سرکل فاؤنڈیشن کے تحت ونٹر اسپورٹس فیملی گالا

549

سرکل فاؤنڈیشن،کڈزسرکل کے تحت پیر 25 دسمبر کو گلشن اقبال بلاک 6 کے ہرے بھرے کرکٹ گراؤنڈ میں ونٹراسپورٹس فیملی گالا کا انعقاد کیا گیا، جس میں 8 سے 16 سال تک کے سیکڑوں طلبہ و طالبات نے اپنے والدین کے ساتھ شرکت کی۔

فیملی گالا میں درجنوں کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام تھا جن میں نمایاں طور پر 100 میٹر ریس، 3 لیگ ریس، اسپون ریس، ریلے ریس، رسّاکشی، رنگ گیم، ہٹ دا ٹارگٹ، کرکٹ، فٹ بال اور فٹ سل شامل تھے۔

صبح سویرے نمودار ہوتے سورج کی نرم نرم کرنوں سے شرکا نے اپنے جسموں کو لطف اندوز کیا۔ ونٹر اسپورٹس فیملی گالا کا باقاعدہ آغاز صبح 9 بجے انس بن سہیل کی تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازتلاوت سیکڑوں شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا۔

سرکل فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جناب اشعر گرامی نے اپنے افتتاحی کلمات میں شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے سرکل فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد اور بچوں کے لیے خصوصی طور پر قائم کیے گئے کڈز سرکل کے تحت ماضی میں منعقد کیے گئے پروگرامات اور سرگرمیوں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے اس موقع پر موجود والدین کو مخاطب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اپنے بچوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جسمانی طور پر مضبوط بچے ہی ذہنی توانائی کے حامل ثابت ہوتے ہیں۔ کھیلوں میں شمولیت بچوں کو آگے بڑھاتی اور مسابقت کے رجحان کو پروان چڑھاتی ہے۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ اپنے بچوں کو تعطیل کے ایام میں بھی صبح سویرے اٹھنے اور خود کو جسمانی طور پر تر و تازہ اور صحت مند رکھنے کے لیے ہلکی پھلکی ورزش کا اہتمام کریں۔

ونٹر اسپورٹس فیملی گالا میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ بنائے گئے گروپس اور ٹیموں کی نگرانی کے لیے خواتین و حضرات پر مشتمل رضاکاروں نے بھرپور خدمات انجام دیں۔

فیملی گالا میں درجنوں اسٹال بھی اس خوبصورت پروگرام میں اپنا حصہ نمایاں طور پر پیش کررہے تھے جن میں کھانے پینے کی اشیا چناچاٹ، دہی بڑے، فرینچ فرائز، ڈونٹس، کشمیری چائے، قلفی اور چپس کے اسٹال شامل تھے، جبکہ خواتین کے ملبوسات، شالیں، جیولری اور عبایا و اسکارف کے اسٹال بھی موجود تھے۔ سب سے اہم یہ کہ خواتین اور بچیوں کے لیے سرکل فاؤنڈیشن کی جانب سے مفت مہندی لگانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

چھوٹے بچوں کے لیے پلے ایریا میں موجود جمپنگ کیسل اور ٹریمپولین نے بھی تفریح کا خوب سامان پیدا کیا۔

18 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کے لیے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی اس ونٹر اسپورٹس فیملی گالا کا ایک نمایاں حصہ تھا جس میں 6 ٹیموں نے حصہ لیا۔

سرکل سوشل ویلفیئر فائونڈیشن کا بنیادی مقصد معاشرے کے افراد کوبالعموم اور نوجوانوں کو بالخصوص باصلاحیت اور ہنرمند بنانا ہے۔ جب کہ ان میں چھپی اور پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا، ان کے ہنر کو اجاگر کرنا اور ایک ایسی ڈگر اور راستے کے تعین میں مددگار بنانا ہے جس سے نہ صرف وہ خود بلکہ ان کا گھرانہ اور معاشرہ بھی مستفید ہوسکیں۔

اس ادارے کو چلانے والے بغیر کسی ستائش کے بڑی سوچ کے ساتھ سماج کو بہتر افراد دینے کی سعی میں مصروفِ عمل ہیں، ان میں اشعر گرامی، علی محسن، عمران ہادی اورعرفان انصاری پیش پیش ہیں۔

بلند عزائم کے ساتھ ان مقاصد کے حصول کے لیے سرکل فائونڈیشن نے گلشن اقبال بلاک 13 میں ایک خوب صورت اور دیدہ زیب عمارت بھی تعمیر کی ہوئی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے مقاصد کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ اس عمارت کی تعمیر میں وقت کی ضرورت کے تمام پہلوئوں کو سامنے رکھا گیا ہے۔ تین بڑے ائرکنڈیشنڈ ہال بنائے گئے ہیں اور ہر ہال میں 70 سے 80 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ ان ائرکنڈیشنڈ ہالز میں ملٹی میڈیا پروجیکٹرز، سائونڈ سسٹم، وائٹ برڈز سمیت سیمینار، لیکچر، ٹریننگ سیشن کی تمام سہولیات موجود ہیں۔ 70 کمپیوٹرز پر مشتمل جدید ٹیکنالوجی سے مزین کمپیوٹر لیب بھی اپنی مثال آپ ہے جہاں سیکڑوں طلبہ مختلف اوقات میں جدید دور کی سافٹ ویئر ٹریننگ اور پریکٹیکل کی سہولت حاصل کررہے ہیں۔

سرکل فائونڈیشن کی بچوں کے لیے سرگرمیاں بہت اہم ہیں جو بچوں کی ذہنی، جسمانی اور روحانی ترقی میں مدد دیتی ہیں۔ سرکل فائونڈیشن کی ان سرگرمیوں سے بچوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے اور اپنے مستقبل اور مقاصد کو پہنچاننے اور سنوارنے کا موقع ملتا ہے۔ کیونکہ یہ سرگرمیاں بچوں کی تعلیم و تربیت میں مدد کرنے کے ساتھ ان کی جسمانی اور روحانی ترقی میں بھی مدد دیتی ہیں۔ ان میں نظم و ضبط، تعاون اور لیڈرشپ کے اوصاف کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے کا موقع ملتاہے۔

سرکل فائونڈیشن کی بچوں کے حوالے سے سرگرمیاں معاشرے کے لیے ایک بہت بڑا اثاثہ ہیں۔ یہ سرگرمیاں نہ صرف قابلِ تقلیدہیںبلکہ معاشرے میںمثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

حصہ