الخدمت کے تحت سینٹرل جیل کراچی کے قیدی طلبہ میں تقسیم اسناد کی تقریب

410

اب قیدی بھی بنیں گے ہنر مند

الخدمت کراچی جہاں زندگی کے 7 شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہی ہے، وہیں شعبہ کمیونٹی سروسز کے تحت جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔گزشتہ دودہائی سے جیلوں میں الخدمت کی خدمت کا عمل جاری ہے۔ الخدمت جیلوں میں جہاں صاف پانی کی فراہم کر رہی ہے وہیں ایسے بہت سے قیدی جو اپنی سزائیں پوری کر چکے ہیں مگر جرمانے کی رقم نہ ہونے کے باعث رہائی سے محروم ہیں ’’گردن چھڑائی‘‘ پروجیکٹ کے تحت ان کے جرمانہ کی رقم ادا کر کے انہیںرہائی دلا چکی ہے اس کے علاوہ تعلیم کے خواہش مند قیدیوں کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کر رہی ہے۔ متعدد قیدیوں کی دیت کی رقم ادا کرکے ان کی زندگیوںمیں خوشیوں کا پیام لا چکی ہے۔ بہت سے غیر ملکی قیدیوں کو رہا کروا کے انہیں اپنے ملک جانے کے لیے سفری اخراجات بھی فراہم کر چکی ہے، جبکہ جیل میں میڈیکل کیمپس لگا کر صحت کی سہولتیں پہنچانے میں بھی پیش پیش رہتی ہے۔

الخدمت قدیوں کی فلاح وبہبود کے لیے یہ سب کام تو کر ہی رہی ہے مگر قیدیوں کو آئی ٹی کے شعبے میں ہنرمند بنانا‘ انہیں چائینز اور انگلش لینگویج کے کورسز کرانا ایک منفرد اور گراں قدر کام ہے ۔ الخدمت نے دو دہائی قبل جیلوں میں اپنی خدمات کا آغاز کیا اور الخدمت کمپیوٹر ٹریننگ اینڈ انگلش لینگویج سینٹرقائم کیا۔ سینٹرل جیل میںقائم کیے گئے کمپیوٹر لیب کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کا انتظام منظم انداز میں کیا گیا ہے اور اس لیب کا انتظام ان قیدیوں کے ہا تھ میں ہے جو پڑھے لکھے ہیں اور اسی لیب سے وہ کمپیو ٹر کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ کمپیوٹر اینڈ لینگویج سینٹر میں قیدیوں کے داخلے کے لیے تعلیم کی کوئی قید نہیں، یہاں داخلہ لینے والے قیدی کا ایک معمولی سا ٹیسٹ لیا جاتا ہے،جس سے یہ اندازہ کیا جاتا ہے کہ قیدی میں سیکھنے کی کتنی صلاحیت ہے؟ اور اسے کمپیوٹر کی تعلیم کا آغاز کس مرحلے سے کروایا جائے۔ اس کے بعد داخلہ دیا جا تا ہے۔کمپیوٹر لیب میں کلاسز کا آغاز صبح 9 بجے کیا جاتا ہے جو کہ بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران روزانہ کی بنیاد پر ایک ایک گھنٹہ کی کلاسزکے 8 سیشن ہوتے ہیں۔

ابتدائی طور پر یہاں داخلہ لینے والوں کوکمپیوٹرکا تعارف پیش کیا جاتا ہے‘ اس کے بعد انہیں بنیادی کورس جن میں ہارڈ ویئر، سافٹ ویئر اور ٹائپنگ شامل ہیں‘ کرایا جاتا ہے۔ قیدیوں کو 3 سے 6 ماہ کا سی آئی ایس ( سی آئی ایس ) ڈپلومہ کورس بھی کروایا جاتا ہے جب کہ سرٹیفکیٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (CIT ) کا بھی کورس کروایا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے سینٹرل جیل کراچی میں الخدمت کمپیوٹر اینڈ لینگویج سینٹرکے تحت آئی ٹی کے بیک وقت کئی اہم کورسز کرائے جا رہے ہیں۔ الخدمت قیدیوں کو چائنیز لینگویج کورسز بھی کروا رہی ہے جو ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی جیل میں شروع کیے گئے ہیں ۔

