم حاصل کیا۔ ان میں علامہ صلاح الدین المصفدیؒ جیسے شہرۂ آفاق عالم بھی شامل تھے۔ انہوں نے 728ہجری میں بی بی حبیبہؒ سے حدیث کا اجازہ حاصل کیا تھا۔ اس کا ذکر انہوں نے اپنی تصنیف ’’اعیان العصر و اعوان النصر‘‘ میں بھی کیا ہے۔
بی بی حبیبہؒ نے شعبان 733 ہجری میں وفات پائی۔
(’’تاریخ اسلام کی چار سو باکمال خواتین‘‘ از: طالب الہاشمی)