فلسطین اور امت مسلمہ کا فریضہ

1329

القدس اور حرم کعبہ اپنی عظمت و حرمت کے لحاظ سے دنیا کی ہرمسلم آبادی کے لیے غیرمعمولی اہمیت کے حامل مقامات ہیں۔ روئے زمین پر پہلا مرکز عبادت حرم کعبہ بیت اللہ ابوالانبیا حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام کے ہاتھوں تعمیر ہوا اور قیامت تک کے لیے محترم جائے سجود قرار پایا۔

اللہ تعالیٰ نے خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے آسمان کی طرف دیکھنے اور دل سے قبلۂ ابراہیمی کو اختیار کرنے کی خواہش کو قبول فرماتے ہوئے ہدایت فرما دی کہ ہر صاحب ایمان جہاں کہیں بھی ہو، نماز ادا کرنے کے لیے حرم کعبہ کی طرف رخ کرے۔ لیکن بنی اسرائیل کی تاریخ میں ایک دور وہ بھی آیا جب حضرت سلیمانؑ کے تعمیر کردہ ہیکل سلیمانی کو بنی اسرائیل نے جو اس سے قبل کعبہ کی طرف ہی رخ کر کے دعائیں مانگتے تھے، اپنا قبلہ قرار دے دیا اورالقدس کی طرف رخ کر کے عبادت کرنے لگے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے اذِن سے نبی کریمؐ نے بھی مدینہ ہجرت فرمانے کے بعد تقریباً 14 ماہ تک القدس ہی کی طرف رُخ کر کے نماز ادا فرمائی اور جب ربِّ کریم نے حکم دیا تو بلاکسی تاخیر قبلۂ ابراہیمی کو اختیار فرما لیا۔ اس علامتی طور پر تبدیلیِ امامت و قیادت نے قیامت تک کے لیے ہدایت کا راستہ اور اس کی طرف دعوت کی ذمہ داری اُمت مسلمہ کو تفویض فرما دی۔

مسلمانوں کے لیے الاقصیٰ کی اہمیت محض جذباتی نہیں بلکہ تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ قرآن کریم نے الاقصیٰ کے اردگرد کے علاقے کو مبارک قرار دیا ، یہیں حضرت ابراہیمؑ نے مسجد قائم کی تھی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سفر معراج کا آغاز بھی یہیں سے ہوا۔ اس مسجد کے قرب و جوار میں حضرت ابراہیمؑ اور بنی اسرائیل کے انبیاؓ کی آخری آرام گاہیں واقع ہیں۔ ان اسباب کی بناپر القدس کی اور مسجد اقصیٰ کی اہمیت ہرصاحب ِایمان کے دل میں جاگزیں ہے۔

یہی وہ القدس ہے جو گذشتہ کئی دہائیوں سے عالمی استعمار اور صہیونی ناجائز تعاون کے نتیجے میں ظلم و جبر، قتل و غارت اور حقوق انسانی کی پامالی کی آماج گاہ بنا ہوا ہے۔غزہ کی مسلم اور عیسائی آبادی ناجائز طور پر قائم کردہ صہیونی اسرائیلی ریاست کے فضائی، بری اور بحری تینوں راستوں سے بمباری کا ہدف بنی ہوئی ہے اور ہزارہا معصوم بچے، خواتین، بزرگ، حتیٰ کہ اسپتالوں میں مریض بھی اسرائیلی بمباری اور قتل و غارت گری سے محفوظ نہیں ہیں۔ ہر لمحہ زندگی سے ہاتھ دھوتے اور شہادت کا درجہ پانے والے مظلوموں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ مسلم دنیا کا ضمیر صرف حمایتی بیانات تک محدود ہے۔

امریکا کی اسرائیلی صہیونیت کی حمایت اعلانیہ طور پر اسلحہ اور سیاسی حمایت کے ذریعے واضح ہو چکی ہے۔ مارچ2023ء میں امریکی کانگریس سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1948ء سے اب تک امریکا نے اسرائیل کی 260 بلین ڈالر کی بیرونی امداد کی ہے، جس میں نصف جنگی سازوسامان پر صرف ہوئی ہے۔

