کراچی پریس کلب کےتحت وائلڈ وینچر پارک میں پکنک کا اہتمام

416

یہ تفریح، ہنسی اور سکون سے بھرپوردن تھا

کراچی پریس کلب صحافیوں اور صحافت کے کارکنوں کے لیے مرکزی اہمیت کا حامل ہے، اور وطنِ عزیز میں جمہوریت اور منصفانہ صحافت کو فروغ دینے میں اس کا اہم کردار ہے۔ گزشتہ دنوں کراچی پریس کلب نے اپنے اراکین اور ان کے اہلِ خانہ کو اکٹھا کرنے کے لیے وائلڈ وینچر پارک میں پکنک کا اہتمام کیا۔ یہ اراکین کے لیے اپنی بے پناہ صحافتی مصروفیات میں سے وقت نکال کر تفریح اور ذہنی سکون کا بہترین موقع بنا۔ بڑی تعداد میں لوگوں کے لیے پکنک کا اہتمام کرنا ایک مشکل اور دشوار گزار مرحلہ ہوتا ہے۔ تاہم بہترین منصوبہ بندی اور تیاری کے ساتھ کراچی پریس کلب کی منتخب باڈی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو ایک اچھا اور پُرسکون ماحول مل سکے۔ کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد کے مطابق پکنک کی تیاریاں تقریباً ایک ماہ سے جاری تھیں، صدر سعید سربازی اور انچارج پکنک آرگنائزنگ کمیٹی محمد اسلم خان کی قیادت میں وائلڈ وینچر واٹر پارک کے دو دورے کیے گئے اور پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔ پکنک کی کامیابی کے لیے گورننگ باڈی کے اجلاس، کمیٹیوں کی میٹنگز اور کمیٹی انچارجز کے ساتھ صدرِ محترم کی کئی کئی گھنٹے مشاورت ہوتی رہی۔ یہ واضح تھا کہ اسے کامیاب بنانے کے لیے بہت کوششیں کی گئی تھیں۔

پکنک کے انعقاد کا پہلا قدم مناسب جگہ کا انتخاب ہے۔ وائلڈ وینچر پارک بہترین انتخاب تھا کیوں کہ یہ بڑوں اور بچوں دونوں کے لیے بڑے پیمانے پر تفریحی سرگرمیاں اور سہولیات فراہم کرتا ہے۔ یہ پارک کراچی کے مضافات گڈاپ میں واقع ہے اور سرسبز و شاداب درختوں سے گھرا ہوا ہے، جو اسے پکنک کے لیے بہترین جگہ بناتے ہیں۔

پکنک کے مقام کا فیصلہ ہوجانے کے بعد اگلا مرحلہ مہمانوں کی فہرست بنانا تھا۔ یہ مرحلہ کراچی پریس کلب کے تمام اراکین اور ان کے اہلِ خانہ کو دعوت نامے بھیج کر طے کیا گیا۔ تاریخ، وقت، مقام اور اس دن کے لیے مخصوص ہدایات اور تفصیلات پہلے سے بتادی گئی تھیں۔ تقریب کا آغاز کراچی پریس کلب کی آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے پُرتپاک استقبال سے ہوا۔ انہوں نے ایک رجسٹریشن ڈیسک قائم کیا ہوا تھا جہاں سے اراکین چیک ان کرسکتے تھے۔ وائلڈ وینچر پارک میں منعقد پکنک اور یہ دن تفریح، ہنسی اور سکون سے بھرا ہوا تھا۔

اس موقع پر بچوں اور بڑوں نے واٹر پارک میں بھرپور تفریحی سرگرمیاں کیں۔ نوجوانوں نے پانی میں چھلانگیں لگائیں اور ٹھنڈک کے مزے لیے۔ کوئی تیراکی کے جوہر دکھاتا رہا تو کوئی لانگ سلائیڈ سے لطف اندوز ہوتا رہا۔ خواتین کے لیے الگ پول اور سلائیڈنگ موجود تھا۔

کھانا کسی بھی پکنک کا ایک لازمی حصہ ہے اور کراچی پریس کلب کے مہمانوں کے لیے صبح ناشتے میں حلوہ پوری، کچوری، چائے اور مختلف قسم کی چیزیں موجود تھیں۔ اسی طرح دوپہر میں انواع واقسام کے کھانوں سے تواضع کی گئی۔ اراکین اور ان کے اہلِ خانہ نے خوب صورت مناظر کو دیکھتے ہوئے کھانے کا لطف اٹھایا۔

