الخدمت کے تحت باہمت بچوں کےلئے فن گالا

257

الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے زیرکفالت باہمت بچے آج صبح ہی سے پرجوش دکھائی دے رہے تھے کہ آج وہ دن ہے جس کا انہیں شدت سے انتظار رہتا ہے۔ آج الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت کراچی کے مقامی واٹر پارک میں فن گالا منعقد کیاگیاتھا۔رنگ برنگے کپڑوں میں ملبوس بچے اور بچیاں اپنے اپنے علاقوں سے آرام دہ گاڑیوں میں سوار ہوئے اور صبح 9بجے پکنک پوائنٹ پر پہنچ گئے۔ بچوں کے استقبال کے لیے الخدمت کے ذمہ داران موجود تھے۔ بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔

الخدمت کی جانب سے پنڈال میں خوب صورت اسٹیج سجایا گیا تھا، بچے کرسیوں پر براجمان ہوئے اور اس کے ساتھ ہی اللہ کے بابرکت کلام سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر الخدمت آرفن کیئر پروگرام، ابو ریحان نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ آپ لوگوں کو تفریحی مواقع فراہم کیے جائیں۔ الخدمت آپ لوگوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ذہنی وجسمانی نشوونما کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے تاکہ آپ لوگوں کی صلاحیتیں نکھرکرسامنے آسکیں۔ اس موقع پربچوں کو سوئمنگ پول میں نہانے اور کھیل کود کے حوالے سے ضروری ہدایات دی گئیں۔

ذمہ داران کی جانب سے اجازت ملتے ہی سب بچوں نے پول کا رُخ کیا۔ باہمت بچوں میں بہت سے ایسے بچے بھی تھے جو اس سے قبل بھی الخدمت کے فن گالامیں شریک ہوچکے تھے۔ بچوں نے جی بھرکر سلائیڈز لیں اور خوب نہائے۔ کچھ بچے پول سے باہر پارک میں فٹ بال کھیلنے میں مشغول تھے جب کہ کچھ باہمت بچوں نے پول میں نہاتے ہوئے فٹ بال کو اپنی تفریح کے لیے استعمال کیا۔ ٹھیک ایک بجے بچے پول سے نکل کر نماز اور کھانے کے لیے پنڈال میں جمع ہوئے۔ بچوں نے نماز ظہر ادا کی اور اس کے بعدانتہائی ڈسپلن کے ساتھ کھاناکھایا۔ اور کچھ دیر آرام کے بعد دوبارہ سوئمنگ پول کی راہ لی۔

بچوں کی دلی خواہش تھی کہ یہ وقت تھمارہے اور ہم یونہی انجوائے کرتے رہیں، ہر بچہ انتہائی خوش اور ہشاش بشاش نظر آرہاتھا۔واپسی سے پہلے بچوں کو ایک مرتبہ پھر پنڈال میں جمع ہونے کی ہدایات ملیں تو بچے ایک دوسرے کو تجسس بھری نگاہوں سے دیکھنے اور پوچھنے لگے کہ اب کون سا پروگرام ہوگا؟

بچے پنڈال میں پہنچے توایک سرپرائز ان کا استقبال کررہاتھا۔ جی ہاں جن بچوں نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا انہیں الخدمت کی جانب سے شیلڈز اور انعامات دینے کی تقریب شروع ہوچکی تھی۔ تقریب میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ایکسپرٹ ڈاکٹر اشفاق قریشی، چیئر مین وائلڈ وینچر واٹر پارک قادر بخش کلمتی، ڈائریکٹرالخدمت آرفن کیئر پروگرام ابو ریحان، منیجر الخدمت سندھ ریجن سلمان علی اور منیجر آرفن کیئر پروگرام نبیل اخترسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اسٹیج پر موجود میزبان کی جانب سے الخدمت کی زیر کفالت میٹرک کے امتحانات میں اے ون اور اے گریڈ حاصل کرنے والے بچے اور بچیوں کے نام پکارے جا رہے تھے اور شرکا کی تالیوں کی گونج میں کامیاب طلبا اسٹیج پر اپنے انعامات وصول کر رہے تھے۔ یہ دن یقیناً ان بچوں اور ان کی ماؤں کے لیے ایک یادگار دن تھا۔ زندگی کی دشواریوں اور پہاڑ جیسے مسائل کے باوجود الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذریعے ان بچوں نے کامیابی کا پہلا زینہ چڑھا تھا۔

اس موقع پر بچوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشفاق قریشی اور قادر بخش کلمتی کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں ان بچوں کی مہمان نوازی نصیب ہوئی جن کے بارے میں نبی اکرم ؐ نے ارشاد فرمایا ہے ’’یتیم کی پرورش کرنے والا اور میں جنت میں اِس طرح ہوں گے‘ راوی (مالک) نے درمیانی انگلی اور شہادت کی انگلی ملا کر اشارہ کیا۔‘‘
فن گالا میں حیدرآباد، تھرپارکر اور بدین سمیت سندھ بھر میں موجود اسٹیڈی سینٹرز‘ ہاسٹل اور آغوش ہومزکے ایک ہزار سے زائد آرفن بچے شریک ہوئے۔ مجموعی طور پر یہ ایک شاندار اور یادگار فن گالا تھا۔ بچوں نے خوب انجوائے کیا اور خوشگوار یادیں لیے گھروں کو روانہ ہوئے۔

حصہ