اسی طرح اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل کے حق میں 42 (بشمول حالیہ2) مرتبہ ’ویٹو‘ کا حق استعمال کیا ہے۔ یورپی ممالک اسرائیل کی ہمدردی میں بچھے جا رہے ہیں لیکن وہ مسلم ممالک جن کی جغرافیائی سرحدیں فلسطین کے ساتھ ملی ہوئی ہیں، ان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے، ان کے حقوق انسانی کی بحالی اور انھیں زندہ رہنے کے لیے بنیادی ضروریات کی فراہمی کی کوئی سنجیدہ کوشش تاحال سامنے نہیں آئی۔ البتہ سفارتی محاذ پر اس حوالے سے سرد مہری اور نیم دلی سے جاری کیے گئے بیانات تواتر سے جاری کیے جا رہے ہیں۔

تاریخی پس منظر:
تاریخی لحاظ سے 638 عیسوی میں حضرت عمرؓ کے دور میں مسلمانوں نے فلسطین کو فتح کیا اور حضرت عمر فاروقؓ نے خود فلسطین جا کر وہاں کی غیر مسلم آبادی کو حقوق شہریت عطا کیے۔ حضرت عمرؓ کا یہ سفر تاریخ انسانی میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اس سفر میں کلیسا کے سربراہ سے گفتگو کے دوران نماز کا وقت آیا تو پادری نے کہا کہ آپ یہیں نماز پڑھ لیں لیکن حضرت عمرؓ نے کلیسا سے کچھ فاصلہ پر جا کر نماز ادا فرمائی۔ انہیں خدشہ تھا کہ عیسائی عبادت گاہ میں ان کی نماز کی ادائی کو نظیر قرار دے کر بعد میں آنے والے مسلمان، عیسائی عبادت گاہ کو مسجد میں تبدیل نہ کردیں۔ دوسرے مذہب کے عبادت خانے کا ایک فاتح کی طرف سے یہ احترام تاریخ میں کہیں اورنہیں نظر آتا۔

حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے زمانے سے لے کر ساڑھے چار سو سال تک یہ علاقہ مسلمانوں کے زیر انتظام رہا۔ 1078ء میں سلجوقی اس کے حکمران بنے اور 1099ء میں کئی ممالک کی متحدہ عیسائی افواج نے مل کر حملہ کیا اور فلسطین پرعیسائی قابض ہو گئے۔ اکتوبر 1187 ء میں صلاح الدین ایوبی (1137ء۔ 1193ء) نے اسے دوبارہ فتح کیا اور رواداری اور عدل کی اعلیٰ مثال قائم کی۔1517ء میں فلسطین کو عثمانی فرماں روا نے دوبارہ فتح کیا اور پھر 400 سال یہ عثمانی ریاست کا حصہ رہا۔1908ء میں سلطان عبدالحمید کی برطرفی کے بعد مصطفیٰ کمال کی قیادت میں ’نوجوان ترکوں‘ کے زیر عنوان ترکی کو ایک سیکولر ریاست قرار دے دیا گیا۔ مصطفی کمال نے پہلی جنگ عظیم کے دوران 1914ء میں غیر جانب دار رہنے کی بجائے جرمنی کے حلیف کے طور پر معاہدہ کرلیا تھا۔ دوسری جانب برطانیہ ،فرانس ،روس اور امریکا آپس میں اتحادی بن گئے اور جرمنی کی شکست کے بعد اتحادیوں نے ترک مقبوضات کو ایک نئے نقشے کے تحت آپس میں تقسیم کرلیا۔

10 اگست 1920ء مسلم دنیا کی تاریخ میں وہ تاریک دن ہے جب فرانسیسی اور برطانوی استعمار کے نمایندوں نے سہیورس(Sevres) میں سائکس- پائی کوٹ(SykesPicot) معاہدہ کے نام سے ایک دستاویز کے ذریعے طے کیا کہ سلطنت عثمانیہ کو تتّر بتّر کرنے کے لیے فرانس کے حصے میں لبنان اور شام اور برطانیہ کی جھولی میں عراق، فلسطین اور اردن کو ڈال دیا جائے۔تاکہ مسلم ممالک فرانس اور برطانیہ کے زیر سایہ زندگی بسر کر سکیں اور یہ دونوں ممالک مسلم دنیا کے قدرتی وسائل کو اپنی ترقی کے لیے استعمال کر سکیں۔

