گڈاپ میں الخدمت ماڈل ویلیج کا افتتاح

388

2022میں سیلاب آیا تو وہ بہت سے لوگوں کی زندگیوں کو ڈبو گیا ،گھر بار ریت مانند پانی میں بہہ گئے۔ ان لوگوں کے لیے ہر طرف مایوسی اور آزمائش تھی۔ زرخیز زمینیں بنجر ہو گئیں،جن کے اچھے خاصے گھر بار تھے وہ بھی کھلے آسمان تلے سڑکوں پر آگئے تھے۔ کراچی سے خیبر تک کہیں سیلاب نے لوگوں کو آلیا ،کہیںطوفانی بارشوں نے متاثر کیے بغیر نہیں چھوڑا ۔ کراچی کے علاقے گڈاپ میں بھی گوٹھ میں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں کو طوفانی بارشوں نے بری طرح متاثر کیا۔ لوگوں کے کچے گھر بہہ گئے ۔ مال مویشیوںکو نقصان پہنچا ۔ الخدمت کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے سب سے پہلے انہیں ریسکیوکیا،پھر انہیں خیمے ،کھانا اور پینے کا پانی ،راشن ودیگر ضروری سامان پہنچایا ۔ انہیں رہنے کے لیے مقامی لحاظ سے ہٹ نما گھر بنا کر دیئے گئے۔ اس کے بعد الخدمت نے وہاں ان متاثرین کو پکے گھر تعمیر کر کے دینے کا اعلان کیا ۔

وہ وقت ان پہنچا جب ان کو پکے مکانات بنا کر دیئے گئے ۔ الخدمت نے ’’ ان متاثرین کو ماڈل ولیج بنا کر دیا ۔ ان متاثرین کے لیے اس ولیج میں ایک پارک بھی بنایا گیا جس میں میں بچوں کی تفریخ کے لیے جھولے لگائے گئے۔جہاں آج ان کے چہروں پر مسکراہٹیں ہیں ۔یہاں کے مکینوں کے لیے ایک خوبصورت مسجد تعمیر کی گئی ہے ۔ گڈاپ ٹاؤن ملیر میں واقع گوٹھ امام بخش گوندربولاری کے اس الخدمت ماڈل ولیج میں پانی کی فراہمی کے لیے وہاں دو ہنڈ پمپ نصب کیے گئے۔سولر کے ذریعے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ۔ یہاں کے لوگوں کو گھر ملے تو ان کی خوشی کا کو ئی ٹھکا نہ نہیں تھا۔ان کے چہروں پر گہرا اطمینان تھا ۔ انہوں نے الخدمت کا شکریہ ادا کیا ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم گڈاپ پہنچے توان کا والہانہ استقبا ل کیا گیا‘ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ایک قافلے کی شکل میں ماڈل ولیج لے جایا گیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ’’الخدمت ماڈل ولیج ‘‘کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ افتتاحی تقریب گوٹھ کے دامن میں واقع میدان میں منعقد کی گئی ۔تقریب میں چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ ،ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ قاضی صدر الدین، امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی و ٹاؤن چیئر مین نیو کراچی محمد یوسف، ممبر سٹی کونسل سومار برفت ،حاجی عبد الغفار گبول کے ساتھ معززین علاقہ اور گوٹھ کے مکنیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ،جس کی سعادت قاری کفایت نے حاصل کی ،نعت رسول مقبول ؐ محمد امجد نے پیش کی۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے تمام مقامی رہنما ؤں کے ذمہ داروں ،مقامی افراد ، مکینوں کے تعاون اور الخدمت کی اس کاوش پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ماڈل ولیج میں گھر حاصل کرنے والے افراد کو مبارکباد دی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گزشتہ برس بدترین سیلابی صورتحال میں اندرون سندھ سمیت جنوبی پنجاب اور کے پی کے عوام کی بلا تفریق خدمت اور مدد کی اور ہمارے ہزاروں رضا کاروں نے ریلیف کا کام کیااور لوگوں کو نہ صرف ریسکیو کیا بلکہ ان کے ریلیف کے لیے بھی مثالی کام کیے ۔الخدمت نے گڈاپ میں سیلاب متاثرین کے لیے ماڈل ولیج قائم کر دیا ہے۔ اسی طرح سہیون، دادواور کشمور سمیت دیگر علاقوں میں بھی الخدمت ماڈل ولیج بنائے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے سندھ کے متاثرہ علاقوں کا متعدد بار دورہ کیا لیکن ہمیں حکومتی امدادی سرگرمیاں اور خیمہ بستیاں کہیں نظر نہیں آئیں۔ یہاں تک کہ سہون اور دادو میں بھی کچھ نہیں نظر آیا ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے ماڈل ولیج تعمیر کر کے اپنا فرض پورا کیا ۔ ہم اپنا فرض ادا کرتے رہیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ متاثرین اپنے پیروں پر کھڑے ہو ں۔ الخدمت نے ہمیشہ بلا تفریق اور بلا امتیاز رنگ و نسل اور زبان لوگوں کی خدمت کی ہے۔سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان نے اپنے دور میں گڈاپ ٹاؤن میں بھی اسکول اور پارکس بنوائے۔ یہ ماڈل ویلیج پرامن اورمثالی ولیج ہو گا۔یہاں تعلیم دی جائے گی ۔یہاں کے بزرگ جھگڑوں کے حل کرنے میں مدد دیں ۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ سیلاب کے دوران حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر بڑے پیمانے پر ریلیف کا کام کیا گیا اور گڈاپ میں ڈھائی ہزار افراد کے لیے خیمہ بستیاں قائم کی گئیں۔ ان کے لیے کھانے پینے کا انتظام کیا گیا۔ الخدمت کی ٹیم حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں یہاں کام کررہی ہے ۔ ان شااللہ خدمت کا یہ عمل جاری رہے گا ۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت سات شعبہ جات میں عوام کی خدمت کر رہی ہے ۔الخدمت ملک بھر میں ہزاروں بچوں کی گھر وں پر کفالت کررہی ہے ،صحت کے میدان میں لوگوں کو اپنے اسپتالوں ،میڈیکل سینٹرز اور ڈائیگنوسٹک سینٹرز کے ذریعے صحت کی معیار ی سہولتیں پہنچا رہی ہے ۔ تعلیم کے میدان میں مدارس اور اسکولز خدمت میں مصروف ہیں ۔ اس کے تحت بلاسود چھوٹے قرضے دیے جاتے ہیں ۔شعبہ کمیونٹی سروسز کے ذریعے لوگوں تک راشن ،قربانی کا گوشت پہنچایا جائے ،اسپرے کرنا الخدمت کے اس شعبے کے کام ہیں ۔گڈاپ میں الخدمت کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے متاثرین سیلاب کے لیے ’’ماڈل ولیج ‘‘تعمیر کیا ہے۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی الخدمت نے سیلاب سے متاثرہ بے گھر خاندانوں کو گھر تعمیر کر کے دیئے ہیں ۔گڈاپ میں سیلاب کے دوران سب سے پہلے الخدمت کے رضاکاروں نے ریلیف آپریشن کیا۔ الخدمت نے سیلاب متاثرین کے لیے92 خیمہ بستیاں قائم کیں۔ کھانے کا انتظام کیا اور میڈیکل کی سہولت پہنچائی۔ نوید علی بیگ نے مینجر ڈیزاسٹر منیجمنٹ سرفراز شیخ ،مغیرہ ابراہیم ،فیصل حسین اور اویس بیگ کو خراج تے تحسین پیش کیا جنہوں نے ماڈل ولیج کی تعمیر میں اپنی پھرپور خدمات انجام دیں۔

