گھر میں تنہا اور کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے کھانا پکانے کی مہلت نہ ملی۔ شدید بھوک کا احساس ہوتے ہی کھانے کی طرف نظر کی۔ ڈبے میں ایک روٹی نظر آئی تو لپک کے اٹھا لی۔ سالن کی تلاش میں اِدھر اُدھر دیکھا اور بے اختیار زبان سے نکلا ’’کچھ بھی نہیں ہے…؟‘‘
مگر یہ جملہ ادھورا ہی رہ گیا جب نظر سامنے پڑی اور اچار، جام، جیلی کی بوتل نظر آئی۔ ریک پر شہد اور سرکے، ساس کے جار دھرے تھے۔ ٹوکری میں انڈے رکھے تھے۔ گھی اور تیل بھی کاؤنٹر پر ہی تھے۔ فریج کھولا تو دودھ، مکھن، پنیر، کریم، دہی بھی موجود تھے۔ فریزر میں کباب تھے اور شاید کسی بچے قورمے یا چکن کڑھائی کی ڈش بھی تھی۔ فروزن غذا کی بھی اچھی خاصی مقدار تھی جنہیں مائیکروویو میں فوری طور پر ڈی فراسٹ کیا جا سکتا تھا۔ آئس کریم اور چاکلیٹ بھی نظر آئیں۔ ڈبے میں کئی قسم کی رنگ برنگی سبزیاں بہار دکھا رہی تھیں۔ آلو بھی ابالے یا تلے جا سکتے تھے۔ اناج کے حصے میں دلیہ اورکئی طرح کی دالیں موجود تھیں جو ذرا سی محنت سے پک سکتی تھیں۔
لمحہ بھر میں سب کچھ جائزہ لے لیا اور جملہ پورے ہونے سے پہلے ہی آنسو گالوں پر بہہ نکلے۔ میرے محمدؐ نے کبھی دو دن لگاتار گیہوں کی روٹی نہ کھائی اور ہم اتنا سب کچھ ہوتے ہوئے بھی ذرا سی کمی ہو تو کہہ بیٹھیں کہ کچھ بھی نہیں ہے؟ کیا ہمیں کچھ نہ ہونے کا درست ادراک ہے؟ دنیا کے بہترین اناج گیہوں کو کچھ نہ گردانیں؟ بچے کھانا دیکھتے ہی کہہ اٹھتے ہیں ’’کیا یہی پکا ہے؟ مجھے نہیں کھانا۔کچھ اور نہیں ہے…؟‘‘
مرد حضرات بھی زیادہ تر یہی جملہ کہتے نظر آتے ہیں ’’چلو یہی کھا لیتے ہیں شکر کرکے‘‘۔ اور جس عمدہ کھانے کو معیار سے کم سمجھتے ہوئے زبردستی کھا رہے ہوتے ہیں وہ شاید میرے آقاؐ کی کئی مہینوں کی غذا کے برابر ہو۔ وہاں تو کئی کئی دن تک چولہا نہیں جلتا تھا… میں آگے نہ سوچ سکی اور آنسوؤں کو پیتے ہوئے وہ روٹی رغبت سے کھالی۔