1914ء کے اعداد و شمار کے لحاظ سے فلسطین میں چھ لاکھ فلسطینی تھے اور یہودی بہ مشکل50 ہزار تھے۔ آج اسرائیل کی دوررس منصوبہ بندی اور مسلمانوں کی آنکھیں بند رکھنے کے نتیجے میں یہ تناسب اُلٹا ہے۔ فلسطین میں بہ مشکل 20 فی صد مسلم آبادی ہے اور اس کو بھی قتل و غارت گری، دہشت گردی اور خوف کی فضا کے ذریعے مکمل طور پر صفحۂ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسلم ممالک آج بھی آنکھیں، کان اور عقل کو استعمال کرنے پر آمادہ نظر نہیں ا رہے۔

مسئلہ فلسطین کی تخلیق مغربی استعمار کی وسیع تر تخریبی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے۔ پہلی جنگ عظیم کے فوراً بعد یورپی مسیحی اتحادی حکومتوں نے ایک وسیع تر تخریبی حکمت عملی کے تحت عثمانی مملکت کا جس نے غیر دانش مندانہ بنیاد پر جرمنی کا ساتھ دیا تھا، بٹوارے کا فیصلہ کیا تاکہ مسلم قوت کی مرکزیت کو ختم کر کے انہیں چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں بانٹ دیا جائے ،جو ہمیشہ طاقت ور یورپی ممالک کی مدد طلب کرنے پر مجبور ہوں۔

برطانوی شاطر دو قدم اور آگے بڑھے اور برطانیہ کے ہائی کمشنر ہینری میک موہن نے اپنے ایک خفیہ خط کے ذریعے عثمانیہ ریاست کے مقرر کردہ والی شریف حسین کو عثمانیوں کے خلاف بغاوت پر ابھارا اور برطانوی حکومت کی جانب سے کسی اختیار کے بغیر شریف مکہ کو ایک نجی خط کے ذریعے برطانیہ کی جانب سے ایک آزاد مملکت کی سربراہی کی پیش کش کر دی، جسے شریف حسین نے بلا کسی تردد کے قبول کر لیا اور اس طرح عثمانی ریاست کے منتشر ہونے پر شام ، عراق ، فلسطین اور سعودی عرب سیاسی نقشے پر اُبھرے۔ نہ صرف یہ بلکہ برطانیہ نے کھلم کھلا فلسطین کے علاقے میں یہودی آباد کاری کے ایک منظم منصوبے کا بھی اہتمام کیا۔دسمبر 1917ء میں برطانوی فوج نے فلسطین پر قبضہ کر لیا۔ اوربرطانوی استعمار نے اگلے تیس برسوں میں اس خطے میں یہودی آباد کاری کے لیے ہر جائز و ناجائز طریقہ اختیار کیا اور مقامی سادہ لو ح افراد کی زمینیں اونی پونی قیمتوں پر دنیا بھر سے آنے والے یہودیوں نے خریدنی شروع کر دیں۔ 1948ء میں اسرائیل کی ناجائزریاست کے قیام کے وقت اس میں بہ مشکل 7 لاکھ 58 ہزار یہودی آباد تھے۔ ملک کا بٹوارا کرتے وقت کل رقبے کا 56 فی صد رقبہ اسرائیل کو دیا گیا اور 44 فی صد حصہ جہاں مسلمان اکثریت میں تھے، وہاں فلسطینی مسلمانوں اور عیسائیوں کو رہایشی حقوق دینے کا اعلان کیا گیا۔یہودی آبادی اس وقت کل آبادی کا بہ مشکل ایک تہائی تھی۔ دوتہائی ابادی میں مسلمان اکثریت میں تھے اور قلیل تعداد میں عیسائی بھی آباد تھے۔ آج ناجائز مقبوضہ اسرائیل میں تقریباً 18 لاکھ مسلمان ہیں جب کہ آبادی کے جائزوں اور گوشواروں میں مسلمانوں کی شرح پیدائش یہودیوں سے بہت زیادہ ہے۔یہودی آبادی63 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