الخدمت کمپیوٹر ٹریننگ اینڈ انگلش لینگویج سینٹر کا سب سے پہلے فاران کلب،اس کے بعد اسکل ڈویلپمنٹ کونسل (SDC) سے الحاق رہا۔ اب یہ الحاق سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے ساتھ ہے۔ یاد رہے کورسز مکمل کرنے والے قیدیوں کی سزاؤں میں 6 سے 10ماہ کی کمی بھی کی جاتی ہے۔

الخدمت کمپیوٹر اینڈ لینگویج سینٹر میں اب تک 3 ہزار سے زائد قیدی رجسٹرڈ ہوچکے ہیں اور ہر سال ساڑھے تین سو لوگ رجسٹرڈ کیے جاتے ہیں۔

کراچی جیل حکام کی جانب سے جیل میں قائم الخدمت کمپیوٹر اینڈ لینگویج سینٹر کی مکمل سرپرستی ونگر انی کی جاتی ہے اسی لیے اکثر و پیشتر جیل سپرنٹنڈنٹ، ڈی ایس پیز جیل یہاں کا دورہ کرتے ہیں۔ الخدمت نے ان قیدیوں کے لیے گرافکس ڈیزائننگ،چائنیز لینگویج، سی آئی ٹی،ا نگلش لینگویج اور سی آئی ایس کورسز کے امتحانات کا اہتمام کیا ہے جن میں 137 قیدی طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔ گزشتہ دنوں ان کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کرنے کے لیے کراچی سینٹرل جیل میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی آئی جی جیل خانہ جات سید انور مصطفی تھے ۔ تقریب میں الخدمت کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر راشد قریشی، ڈی آئی جی جیل خانہ جات محمد حسین سہتو، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین، منظر عالم اور جیل انتظامیہ کے افراد موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ یہ الخدمت کا بہت بڑا کام ہے کہ وہ جیلوں میں بھی کام کر رہی ہے۔ الخدمت قیدیوں کو انگلش و چائنیز لینگویج اور کمپیوٹر کورسز کے ذریعے معاشرے کا فعال شہری بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیدی یہاں سے جانے کے بعد اپنی زندگی کی شروعات کارآمد شہری کے طور پر کرسکیں گے۔ انہوں نے قیدیوں میں پائی جانے والی علم کی لگن اورمحنت کو سراہتے ہوئے انہیں مبارک باد دی۔

راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت جیلوں میں بھی قیدیوں کی خدمت کے لیے کام کر رہی ہے۔ یہ ایک اچھا عمل ہے جس کے ذریعے قیدیوں میں جرائم سے نفرت اور زندگی میں کچھ کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔بہت سے قیدی پڑھے لکھے ہوتے ہیں ،مگر وہ جیل میں کچھ کر نہیں سکتے ،ان میں پڑھنے لکھنے اور ہنر سیکھنے کی لگن ہوتی ہے ،ایسے قیدیوں کے لیے الخدمت کی یہ کمپیوٹر لیب انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔

الخدمت کے شعبہ کمیونٹی سروسز کے ڈائریکٹر قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ جیل انتظامیہ کے تعاون کے مشکور ہیں کہ جن کے اشتراک سے یہ اچھا اور بڑاکام کیا جار ہا ہے‘ الحمدللہ الخدمت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کراچی سینٹرل جیل میںچائنیز لینگویج کورس کروارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل سے مختلف کورس کرنے والے قیدی نہ صرف یہ کہ ہنرحاصل کریں گے بلکہ ان کی سزا میں بھی کمی ہوگی۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات محمد حسین سہتو نے کہا کہ الخدمت کا جیل میں کام قابل قدر ہے۔ اللہ نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم قیدیوں کو سیدھے راستے پر چلنے کی تلقین کریں۔

تقریب میں اسناد حاصل کرنے والے قیدیوں کی آنکھوں میں بہتر اور روشن مستقبل کی امید نظر آتی تھی اور وہ پُرامید تھے کہ جیل کی زندگی سے نجات پانے کے بعد اپنے خاندان اور معاشرے کا کارآمدشہری بنیں گے ۔

حصہ