اس موقع پر میڈیکل کیمپ کا خصوصی طور پر انعقاد کیا گیا۔ پکنک کے موقع پر کراچی پریس کلب کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے تھے- مختلف امور کے لیے عمل میں آنے والی کمیٹیوں نے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیے- پکنک کے دوران تمام مہمانوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری تھا، اس کے لیے سیکورٹی انچارج ثاقب صغیر نے پولیس موبائل سمیت سیکورٹی کا خوب انتظام کیا ہوا تھا۔ ایک موقع پر تیز ہوا سے ٹینٹ پھٹے اور رسیاں ٹوٹ گئیں، لیکن اس کے باوجود کفیل الدین فیضان اور ان کی کمیٹی کے حوصلے بلند رہے اور انہوں نے بہترین حکمت عملی سے جلد سب سنبھال لیا۔ اس دوران ٹرانسپورٹ کے نگراں قاسم خان اور ثاقب صغیر کے ہاتھ میں چوٹ بھی لگی، لیکن یہ لوگ آخری وقت تک پکنک کے انتظامات دیکھتے رہے۔ فوری طبی امداد کے لیے میڈیکل کیمپ اور ایمبولنس کی سہولت بھی موجود تھی جس کے انچارج طفیل احمد تھے۔

پکنک میں شریک صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ نے وائلڈ وینچر پارک میں تفریح سے بھرپور دن گزارا اور بہترین انتظامات کرنے پر کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔ صحافیوں نے کہا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں ان کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح ہیں۔ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے باعث وہ اکثر ایسی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہوسکتے، کراچی پریس کلب نے انہیں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ اس پروگرام میں شریک کرکے قیمتی لمحات مہیا کیے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ اپنے اراکین کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد ہمارا خاصہ رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اراکین کو تفریحی سرگرمیاں میسر آئیں تاکہ وہ تازہ دم ہوکر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے پکنک کے انتظامات کے لیے قائم کی گئی کمیٹیوں کے ارکان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کمیٹیوں نے انتہائی دل جمعی کے ساتھ اپنی ذمے داریاں ادا کیں اور تمام امور انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام پائے، آج اپنے اراکین اور ان کے اہلِ خانہ کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے، کراچی پریس کلب کی جانب سے آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

وائلڈ وینچر پارک کے مالک قادر بخش کلمتی اور ان کے صاحبزادے شاہ میر کلمتی نے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد سمیت گورننگ باڈی کے ارکان کو اجرک کا تحفہ پیش کیا، جب کہ پریس کلب کی جانب سے قادر بخش کلمتی اور دیگر کو شیلڈ پیش کی گئیں۔ اس موقع پر قادر بخش کلمتی اور ان کے صاحبزادے شاہ میر کلمتی نے کہا کہ ہم کراچی پریس کلب کے اراکین اور ان کے اہلِ خانہ کو وائلڈ وینچر واٹر پارک میں خوش آمدید کہتے ہیں، یہ ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ملک کے سب سے بڑے پریس کلب کے اراکین نے ہمارے پارک کو رونق بخشی، صحافی اس ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کی میزبانی ہمارے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ قادر بخش کلمتی نے کہا کہ وائلڈ وینچر واٹر پارک نہ صرف لوگوں کو معیاری تفریح فراہم کرے گا بلکہ کراچی کا امیج بھی بہتر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرمایہ کاری کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کا نام بلند ہو۔

اس اہم پروگرام کو کامیاب کرنے میں دیگر لوگوں کے ساتھ انتظامی کمیٹی کے محمد اسلم خان، فوڈ کمیٹی کے کفیل الدین فیضان، ٹرانسپورٹ کمیٹی کے محمد قاسم خان، سیکورٹی کمیٹی کے محمد ثاقب صغیر، پرنٹنگ کمیٹی کے منیر عقیل انصاری، رجسٹریشن کمیٹی کےخلیل احمد ناصر، نظم و ضبط کمیٹی کے مشتاق سہیل، خواتین کمیٹی کی کلثوم جہاں، میڈیکل ایڈ کمیٹی کے طفیل احمد، گیسٹ کمیٹی کے شمس کیریو، کے پی سی کیمپ کمیٹی کےذوالفقار واوھچو اور واٹر پمپ کیمپ کمیٹی کے فاروق سمیع سمیت تمام اراکین نے اپنا مثالی کردار ادا کیا۔

کراچی پریس کلب کی جانب سے وائلڈ وینچر پارک میں پکنک کا انعقاد اراکین اور ان کے خاندانوں کو تفریح کے لیے اکٹھا کرنے کا قابلِ ستائش پروگرام تھا۔ پہلے سے اچھی منصوبہ بندی اور تیاری اور بہترین انتظام نے اسے مزید خوب صورت بنا دیا تھا۔ کراچی پریس کلب کی موجودہ باڈی کو اتنی شاندار تقریب منعقد کرنے پر سراہا جانا چاہیے اور یقیناً ہم صحافی یہ دیکھنے کے منتظر ہیں کہ وہ مستقبل میں ہمارے لیے مزید کیا کیاپروگرام بناتے ہیں۔

حصہ