اچانک اٹھنے پر سر چکرانے کیوں لگتا ہے؟

420

یہ بہت عام مسئلہ ہے جس کا سامنا کسی بھی عمر کے فرد کو ہوسکتا ہے، اس کو طبی زبان میں ’’آرتھوسٹیٹک ہائپوٹینشن‘‘ کہا جاتا ہے۔ اکثر ایسا ہونے پر سر چکرانے کے ساتھ ساتھ بینائی دھندلی ہوجاتی ہے، جب کہ الجھن بھی محسوس ہوسکتی ہے، کئی بار تو لوگ بے ہوش بھی ہوجاتے ہیں۔ اس کی وجوہات:
پانی کی کمی:
بیشتر افراد کو اس مسئلے کا سامنا اُس وقت ہوتا ہے جب جسم میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے۔ جب آپ ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوتے ہیں تو جسم کے لیے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا ہے اور بیٹھ کر اٹھنے کے بعد سر چکرانے لگتا ہے۔
بہت تیزی سے اٹھنا:
اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ جسمانی پوزیشن کے مطابق بلڈ پریشر بدلتا رہتا ہے تاکہ توازن برقرار رہ سکے۔
جب جسم کسی مخصوص پوزیشن سے مطابقت پیدا کرلے اور اچانک اسے بدل دیا جائے تو یہ جسمانی نظام کے لیے ایک دھچکے کا کام کرتا ہے، اور کچھ لمحات کے لیے دماغ کو خون کی کمی کا سامنا ہوتا ہے۔
مخصوص ادویہ:
مخصوص ادویہ کے استعمال سے بھی اٹھنے پر بلڈ پریشر کی سطح میں تبدیلی آسکتی ہے جس سے سر چکرانے لگتا ہے۔ بلڈ پریشر کے لیے استعمال کی جانے والی ادویہ سے یہ امکان بڑھتا ہے۔
بچاؤ کیسے ممکن ہے؟
اس کے لیے آرام سے اٹھیں، جب بیٹھے ہوں تو زیادہ دیر تک ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر مت بیٹھیں، ایک جگہ ساکت بیٹھنے سے گریز کریں، ٹانگوں کو حرکت دیتے رہیں تاکہ خون کا بہاؤ برقرار رہے۔

حصہ