آئرن جسم کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے جو غذا کے ذریعے جسم کو حاصل ہوتا ہے اور روزانہ اس کی 18 ملی گرام مقدار درکار ہوتی ہے، اچھی بات یہ ہے کہ ایسی غذائیں موجود ہیں جو روزانہ درکار آئرن کی مقدار فراہم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
پالک: پالک میں کیلوریز کی مقدار کم جب کہ صحت کے لیے فوائد بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ سو گرام پالک میں 2.7 ملی گرام آئرن موجود ہوتا ہے جو روزانہ درکار مقدار کا 15 فیصد حصہ ہے۔
کلیجی اور گردے: کلیجی‘ مغز‘ دل اور گردے بہت زیادہ غذائیت کے حامل ہوتے ہیں اور ان میں آئرن کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ گائے کی سو گرام کلیجی میں 6.5 ملی گرام آئرن موجود ہوتا ہے جو روزانہ درکار مقدار کا 36 فیصد حصہ ہے۔
دالیں: دالیں غذائی اجزا سے بھرپور ہوتی ہیں خصوصاً آئرن کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں۔ ایک پلیٹ دال میں آئرن کی مقدار 6.6 ملی گرام ہوتی ہے۔ کالے چنے اور لوبیا سے بھی آئرن حاصل کیا جاسکتا ہے۔ آدھا کپ کالے چنوں میں 1.6 ملی گرام آئرن ہوتا ہے۔
مچھلی: مچھلی کی مختلف اقسام میں آئرن کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور اس میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
کشمش: کشمش بھی آئرن سے بھرپور میوہ ہے‘ جسے آسانی سے دلیہ‘ دہی یا کسی بھی میٹھی چیز میں شامل کرکے کھایا جاسکا ہے، بلکہ ویسے کھانا بھی منہ کا ذائقہ بہتر کرتا ہے، تاہم ذیابیطس کے شکار افراد کو یہ میوہ زیادہ کھانے سے گریز کرنا چاہیے یا ڈاکٹر کے مشورے سے ہی استعمال کریں۔
کھجور: کھجور، بے وقت کھانے کی لت پر قابو پانے میں مدد دینے والا مؤثر ذریعہ ہے، جب کہ یہ آئرن کی سطح بھی بڑھاتی ہے، اس کے حوالے سے بھی ذیابیطس کے مریضوں کو احتیاط کی ضرورت ہے۔