مسئلہ کی اصل نوعیت:
مشرق وسطیٰ کے وہ مسلم ممالک خصوصا ًجہاں عربی زبان رائج ہے، وہ مسئلہ فلسطین کو فلسطینی عربوں اور یہودیوں کا تنازع سمجھتے ہیں اور اپنے سیاسی مصالح کو اولیت دیتے چلے آرہے ہیں اور اس نازک اور حساس معاملے پر زبانی جمع خرچ سے زیادہ بات کرنا پسند نہیں کرتے۔ اگر واقعی یہ صرف عربوں اور یہودیوں کا مسئلہ ہے تو وہ عرب ممالک جو کچھ عرصہ قبل معقول عسکری قوت رکھتے تھے، وہ سیاسی اور عسکری دبائو کا استعمال کر کے مسئلہ کا سیاسی حل نکال سکتے تھے۔ لیکن مصر ہو یا اُردن یا مراکش ان ممالک نے ایک ناجائز قابض حکومت کو نہ صرف تسلیم کرتے ہوئے اپنے سفارتی تعلقات ہی قائم نہیں کیے بلکہ خفیہ اداروں کے ذریعے معلومات کے تبادلے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ 2020ء میں ’’معاہدہ ابراہیم‘‘ (Abraham accord )کے عنوان سے امریکا کی سرپرستی میں خلیجی ریاستوں یو اے ای نے اسرائیل سے ایک ایسے شرم ناک معاہدے پر دستخط کیے جو نہ صرف ایک اعترافِ جرم کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ صدیوں کی تاریخ کو غلط قرار دیتے ہوئے اصلاحات کرنے کے بعد ایک ایسی تاریخ تحریر کرنے کا پابند کرتا ہے جس میں کسی مقام پر جہاد کا تذکرہ نہ ہو اور صہیونیت کے خلاف ماضی میں جو کچھ قانونی یا دستوری اقدامات کیے گئے ہیں، انہیں منسوخ کرنے اور تاریخ کی نئی تعبیر کرنے کا پابند بناتا ہے۔

یہ مسئلہ فقط عربوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ ایک عالمی انسانی مسئلہ ہے۔ 30 لاکھ سے اُوپر مقامی باشندوں کو حقوق انسانی سے محروم اور بے گھر کرنے اور بچوں، خواتین، بزرگوں اور جوانوں کو تشدد اور قتل و غارت گری کا نشانہ بنانے کی ذمہ داری صہیونی دہشت گردی پر ہے۔

یہ محض ایک مذہبی اختلافی مسئلہ بھی نہیں ہے کیوں کہ صہیونی حکومت کو صحیح العقیدہ یہودی بھی یہودیت کانمائندہ نہیں سمجھتے۔ یہ ایک ناجائز حکومت کا نسلی برتری اورنسل پرستی (Racism) کی بنیاد پر نسل کشی (Genocide )کی پالیسی کے خلاف جدوجہد ہے، جو ہر باشعورانسان کی دل کی آواز ہے۔ اسرائیلی حکومت نسل پرست لادینی قومیت کی علَم بردار ہے، جب کہ فلسطین کے مسلمان صرف اپنے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور سرزمین پر اپنے آبائی حق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ فلسطینی یہودیوں کی طرح مشرقی یورپ ، افریقہ اور دیگر ممالک سے نقل مکانی کر کے آنے والے افراد نہیں ہیں بلکہ صدیوں سے مسجد اقصیٰ کے ارد گرد آباد ہیں، جنہیں ان کے گھروں سے جارحیت اور قتل و غارت گری کے ذریعے بے گھر کیا جا رہا ہے۔یہ مسلمانوں کے قبلۂ اوّل کی حفاظت کا مسئلہ ہے جو سیکولر، صہیونی اسرائیلی حکومت کی نگاہ میں ایک غیر مطلوب عبادت گاہ ہے اور جسے مسمار کرنا ان کے مقاصد میں شامل ہے۔ غزہ میں حالیہ فضائی حملوں کے بعد زمینی بکتر بند حملے کا مطلب یہ ہے کہ جو جاندار بھی غزہ میں ہے، اسے صفحۂ ہستی سے مٹا دیا جائے اور یہی وہ کام ہے جو ہلاکو خان نے بغداد میں کیا تھا۔ اس سفاکانہ عمل کی مخالفت اور اسرائیل کو اس سے باز رکھنا ہر انسان پر ایک فرض کی حیثیت رکھتا ہے۔