قاضی سید صدر الدین نے کہا کہ ماڈل ولیج کو بہترین طرز تعمیر کے ساتھ بنایا گیا ،جس کے لیے کچن اور باتھ روم کمروں سے الگ ہیں ۔ماضی میں الخدمت نے سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دیئے ۔ سولر کے ذریعے پانی کی فراہمی کو ممکن بنانا ۔یہاں پانی کی فراہمی کے لیے ہینڈ پمپس بھی نصب کیے ہیں ۔

سومار برفت نے کہا کہ ہم الخدمت کے شکر گزار ہیں کہ سیلاب متاثرین کے رہنے کے لیے گھر بنوائے۔ سیلاب سے متاثرہ خاندان نئے گھروں میں منتقل ہوگئے ہیں اور بہت خوش ہیں۔ الخدمت نے پسماندہ علاقے میں میڈیکل کی سہولیات بھی فراہم کیں۔ خدمت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔

تقریب میں تمام 23مکان مالکان میں ملکیتی اسناد تقسیم کی گئیں ۔سٹی کونسل کے رکن سومار برفت نے حافظ نعیم الرحمن، نوید علی بیگ، راشد قریشی، زاہد عسکری، قاضی صدر الدین،حاجی عبد الغفار گبول اورالیکٹرانک میڈیا کے رپورٹرز کواجرک کا تحائف پیش کیے گئے ۔ سومار برفت کو اجرک اور قرآن کریم کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر حافظ نعیم الرحمن کو ’’الخدمت ماڈل ولیج ‘‘کا دورہ کروایا گیا ، وہ وہاں مکینوں سے بھی ملے اور بچوں کے ساتھ گھل مل گئے۔

حصہ