ایک آدمی کو کھٹملوں نے رات بھر سونے نہیں دیا۔ یہ شخص بے قرار ہوکر خدا سے دعا مانگنے لگا کہ: ’’اے خدا اس عذاب کو دفع کر‘‘۔کھٹمل کب دعا کو مانتے تھے! کاٹتے کاٹتے سُجا دیا۔ تب یہ پاجی (کھٹملوں پر تو زور نہ چلا) لگا خدا سے کہنے کہ: ’’اے خدا تُو نے اس ذرا سے کام میں میری مدد نہ کی تُو بڑے کاموں میں کیا میری مدد کرے گا‘‘۔جواب ملا کہ: ’’ہاں او بے ایمان! جب تُو چھوٹی چھوٹی باتوں میں بے قرار ہوکر مجھ کو بلاتا ہے اور اپنا ہاتھ نہیں ہلانا چاہتا تو بڑے کاموں میں بھی تیری فریاد نہیں سنی جائے گی۔ تجھ کو اتنی قدرت حاصل ہے کہ کھٹملوں کو دفع کرے، اور تو اس قدرت کو کام میں نہیں لاتا‘‘۔حاصل: چھوٹی سی تکلیف کا تحمل نہ کرنا اور بے قرار ہوکر فریاد مچانا بڑی بے صبری کی بات ہے۔
(”منتخب الحکایات“۔نذیر احمد دہلوی)