جس بے شرمی کے ساتھ مغربی ممالک، ہندستان اور اقوامِ متحدہ نے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ بے اعتنائی اور انسانی حقوق کی پامالی کو گوارا کیا ہے، اس کے بعد ان اداروں اور ممالک سے کسی خیر یا تعاون کی امید رکھنا عقل مندی کے منافی ہے۔ اس بات کی ضرورت ہے کہ مسلم ممالک آنکھیں کھولیں اور خود کو مغربی اداروں کی معاشی غلامی سے نکالنے کے لیے ایک عالمی مالی ادارہ قائم کریں جو ان کے معاشی مسائل میں امداد کرے۔ اس کے ساتھ ہی نظام تعلیم میں بنیادی اصلاحات کریں تاکہ قوم میں اعتماد پیدا کریں اور یوں القدس کی آزادی آج نہیں تو کل باشعور مسلم نوجوانوں کے ذریعے عملی شکل اختیار کرسکے۔

تحریکِ اسلامی اور مسلم ملّت کے کرنے کے کام:
اقامت دین کی جدوجہد کرنے والی تمام تحریکات اسلامی کا ایک اہم ہدف اسلامی نظام عدل پر مبنی معاشرہ اور ریاست کا قیام ہے۔ ملک اور ملک کے باہر جہاں کہیں بھی ظلم و استحصال ہورہا ہو، حقوق انسانی پامال کیے جا رہے ہوں اور انسانی جان اور مال کی حرمت باقی نہ ہو، تو تحریک اسلامی پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ ہر ممکنہ ذریعے سے مظلوم اہل ایمان کی مدد کرے اور انہیں ظلم سے نجات دلائے۔

اس حوالے سے پہلا کرنے کا کام عوام و خواص کو مسئلے کی اصل نوعیت سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس غرض سے بڑے اور چھوٹے اجتماعات، وفود، گھر گھر جا کر مظلوم مسلمانوں کے لیے ادویات اور غذا فراہم کرنے کے لیے مالی وسائل کا جمع کرنا، اسکولوں کالجوں اور جامعات میں امدادی فنڈ کی مہم کے ذریعے وسائل جمع کر کے جلد از جلد پوری ذمہ داری کے ساتھ مستحقین تک پہنچانا تحریک کی اوّلین ذمہ داری ہے۔ مرکز جماعت کی جانب سے تمام اضلاع کو اس موضوع پر امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے جاری کردہ تفصیلی ہدایات دی جاچکی ہیں۔ ان کی روشنی میں ذیلی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ پوری تندہی سے اس فریضے کو سر انجام دیں۔

طبّی وفود:
جتنی بڑی تعداد میں اسرائیلی جا رحیت کے نتیجے میں بچے، خواتین اور ضعیف افراد زخمی ہورہے ہیں، ان کے لیے مقامی طور پر طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ 7 اکتوبر سے 22 اکتوبر تک صرف دو ہفتوں میں 7 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور 15 ہزار 2 سو73 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 1119 خواتین اور دو ہزار 35 بچے شامل ہیں۔ اسرائیلی بمباری نے اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں مریض، ڈاکٹر اور طبی عملے کے افراد روزانہ کی بنیادوں پر شہید، زخمی اور معذور ہو رہے ہیں۔ علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور سر گرمی ضروری ہے۔ اس حوالے سے تحریک کو ملکی اور عالمی تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے غزہ کے مظلوموں کی جانوں کے تحفظ کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ یہ ایک انسانی فریضہ ہے اور کوشش کی جانی چاہیے کہ طبی امدای وفود کے لیے غزہ تک کے راستے سہولت میں تعاون کرے۔ (جاری ہے)